لذیذ پکوان

ترتیب و پیشکش: مریم جمال

ہری مرچ کا حیدرآبادی سالن

اشیاء: ہری مرچ موٹی والی ۲۵۰ گرام، املی مرضی کے مطابق،دھنیا دو کھانے کے چمچے، زیرہ، مونگ پھلی، ناریل اور رائی ایک ایک چائے کا چمچ، پسا ہوا لہسن، ادرک،نمک حسبِ پسند، تیل تلنے کے لیے دو کھانے کے چمچ۔

ترکیب: مسالہ کو خشک بھونیے اور گرائنڈنگ کرلیجیے۔ املی صاف کرکے پیسٹ بنالیں اور اس میں مسالہ ملادیں۔ مرچوں کا سر کاٹ کر بیج نکال کر نمک کے پانی میں تھوڑی دیر بھگودیں۔ اس کے بعد خشک کرکے مسالہ بھردیں اور تھوڑی دیر رکھ دیں۔ تھوڑے سے تیل میں رائی، زیرہ، کڑی پتہ (میٹھے نیم کے پتے) کا بگھار دے کر مرچ ڈال دیں۔ ہلکی آنچ پر تھوڑی دیرپکائیں۔

حیدرآبادی بیگن

اشیاء: سب مسالے وہی رہیں گے، اس کے علاوہ پیاز کو توے پر نرم کرلیں اور کلونجی، میتھی دانہ ، ہلدی ایک ایک چائے کا چمچ اور مرضی کے مطابق مرچ شامل کرلیں، تیل دو کھانے کے چمچ۔

ترکیب: درمیانہ سائز کے بیگن صاف کرکے اس میں اس طرح چار شگاف ڈالیے کہ ڈنڈی کی طرف سے جڑے رہیں۔ مسالہ بیگن کے اندر بھریے اور بگھار لگا کر پانی کا چھینٹا دے کر تھوڑی دیر ہلکی آنچ پر پکائیے تاکہ بیگن گل جائیں۔

گوشت کا اچار

اشیاء: گوشت ۵۰۰ گرام، لہسن، ادرک پسی ہوئی دو دو کھانے کے چمچ، پیاز درمیانہ سائز باریک کٹی ہوئی تین عدد، ٹماٹر ۲۵۰ گرام، باریک کٹی ہوئی ہری مرچ ۱۰۰ گرام، نمک حسبِ ذائقہ، تیل حسبِ ضرورت، مسالہ اچار ۵۰ گرام۔

ترکیب: پہلے برتن میں تیل گرم کرلیں، پھر پیاز سرخ کرکے نکال لیں اور مل کر سفوف بنالیں۔ اس تیل میں گوشت تل لیں۔ پھر پسی ہوئی ادرک، لہسن اور نمک ڈال کر گوشت کو گلا لیں۔ جب تھوڑا پانی رہ جائے تو ہری مرچوں میں شگاف لگا کر اس کے بیج نکال دیں۔ اس میں اچار کا مسالہ بھردیں۔ یہ مرچیں گوشت کے اوپر رکھ دیں اوربرتن ڈھک دیں۔ چند منٹ ہلکی آنچ میں پکائیں یہاں تک کہ مرچیں نرم ہوجائیں۔ پھر اتارلیں۔ اوپر سے ادرک، پیاز اور ہرے دھنیے سے سجادیں۔ گوشت کااچار تیار ہے۔

سیب کا جام

اشیاء: سیب دو کلو، ناشپاتی ایک کلو، چینی تین کلو، ادرک دو انچ کا ٹکڑا۔

ترکیب: سیب اور ناشپاتی کے چھلکوں سمیت چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں اور تھوڑے پانی میں ابال لیں۔ جب گل جائے تو کپڑے میں چھان لیں۔ چینی میں دو کپ پانی ڈال کر قوام بنالیں۔ جب ایک تار کی چاشنی تیار ہوجائے تو یہ پیسٹ ڈال دیں۔ اور تیز آنچ پر خوب پکائیں۔ ایک پلیٹ میں ایک بوند ڈال کر انگلی سے پھیلا کر دیکھیں۔ اگر سکڑنے لگے تو تیار ہے۔ شیشی کو پانی میں ابال لیں۔ جام کو ٹھنڈا کرکے اس میں بھرلیں اور بند کرکے رکھ لیں۔ صبح ناشتہ میں استعمال کریں۔ بہت مقوی ہوتا ہے۔

اورنج جام

اشیاء: سنترہ ایک کلو، چینی دو کلو، ایسنس چند قطرے۔

ترکیب: چھلکے سمیت سنتروں کے چار چار ٹکڑے کرلیں۔ انھیں دو کپ پانی ڈال کر ابال لیں۔ جب چھلکا گل جائے تو باہر نکال کر چھلکا گودا الگ الگ کرلیں۔ گودے کو چھان لیں۔ چینی کا قوام بناکر پیسٹ اس میں ڈالیں۔ چھلکوں کو باریک باریک کرکے آدھے چھلکے اس میں ڈال دیں۔ ٹھنڈے پانی میں ایک بوند ڈال کر دیکھیں۔ اگر پھیلے گی نہیں تو جام تیار ہے۔ صاف ابلی ہوئی بوتلوں میں بھر کر ائر ٹائٹ کردیں۔

بکری کے گوشت کا اچار

اشیاء : گوشت ۵۰۰ گرام، ادرک پسی ہوئی دو کھانے کے چمچ، لہسن پسا ہوا دو کھانے کے چمچ، پیاز باریک کٹی ہوئی تین عدد درمیانہ سائز، ٹماٹر باریک کٹا ہوا ۲۵۰ گرام، ہری مرچ ۱۰۰ گرام، مسالہ اچار ۵۰ گرام۔

ترکیب: پہلے تیل گرم کریں اور پیاز تل کر نکال لیں اور اس کا سفوف بنالیں اسی تیل میں گوشت ڈال کر بھون لیں نمک ادرک لہسن اور ٹماٹر ڈال کر ڈھک دیں تاکہ گوشت گل جائے جب تھوڑا پانی رہ جائے تو اتارلیں۔ اب مرچوں میں شگاف لگا کر اس کے بیج نکال دیں اس میں اچار مسالہ بھردیں۔ یہ مرچیں گوشت کے اوپر رکھ کر چند منٹ ہلکی آنچ میں پکائیں جب مرچیں کسی حد تک نرم پڑجائیں تو اتارلیں۔ ڈش میں نکال کر اوپر سے ادرک، پیاز ، ہرے دھنیے سے سجادیں مزیدار ڈش تیار ہے۔ (آپ مرغی اور بڑا گوشت بھی استعمال کرسکتی ہیں۔)

چٹ پٹے مسالے دار کوفتے

اشیاء قیمہ باریک پسا ہوا ۵۰۰ گرام، گھی ۲۵۰ گرام، مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، پیاز دو عدد، زیرہ ۵۰ گرام، دھنیا پاؤڈر دو چمچ، خشخاش، چنے دو چمچ، ادرک دو انچ کا پیس، لہسن پسا ہوا کھانے کا ایک چمچ، ٹماٹر دو عدد، سفید الائچی تین عدد۔

ترکیب: قیمہ کو سل پر مزید باریک پیس لیں، اس میں آدھی پیاز، آدھا لہسن، چنے ، خشخاش، ادرک پیس کر ملالیں اور ہرا مسالہ بھی شامل کرلیں۔ فرائی پین میں گھی گرم کرکے کوفتے تل کر نکال لیں ، اسی گھی میں الائچی اور پیاز سرخ کرلیں اور نکال کر پیس لیں۔ اب باقی بچے گھی میں پسا لہسن، پیاز اور سب مسالے ڈال کر دہی سے بھون لیں۔ ٹماٹر اور پیاز ڈال کر شوربہ تیار کرلیں اور کوفتے ڈال کر چند منٹ دھیمی آنچ پر پکائیں۔ اتار کر گرم مسالہ چھڑک لیں۔

میٹھے سموسے

اشیاء: ناریل پسا ہوا یا برادہ ۳ کھانے کے چمچ، چینی کھانے کے ۴ چمچ، چند سفید الائچیاں، بادام پستے کٹے ہوئے، دودھ کی بالائی دو کھانے کے چمچ، کھویا ۳ کھانے کے چمچ، تیل یا گھی تلنے کے لیے۔

ترکیب: تمام اشیاء کو آپس میں ملا کر انھیں ورقیوں میں سموسے کی شکل میں لپیٹ کر تل لیں۔ میٹھے سموسے تیار ہیں۔

کیک

اشیاء: میدہ ڈیڑھ کپ، شکر ایک کپ، انڈے تین عدد، مکھن آدھا کپ، بیکنگ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، ایسنس آدھا چمچ۔

ترکیب: انڈے خوب پھینٹ لیں، مکھن اور شکر ملا کر دوبارہ ہلکار ہونے تک پھینٹیں۔ بیکنگ پاؤڈر اور میدہ ملا کر چھان لیں، اب اس محلول میں، مکھن اور تھوڑا تھوڑا میدہ ڈال کر پھینٹتی جائیں، پھر ایسنس ڈال کر خوب ملالیں۔ کوکر کی ٹرے میں مکھن مل کر کھول کر اس میں ڈال دیں۔ کوکر کی سیٹی الگ کرلیں کوکر میں ٹرے رکھ کر ہلکی آنچ پر ۴۵ منٹ پکائیں۔ ٹھنڈا ہونے پر کیک نکال لیں۔ (اگر آپ کے کوکر کی ٹرے نہیں ہے تو کوئی برتن جو کوکر میں آجائے نیچے جالی رکھ کر اس کے اوپر کیک والا برتن رکھ سکتی ہیں۔)

پین کیک

اشیاء: چار انڈے، پانی ایک پیالی، دودھ ایک پیالی، میدہ ایک پیالی، ایک چمچ گھی یا تیل، ایک چٹکی نمک۔

ترکیب: انڈے خوب پھینٹیں، اب اس میں دودھ پھر میدہ ڈالیں۔ ایک پیالی پانی ڈال کر خوب مکس کریں۔ گھی اور نمک ملا کر پندرہ منٹ کے لیے رکھ دیں۔ فرائی پین میں گھی گرم کرلیں اور اس محلول کو ڈال کر اچھی طرح پھیلادیں۔ پک جانے پر پلٹ دیں۔ تیار ہونے پر اتارلیں۔ حسبِ پسند پیس کاٹ لیں۔ مزیدار کیک تیار ہے۔

آلو کا زردہ

اشیاء: شکر آدھا کلو، گھی حسبِ ضرورت، رنگ حسبِ ضرورت، کشمش چند دانے، بادام ، الائچی چند دانے، آلو آدھا کلو۔

ترکیب: پہلے آلو کو چھیل کر کدوکش کرلیں۔ پھر رنگ ڈال کر آلو ابال لیں۔ بہت گلنے نہ پائیں۔ اب شکر کا قوام بناکر اس میں آلو ڈال دیں۔ گھی پکار کر اس میں الائچی، کشمش، بادام، وغیرہ آلو میں ڈال کر دم پر لگادیں۔ لیجیے آلو کا زردہ تیار ہے۔

انڈے کی بوندیاں

اشیاء: انڈے کی زردی چھ عدد، شکر ڈھائی کلو۔

ترکیب: تھوڑا پانی ملا کر کھلے برتن میں آنچ پر چڑھا دیں۔ جب شکر اچھی طرح گل جائے شیرہ پتلا رہنے دیں۔ اب کپڑے میں ایک باریک سوراخ کرلیں یا چھلنی میں تھوڑی تھوڑی زردی لے کر تل کر شیرہ میں ڈال دیں۔ تھوڑی دیر بعد تیار ہوجائیں گی، پھر نوش کیجیے۔

ایرانی سموسے

اشیاء: میدہ آدھا کلو، دہی کھٹا ایک پاؤ، پالک ایک پاؤ، چنے کی دال ایک چھٹانک، نمک سرخ مرچ پسی ہوئی حسبِ ذائقہ، خشک پودینہ حسبِ خواہش، چاٹ مسالہ چائے کا ایک چمچہ، گھی تلنے کے لیے۔

ترکیب: میدہ نمک اور دہی ڈال کر گوندھ لیں۔ چنے کی دال حسبِ ذائقہ نمک مرچ ڈال کر گلالیں۔ قیمہ میں نمک مرچ ڈال کر بھون لیں۔ پالک کاٹ کر الگ بھون لیں۔ میدہ کا پیڑا بناکر نہایت پتلی چپاتی بیل لیں۔ چپاتی کے چار ٹکڑے کرلیں۔ ایک ٹکڑے میں قیمہ، پالک، چنے کی دال تھوڑی تھوڑی رکھیں۔ اور چاٹ مسالہ چھڑکیں۔ اس پر دوسرا ٹکڑا رکھ کر ہاتھ سے کونے دبائیں۔ گھی گرم کرکے ایک ایک کرکے ایرانی سموسے تل لیں۔ پودینے اور انار دانے کی چٹنی کے ساتھ کھائیں۔

ٹرائی کلر ڈھوکلا – اڈلی

اشیاء: سوجی ایک کپ، ابلے چاول ایک کپ، دہی ایک کپ، پسا ہوا پالک ایک چوتھائی کپ، کسی ہوئی گاجر آدھا کپ، نمک ذائقے کے مطابق، بیکنگ پاؤڈر آدھا چھوٹا چمچ، کٹی ہوئی ادرک ایک چھوٹا چمچ، کٹی ہوئی ہری مرچ ایک چھوٹا چمچ، انار کے دانے ایک بڑا چمچ۔

ترکیب: ابلے چاول پیس کر ان میں سوجی ملالیں۔ اور ضرورت کے مطابق دہی ملاکر گاڑھا گھول تیار کرلیں۔ ادرک، ہری مرچ، بیکنگ پاؤڈر اور نمک ملاکر اس کو پھینٹ لیں۔ تیار شدہ گھول کو تین حصوں میں کرلیں۔ ایک حصے میں پسا ہوا پالک اور ایک میں کسی ہوئی گاجر ملاکر پھینٹیں۔ اب تین رنگ کے گھول تیار ہیں۔ چکنائی لگا کر من چاہا نمونہ بناتے ہوئے ڈالیں اور کچھ گھول کو اڈلی کے سانچوں میں بھریں۔

مائکرو وئیو میں سو فیصد پاور پر پانچ منٹ تک اسٹیم کریں۔ ڈھوکلا اڈلی تیار ہے۔ انار کے دانوں سے سجا کر پیش کریں۔

چٹ پٹا شاہی ڈوسا

اشیاء: ابلے ہوئے چاول ۵۰ ۱گرام، کچا چوڑا ۱۰گرام، میتھی دانہ ایک چمچ، شملہ مرچ دو عدد، ذائقے کے مطابق نمک ، کاجو ۱۰۰ گرام، مکھن ۵۰ گرام، اڑد دال ۵۰ گرام، پکے چاول ۱۵ گرام، بڑی پیاز ۵ عدد، کٹی پھول گوبھی ایک کپ، تیل ۱۰۰ گرام، چاٹ مسالہ دو چمچ، ناریل آدھا۔

چٹنی کے لیے: چنے کی دال ۱۰۰ گرام، املی کا ایک گولا، اڑد دال ۲۵گرام، تیل ۵۰ ملی گرام، کالی مرچ پاؤڈر ایک چمچ، ناریل ایک عدد، گڑ دو چمچ، ذائقے کے مطابق نمک، لال مرچ دس بارہ عدد۔

ترکیب: اڑد دال، چاول اور میتھی دانہ دھوکر چار پانچ گھنٹے کے لیے پانی میں بھگو کر رکھیں پھر ا س میں پکے چاول اور چوڑا ملا کر مکسی میں باریک کرکے پیس لیں۔ اب اسے آٹھ سے دس گھنٹے کے لیے الگ رکھ دیجیے۔ بعد میں ذائقے کے مطابق نمک ملائیے، پیاز، شملہ مرچ اور بند گوبھی کو باریک کاٹ کر الگ کردیجیے۔

چٹنی: توے پر تیل گرم کرکے چنے کی دال ڈال کر بھون لیجیے۔ ایک لال مرچ ڈال کر دو منٹ اور بھون لیجیے۔ اس میں گڑ، کالی مرچ، املی اور کسا ہوا ناریل ملاکر تھوڑی دیر اور بھونیے، ٹھنڈا ہونے پر مکسی میں باریک پیس لیں۔

توے پر تیل لگا کر ایک بڑی کلچھی سے ڈوسے کے سامان کو اس پر پھیلائیں۔ ہلکا سا پک جانے پر پہلے سے تیار چٹنی تھوڑی سی لے کر اس پر پھیلا دیجیے۔ اس کے اوپر باریک باریک کٹی سبزیاں بھی پھیلا کر سب سے اوپر چاٹ مسالہ تھوڑا تھوڑا ڈال دیجیے۔ ڈوسے کو لال لال سینک لیجیے۔ اس کے بعد نیچے اتار کر لمبے لمبے ترچھے ٹکڑوں میںکاٹ لیجیے۔

اب انہیں ایک بڑی پلیٹ میں رکھ کر ہر ٹکڑے کے اوپر ایک کاجو رکھ دیجیے۔ اور اوپر سے کسا ناریل چھڑک کر لذیذ ذائقے دار ڈوسا پیش کیجیے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146