مضامین پسند آئے
مئی کا شمارہ نظر نواز ہوا۔ ٹائٹل پسند آیا۔ سارے ہی مضامین اچھے لگے۔ خصوصاً سید سعادت اللہ حسینی صاحب کا مضمون اس حیثیت سے پسند آیا کہ اس سے خواتین کو عمل کی تحریک ملتی ہے۔ بعض پہلوؤں کی طرف ان کی نشان دہی غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے اور واقعی ان خطوط پر کام کرنے کے لیے تحریک چلائی جاسکتی ہے اور چلائی جانی چاہیے۔ مگر کافی غور وخوض کے باوجود میں اس سوال کا جواب تلاش نہ کرسکی کہ وہ تحریک چلائے گا کون؟
اسلام پسند خواتین کا دائرہ تو بڑا محدود ہے۔ اس سے زیادہ محدود ان کی سوچ ہے۔ وہ اپنے گرد ایک دائرہ پہلے کھینچ لیتی ہیں اور پھر اسی دائرہ میں رہ کر ’’دھیرے دھیرے‘‘ دعوت کا کام کرنا چاہتی ہیں۔ جبکہ کسی بھی سماجی تبدیلی کے لیے خواتین کا ہمہ جہت اور فعال رول درکار ہے۔ بہرحال یہ غوروفکر کا مستقل ایجنڈا ہے۔
نازیہ وحید
مڑگاؤں، گوا
تین ماہ سے آپ کے ارسال کردہ ’’حجاب‘‘ ملے اور اس کے بعد آپ کا خط بھی۔ میں حجاب کی اس وقت سے قاری ہوں جب سے شعور سنبھالا، میری امی حجاب کی پرانی خریدار ہیں بلکہ اول وقت سے خریدار ہیں اور آج بھی ہیں۔ الحمدللہ
میں بھی مضامین وغیرہ لکھ لیتی ہوں کبھی کبھی مقامی اخبارات میں شائع ہوتے ہیں۔ اب حجاب کے لیے انشاء اللہ لکھنے کی کوشش کروں گی اگر آپ کی طرف سے ہمت بڑھے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ حجاب اسلامی کو ترقی عطا کرے اور تحریک کے لیے مفید و معاون بنائے آمین۔
فوزیہ سلطانہ، جے سی نگر، بنگلور
]بڑی خوشی کی بات ہے آپ کے مضامین مقامی اخبارات میں شائع ہوتے ہیں۔ حجاب آپ کی تحریروں کا استقبال کرے گا اور انتظار رہے گا کہ آپ کی تحریریں کب ہمیں ملتی ہیں۔ ایڈیٹر[
مضامین اچھی طرح پرکھئے!
میں نے حجاب اسلامی کا نام صرف ہم مکتب سہیلیوں سے سنا تھا۔ اپریل ۲۰۰۴ء کا حجاب پڑھا تو لگا کہ یہ مسلمان خواتین اور طالبات کے لیے ایک پاکیزہ رسالہ ہے۔ سچ حجاب کو پڑھ کر جتنی تسکین ہوئی اتنی کبھی دوسرے رسالوں کو پڑھ کر نہیں ہوئی۔ سچ تو یہ ہے کہ حجاب کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔
پھر بھی بہ طور احتیاط کہنا چاہتی ہوں مضامین کو شائع کرنے سے پہلے انھیں اچھی طرح پرکھئے۔ اور ہر اعتبار سے معیاری اور مفید ترین مضامین ہی شامل اشاعت کیجیے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اسے ترقی دے۔
بشری خانم
اردھاپور، مہاراشٹر
حجاب پسند آنے پر ہم مشکور ہیں۔ آئندہ ہم اور زیادہ مفید اور اچھے مضامین شائع کرنے کا یقین دلاتے ہیں۔ بس آپ اپنے مفید مشورے دیتی رہیں۔ انشاء اللہ فائدہ ہوگا۔ ایڈیٹر