حضرت رقیہ بنتِ رسول اللہؐ

طالب الہاشمی

رقیہؓ نام- رسول کریم ﷺ کی دوسری صاحبزادی تھیں۔ والدہ حضرت خدیجۃ الکبریٰ تھیں۔ بعثتِ نبوی سے سات سال پہلے متولد ہوئیں۔ سرورِ کائنات ؐ کی عمر اس وقت تینتیس برس کی تھی۔ حضرت رقیہؓ حضرت زینبؓ سے تین بر س چھوٹی تھیں۔
ان کا پہلا نکاح اپنے ابن عم عتبہ بن ابولہب سے ہوا، جب سورہ تبت یدا ابی لہب نازل ہوئی تو عتبہ نے اپنے باپ ابی لہب کے حکم کے مطابق حضرت رقیہؓ کو طلاق دے دی۔ حضرت رقیہؓ کی رخصتی ابھی نہیں ہوئی تھی۔
چند دن بعد حضرت عثمانؓ بن عفان نے اسلام قبول کیا۔ وہ نہایت صالح متمول اور مخیر نوجوان تھے۔ حضورؐ نے اپنی دامادی کے لیے انھیں منتخب فرمایا۔ حضرت عثمانؓ کی اپنی دلی خواہش بھی یہی تھی۔ چنانچہ رسولِ کریم ﷺ نے مکہ ہی میں حضرت رقیہؓ کی شادی حضرت عثمانؓ سے کردی۔
مکہ میں کفار نے جب مسلمانوں کو بے حد ستایا تو حضورﷺ نے انھیں حبش کی طرف ہجرت کرنے کی اجازت دے دی۔ حضرت عثمانؓ بھی حضرت رقیہؓ کے ہمراہ حبشہ کو ہجرت کرگئے۔ رسولِ کریم ﷺ کو معلوم ہوا تو آپؐ نے فرمایا:
’’ابراہیم اور لوط علیہما السلام کے بعد عثمانؓ پہلے شخص ہیں جنھوں نے خدا کی راہ میں اپنی بیوی کے ہمراہ ہجرت کی ہے۔‘‘
کچھ عرصہ بعد حضرت عثمانؓ اور حضرت رقیہؓ واپس مکہ تشریف لے آئے۔ لیکن کفار کی ایذا رسانیاں پہلے سے بڑھ گئی تھیں۔ چنانچہ دوبارہ حبش کی طرف ہجرت کرگئے۔ جب عرصہ تک ان کی کوئی خبر نہ ملی تو حضورؐ کو بہت فکر ہوئی۔ ایک دن کسی عورت نے آکر خبر دی کہ میں نے عثمانؓ اور رقیہؓ کو بچشمِ خود حبش میں بخیریت دیکھا ہے۔ اس پر حضورﷺ کو اطمینان ہوگیا۔
کافی عرصہ بعد حبش میں قیام کرنے کے بعد حضرت عثمانؓ کو خبر ملی کہ رسول کریم ﷺ مدینہ منورہ کی طرف ہجرت کرنے والے ہیں۔ چنانچہ کچھ دوسرے مسلمانوں اور حضرت رقیہؓ کے ہمراہ انھوں نے مکہ کی طرف مراجعت کی اور پھر چند دن کے بعد رسول کریم ﷺ کی اجازت سے حضرت رقیہؓ کے ہمراہ ہجرت کرکے مدینہ چلے گئے۔ وہاں حضرت اوسؓ بن ثابت کے گھر اترے۔ کچھ عرصہ بعد حضورﷺ بھی مدینہ تشریف لے آئے۔ ۲ ہجری میں حضرت رقیہ کو چیچک نکلی۔ اس وقت حضور ﷺ بدر جانے کی تیاری کررہے تھے۔ روانگی سے پہلے آپؐ نے حضرت عثمانؓ کو حکم دیا کہ وہ رقیہؓ کی خبر گیری کے لیے مدینہ ہی میں ٹھہریں، اس کے عوض اللہ تعالیٰ انھیں جہاد میں شریک ہونے کا ثواب بھی دے گا۔ اور مالِ غنیمت سے بھی انھیں حصہ ملے گا۔ چنانچہ حضرت عثمانؓ حضرت رقیہؓ کے پاس ہی ٹھہرے۔ رسول کریمؐ ابھی بدر ہی میں تھے کہ حضرت رقیہؓ کی تکلیف بڑھ گئی اور انھوں نے اکیس سال کی عمر میں داعی اجل کو لبیک کہا۔ عین اس وقت جب قبر پر مٹی ڈالی جارہی تھی، حضرت زیدؓ بن حارثہ بدر کی لڑائی میں مسلمانوں کی فتح کی خوشخبری لے کر مدینہ میں داخل ہوئے۔
سرورِ عالمﷺ اپنی لختِ جگر کی وفات کی اطلاع پاکر بہت مغموم ہوئے اور آپؐ کی آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے۔ مدینہ واپس تشریف لاکر حضورﷺ حضرت رقیہؓ کی قبر پر تشریف لے گئے اور فرمایا: ’’عثمانؓ بن مظعون جاچکے اب تم بھی ان سے جاملو۔‘‘ (مہاجرین میں حضرت عثمانؓ بن مظعون پہلے صحابی تھے جنھوں نے مدینہ آکر وفات پائی تھی)۔ حضورؐ کے اس ارشاد پر عورتوں میں کہرام مچ گیا۔ حضرت عمرؓ نے انھیں منع کیا۔ حضورؐ نے فرمایا: ’’عمرؓ انھیں رونے دو، دل اور آنکھ کے رونے میں کوئی حرج نہیں، البتہ نوحہ و بَین سے بچنا چاہیے۔‘‘
حضرت فاطمۃ الزہراؓ بھی اپنی بہن کی قبر پر تشریف لائیں اور قبر کے کنارے بیٹھ کر رونے لگیں۔ حضورؐ اپنی چادر مبارک کے کناروں سے ان کے آنسو پونچھتے تھے۔
حضرت رقیہؓ کے قیامِ حبش کے دوران میں ان سے ایک لڑکا پیدا ہوا تھا ان کا نام عبداللہؓ رکھا گیا تھا۔ انھی صاحبزادے کے نام کی نسبت سے حضرت عثمانؓ نے اپنی کنیت ابوعبداللہ اختیار کی تھی۔
حضرت عبداللہؓ کی عمر ابھی چھ برس کی تھی کہ ایک مرغ نے ان کی آنکھ میں چونچ ماری جس سے تمام چہرہ متورم ہوگیا اور اسی تکلیف سے جمادی الاول ۴ ہجری میں انھوں نے وفات پائی۔ حضور ﷺ نے نمازِ جنازہ پڑھائی اور حضرت عثمانؓ نے قبر میں اتارا۔
حضرت رقیہؓ اور حضرت عثمانؓ میں باہم بے حد محبت تھی۔ ان کے تعلقات اتنے خوشگوار اور مثالی تھے کہ لوگوں میں یہ مقولہ ان کی نسبت بطور ضرب المثل مشہور ہوگیا تھا:
احسن الزوجین راہما الانسان رقیہ و زوجہا عثمان
یعنی رقیہ اور عثمانؓ سے بہتر میاں بیوی کسی انسان نے نہیں دیکھے۔
رضی اللہ تعالیٰ عنہا

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146