سبزیوں سے غذائیت حاصل کیجیے

افضال احمد

مہنگے اور کمیاب گوشت کے مقابلے میں سستی سبزیاں جو آسانی سے مل جاتی ہیں گوشت کے نعم البدل کے طور پر استعمال ہوسکتی ہیں۔ دسترخوان پر گوشت کی کمی سبزیوں کی بدولت ناکافی غذائیت کا باعث نہ ہوگی۔

لیکن سبزیوں کا استعمال محض اس لیے ضروری نہیں کہ گوشت مہنگا اور کمیاب ہے بلکہ اس لیے کہ سبزیوں میں الکالین پایا جاتا ہے۔ گوشت اور پروٹین پر مشتمل دوسری غذاؤں سے بدن میں جو ایسڈ پیدا ہوتی ہے اسے زائل کرنے کے لیے الکالین بہت ضروری ہے۔

سبزیاں اس لیے بھی کھانی چاہئیں کہ یہ وٹامنز اور معدنی نمکیات سے بھرپور ہوتی ہیں۔ اتنا تو آپ بھی جانتے ہیں کہ جسم کی تعمیر کے لیے یہ دونوں اجزا کس قدر مفید ہیں۔ اگر ہم اپنی غذا میں سبزیوں کا استعمال برقرار رکھیں پھر اس کے بعد دودھ کے سوا ہر قسم کی پروٹین سے بے نیاز ہو سکتے ہیں اور اس کے باوجود ہمارا جسم صحت مند رہ سکتا ہے۔

جو لوگ زندگی بھر گوشت کو منہ نہیں لگاتے اور سبزی خوری پر کاربند رہتے ہیں وہ اس بات کو ثابت کرتے ہیں کہ سبزیاں اور دودھ مل کر گوشت میں موجود پروٹین کی کمی پوری کرتے ہیں۔ جبکہ گوشت کھانے کے باوجود سبزیوں سے پرہیز انسان کو طرح طرح کی بیماریوں میں مبتلا کرسکتا ہے۔

تمام سبزیاں ذرا سی کمی بیشی کے فرق کے ساتھ کیلشیم، فولاد، سوڈیم، پوٹاشیم، منگنیز، تانبا وٹامنز سی، پی بی، بی ۲، بی ا سے بھرپور ہوتی ہیں۔

آج کل بے خوابی کی شکایت عام ہے لیکن یہ مت بھولیے کہ تازہ سبزیاں اچھی نیند لانے میں مثبت کردار ادا کرتی ہیں۔ سبزی میں وافر مقدار میں موجود سوڈیم اور پوٹاشیم جسم میں ایک ایسا مادہ پیدا کرتے ہیں جو نیند لانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اس لیے ڈاکٹر ان مریضوں کو جو بے خوابی کی شکایت کرتے ہیں رات کے کھانے میں سبزی کھانے کی ہدایت کرتے ہیں۔

سبزیوں کی بے شمار خوبیوں میں سے ایک خوبی یہ بھی ہے کہ دافع قبض ہیں۔ بہت سی سبزیاں حسن بخش بھی ہیں۔ غذا میں ان کے مسلسل استعمال سے چہرے کی جلد خوش رنگ ہوجاتی ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ رنگ برنگی سبزیاں وٹامنز سے بھر پور ہوتی ہیں۔

سلاد کے ہرے پتوں میں بہت وٹامنز پائے جاتے ہیں۔ جب جسم کو مطلوبہ وٹامنز ملتے ہیں تو چہرے کی جلد پر خوشگوار اثر پڑتا ہے۔ بعض سبزیاں مثلاً گاجریں چھیلنے میں بہت احتیاط برتنی چاہیے۔ ان کا چھلکا اتارنے کے بجائے ہلکے ہاتھوں سے کھرچ لیں۔ کیونکہ زیادہ تر سبزیوں میں وٹامنز عین چھلکے کے نیچے پائے جاتے ہیں۔

سبزیوں سے مکمل غذا تیار کرنے کے لیے کبھی کبھار ان میں گوشت یا مرغی بھی شامل کردیں رات کا بچا ہوا گوشت یا مرغی اس طرح استعمال میں لائی جاسکتی ہے۔

ایسی سبزیوں جو کچی کھائی جاسکتی ہیں یعنی گاجر، مولی، سلاد، ٹماٹر، کشمیر مرچیں، ہری پیاز، ان کو روزانہ سلاد کی صورت میں کھانے میں شامل کرلیں۔ وٹامنز کا یہ منبع آپ کے خاندان کی صحت اور سلامتی کا باعث ہوگا۔ سبزیوں کو پریشر میں پکائیں تو کم از کم وٹامنز ضائع ہوں گے۔ آدھ سیرسبزی پکانے کے لیے ایک پیالہ پانی کافی ہے۔

ملی جلی سبزیوں کا ایک آمیزہ تیار کرنے کی ترکیب حسب ذیل ہے۔ یہ تندرستی و توانائی کے لیے لاجواب ہے۔

اشیا:

ایک چھوٹی گوبھی، ایک پاؤ فراش بین، ایک پاؤ گاجریں، ایک پاؤ شلجم، دو گول کدو، ایک بینگن، مکھن ، آٹا، بالائی، نمک، سیاہ مرچ، دھنیہ، ایک پیالہ ہڈیوں کی یخنی۔

ترکیب

تمام سبزیاں دھوکر خوب صاف کرلیں۔ ان کا چھلکا اتاردیں۔ گاجر اور شلجم کے قتلے کاٹ لیں۔ گوبھی کے پھول الگ الگ کاٹیں کدو اور بینگن بھی گول گول کاٹ لیں۔ ایک پتیلے میں دو چمچے مکھن پگھلا لیں۔ تمام سبزیاں مکھن والی پتیلی میں ڈال دیں۔ نمک اور سیاہ مرچ چھڑک دیں۔ پتیلے پر ڈھکن کس کے بند کریں تاکہ سبزیاں اپنے ہی پانی میں پک سکیں۔ اسی اثنا میں دوسری پتیلی میں ایک بڑا چمچہ مکھن پگھلا لیں۔ ایک چمچہ آٹا مکھن میں ملائیں۔ پھر ہڈیوں کی یخنی بھی شامل کردیں۔ متواتر لکڑی کے چمچے سے گھوٹتے رہیں۔ جب محلول ابلنے لگے تو آنچ کم کردیں تاکہ اب ہلکی آنچ پر ابلے۔ تھوڑا سا دھنیہ بھی اس محلول میں شامل کردیں تاکہ خوشبودار ہوجائے۔ اب سبزیاں اس آمیزے میں ڈال دیں۔ پھر اتنا ابالیں کہ محلول ساس کی طرح گاڑھا ہوجائے۔ اب سبزیاں ڈش میں ڈال دیں۔ بالائی کو ہلکا پھینٹ کر سبزیوں پر انڈیلیں۔ اور ایک دفعہ پھر سبزیاں الٹ پلٹ دیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146