وزن بڑھانا
جس نوجوان کا وزن اپنی عمر اور قد کے حساب سے کم ہو، مغز بادام شیریں دس عدد، کشمش سبز دو تولے رات کو تازہ پانی میں بھگودیا کریں۔ صبح بادام چھیل کر کشمش کے ساتھ چبا کر کھالیں اور ایک گلاس دودھ پی لیا کریں۔ یہ عمل دو ماہ تک مسلسل کیا جائے۔ وزن بڑھ جائے گا اور صحت اچھی ہوگی۔
دماغی طاقت
جو لوگ دماغی کام کرتے ہیں، مثلاً لکھتے پڑھتے ہیں، ادیب و صحافی ہیں یا مالیاتی اداروں میں اکاؤنٹس کا کام کرتے ہیں، عموماً دیکھا گیا ہے کہ لکھنے کے بعد یا ڈیوٹی ختم ہونے پر جب اٹھنے لگتے ہیں تو سر میں چکر آتے ہیں، آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا جاتا ہے اور کسی چیز کا سہارا لے کر اٹھتے ہیں جس کی وجہ دماغی کام کی کثرت سے دماغی کمزوری ہوتی ہے۔ ایسے لوگ روزانہ دس عدد مغز بادام شیریں خوب چباکر کھا لیا کریں۔
گلے میں بلغم
بہت سے لوگ گلے میں بلغم کی شکایت کرتے ہیں اور دن بھر کھنکار کر گلا صاف کرتے رہتے ہیں۔ اس کو نزلہ گرنا کہتے ہیں۔ ایسے حضرات روزانہ صبح نہار منہ بادام پانچ عدد، کالی مرچ تین عد دکے ساتھ خوب چبا کر کھالیا کریں۔ جو لوگ یہ عمل اوائلِ عمر سے معمول بنالیتے ہیں، وہ دماغی و اعصابی کمزوری سے محفوظ رہتے ہیں اور انہیں بلغمی امراض اور نظر کی کمزوری نہیں ہوتی۔
خشک کھانسی اور گلے کی خراش
خشک کھانسی اور گلے کی خراش والے حضرات بادام کو نمک لگاکر خوب چبا کر کھائیں تو فائدہ ہوتا ہے۔
اخروٹ، غذائیت کا خزانہ
سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی خشک میوہ جات کا استعمال شروع ہوجاتا ہے۔ یہ میوہ جات قوتِ بخش غذا کے طور پر استعمال کیے جاتے ہیں۔ ان سے جسم میں طاقت اور حرارت کا احساس ہوتا ہے اور موسمِ سرما کی سردی کا مقابلہ کیا جاتاہے۔ ایسے ہی خشک میوہ جات میں اخروٹ بھی ہے، جس کا مغز بڑے شوق سے استعمال ہوتا ہے، جو بہت توانائی بخش اور مفید ہے۔ اخروٹ موسم سرما میں استعمال ہونے والے خشک میوہ جات میں اپنی غذائی افادیت کے لحاظ سے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ سرد برفانی علاقوں کے لوگ موسم کی شدتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اس کا بکثرت استعمال کرتے ہیں۔
چہرے کی جھائیاں
اخروٹ کا مغز جو پرانا ہوجائے، چبا کر خراب زخموں اور ناسور پر لگانا مفید ہے۔ تازہ مغز اخروٹ کا لیپ لگانے سے چہرے کی جھائیوں میں فائدہ ہوتا ہے۔ مغز اخروٹ اپنی گرم تاثیر کے سبب سرد امراض میں مفید ہے، یہی وجہ ہے کہ شدید سردی سے ہونے والے امراض وجع المفاصل (جوڑوں کا درد) اور فالج و لقوہ میں مغز اخروٹ اور زیرہ سیاہ برابر وزن میں پیس کر شہد ملا کر جسم پر مالش کریں اور پھر چت لٹا کر لحاف اوڑھا دیں،یہاں تک کہ پسینہ آجائے۔ پھر جسم کو خشک کرکے سرد ہوا سے بچا کر اسے الگ کمرے میں رہنے کی تاکید کریں۔ تیز ٹھنڈا پانی نہ پینے دیں، چند دنوں میں بہتری ہوجائے گی۔
سنہرے چھاپے کے دوپٹے رکھنے کے لیے
بازار میں دوپٹے اور سوٹ سنہری چھاپے کے مختلف رنگوں میں ملتے ہیں، ان کی اچھی خاصی قیمت ہوتی ہے۔ مگر یہ جلد خراب ہوجاتے ہیں۔ ان کو سیاہی سے بچانے کے لیے ایک طریقہ ہے: خاکی لفافے میں یہ دوپٹے رکھیں، ان کا رنگ خراب نہیں ہوگا، چونکہ چھاپے کی وجہ سے نمی سی بھی رہتی ہے اور نمی میں یہ جلدی خراب ہوجاتے ہیں۔ ان پر آپ پرفیوم بھی نہ چھڑکیں نہ عطر لگائیں۔ فینائل کی گولیاں بھی نہ ڈالیں، موٹے خاکی لفافے میں تہہ کرکے رکھیں، صحیح رہیں گے۔ استری کی ضرورت بھی نہیں رہے گی۔ نمی والی جگہ نہ رکھیں۔