مرغ مسلم

رفعت جہاں صابری

مرغ مسلم :۱
ایک مرغ کو ذبح کرکے اندر باہر سے اچھی طرح صاف کرلیجیے اور چاقو سے اسے گود دیجیے۔ اس کے بعد لہسن کے پانی سے دھو ڈالیے پھر تھوڑا سا نمک پانی میں ڈال کر دھوئیے اور کپڑے سے اس کا پانی خشک کرکے کسی صاب برتن میں رکھ لیجیے اب تھوڑا کچا پپیتا لے کر اس پر باریک نمک ڈالیے اور ان دونوں چیزوں کو مرغ کے اندر اور باہر لیپ دیجیے۔ اگر مرغ ایک سیر کا ہو تو مندرجہ ذیل مسالے کافی ہوں گے۔ لہسن کی ایک آنڈی، پیاز کی ایک بڑی آنڈی، ادرک دو تولہ، دھنیا بھنا ہوا تین تولہ، سرخ مرچ حسب پسند، جوتری ایک ماشہ، تیزپات دو عدد، جائفل دو ماشہ، لونگ دس عدد، کالی مرچ ۳ ماشہ، ہری مرچ پانچ عدد، ناریل دوتولہ، خشخاش ایک تولہ
ان سب چیزوں کو پیس کر ایک پاؤ دہی میں ملا لیں۔ اس کے بعد آدھ پاؤ پیاز کے لچھے، گھی میں سرخ کرکے نکال لیں۔ پھر تین چار لونگیں اور دو تین چھوٹی الائچیاں کڑکڑائیں اور تلی ہوئی پیاز کو دونوں ہاتھوں سے مل کر مسالہ میں ملا کر آدھا مسالہ مرغ کے اندر بھر کر دھاگے سے باندھ دیں اور آدھا مسالہ گھی میں ڈال کر بھونیں اب مرغ کو اس میں رکھ کر اتنا پانی ڈالیں کہ گل جائے اور دم پر لگادیں جب اچھی طرح دم میں آجائے تو تھوڑا سا زعفران بھی پیس کر ڈال دیجیے۔
مرغ مسلم :۲
مرغ ایک عدد، دہی ایک پاؤ، بادام آٹھ عدد، زعفران ایک ماشہ، گھی ۳۰۰ گرام، مرچ سرخ دس عدد، دارچینی چھ ماشہ، دھنیا ایک تولہ، ہلدی چھ ماشہ، لونگ بارہ عدد، الائچی خورد آٹھ عدد، ناریل ایک پاؤ، نمک حسب ضرورت۔
مرغ کو ذبح کرکے آلائش نکالنے کے بعد کئی بار اچھی طرح دھولیں اور سینہ و بازو کو خوب گود دیں تاکہ مسالہ پوری طرح جذب ہوسکے۔ اس کے بعد تمام مسالوں کو پیس کر دہی میں ملالیں اور مرغ کے اندر باہر لگاکر ٹانگوں اور بازوؤں کو موڑ کر کسی ڈوری سے اس طرح باندھ دیں کہ انڈے کی صورت بن جائے۔ اس کے بعد ایک کشادہ منہ کی بڑی دیگچی میں گھی ڈال کر دو پیاز تراش کر ڈال دیں اور بقیہ مسالے کو بھی اس میں ملا کر بھون لیں۔
بگھار سرخ ہوجائے تو اس میں مرغ کو چھوڑ دیں اور چمچے سے برابر الٹتے پلٹتے رہیں۔ جب سوندھی سوندھی خوشبو آنے لگے تو پانی حسب ضرورت ڈال دیں اور ناریل پیس کر ملادیں۔ پانی خشک ہوجانے پر چولہے سے نیچے اتارلیں۔
مزیدار آئس کریمیں
اسماء تزئین بنت عبدالرحیم
گرمی کا موسم ہے۔ ٹھنڈی چیزوں پر طبیعت ٹوٹ پڑتی ہے۔ آئیے گرمی کے اس موسم کو آئس کریم سے جوڑ کر لطف اٹھائیں۔ مگر آئس کریم بناتے وقت مندرجہ ذیل باتوں کا خیال ضرور رکھیں۔
۱- آئس کریم رکھنے سے پہلے فریج کو ۷ نمبر پر رکھیں۔
۲- آئس کریم کا ڈبہ فریج کے آئس بوکس کی سطح سے چھونا چاہیے۔
۳- جتنا زیادہ آپ پھینٹیں گی آئس کریم اتنی صحیح بنے گی۔
سادہ آئس کریم
اجزاء: دودھ آدھا لیٹر، کسٹرڈ پاؤڈر ۲ ٹی اسپون، ملائی ایک کپ، کھوا ایک کپ، شکر اور ایسنس حسبِ خواہش۔
ترکیب: ایک کپ دودھ میں کسٹرڈ پاؤڈر ملائیں، باقی دودھ میں شکر ملاکر چولہے پر چڑھادیں۔ جوش آنے پر کسٹرڈ پاؤڈر والا دودھ ملائیں اور چمچہ چلاتی رہیں۔ ۲ منٹ بعد چولہے سے اتارلیں۔ ٹھنڈا ہونے پر ایک ایلومونیم یا پلاسٹک کے ڈبہ میں نکالیں۔ ڈبہ کو پالیتھین میں رکھ کر فریزر میں رکھ دیں۔ ۲ گھنٹے بعد آئس کریم کو ملائی اور ایسنس ملاکر خوب پھینٹئے۔ اور ۲ گھنٹے بعد ایک بار اور مکسر میں خوب پھینٹئے۔ اب فریزیر میں ڈبہ بند کرکے رکھ دیں۔ آٹھ دس گھنٹے بعد آپ کی آئس کریم تیار ہوجائے گی۔ انشاء اللہ۔
بٹر اسکاچ آئس کریم
اجزاء: تیار آئس کریم، آدھا لیٹر دودھ، ملائی پون کپ، بڑے ٹکڑوں میں کٹے بادام اور اخروٹ آدھا کپ، گھی آدھا چمچہ، شکر ۴ چمچہ۔
ترکیب: دھیمی آنچ پر بادام اور اخروٹ کو گھی میں بھونیں۔ ایک پین میں شکر گرم کریں۔ بادام اور اخروٹ کے ٹکڑوں کو شکر میں تب تک پکائیں جب تک شکر ٹکڑوں میں پوری طرح لگ نہیں جاتی۔ ٹھنڈے ہونے پر ٹکڑوں کو اور بھی چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں توڑیں، آئس کریم میں ملائی ملاکر پھینٹیں، اچھی طرح پھینٹنے کے بعد ٹکڑے ملا کر جمنے کے لیے رکھ دیں۔
مینگو آئس کریم
اجزاء: دودھ ڈیڑھ لیٹر، شکر ایک کپ، آم ۶ عدد۔
ترکیب: دودھ کو جوش دے کر دھیمی آنچ پر رکھ دیں۔ جب دودھ ۱ لیٹر رہ جائے تو اس میں چینی ملاکر چولہے سے اتار لیں۔ بالکل ٹھنڈا ہونے پر آموں کا رس یا گودا ملاکر پھینٹئے اور جمنے کے لیے رکھ دیں۔
چیکو کی آئس کریم
بالکل اسی طرح آپ چیکو کی آئس کریم بھی بناسکتی ہیں۔ صرف ۶ آم کی جگہ چیکو کی تعداد ۴ رہے گی۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146