کیسے چھڑائیں داغ دھبے

فرزانہ امین

روز مرہ کی زندگی میں کپڑوں کا میلا ہونا اور ان کی صفائی عام چیزیں ہیں۔ بعض اوقات کپڑوں پر ایسے داغ دھبے لگ جاتے ہیں جنھیں دیکھ کر ہم پریشان اور فکر مند ہوجاتے ہیں۔ بعض مرتبہ ایسا بھی ہوتا ہے کہ کسی داغ یا دھبہ کو دھونے میں بڑی دیر تک محنت کرنی پڑتی ہے۔ آپ گھبرائیں نہیں ہم ذیل میں آپ کو کچھ طریقے بتاتے ہیں جو کپڑوں پر لگے داغ اور دھبوں کو آسانی سے صاف کردیتے ہیں اور آپ کا کام آسان ہوجاتا ہے۔

گھاس کا داغ: اگر کپڑوں پر گھاس کا داغ لگ جائے تو اسپرٹ اور امونیا روئی کے پھاہے میں لگا کر داغ پر رگڑیں اور پھر صابون سے دھو دیں۔ داغ کی جگہ مٹی کا تیل لگا کر رگڑنے سے بھی یہ داغ صاف ہوجائے گا۔

چا کلیٹ کا داغ: ایک کپ پانی میں ایک چمچہ بوریکس پاؤڈر ملالیں اور اس پانی سے کپڑے پر لگا چاکلیٹ کا داغ دھوئیں۔ انشاء اللہ صاف ہوجائے گا۔

تیل کے دھبے: کپڑوں پر تیل گرجائے تو اس پر ٹیلکم پاؤڈر چھڑک دیں اور دوسرے دن صابون سے دھودیں، تیل کا داغ نہیں رہے گا۔ اسی طرح ایک کپ پانی میں آدھا چمچہ نوشادر ملا کر اس پانی سے کپڑے کو رگڑ کر دھوئیں اور بعد میں صابون سے دھودیں۔

روشنائی کے داغ: بال پین وغیرہ سے اگر کپڑوں پر نشان پڑجائے تو اس جگہ روئی میں لے کر اسپرٹ رگڑ دیں۔ اور دوسرا طریقہ یہ ہے کہ داغ کی جگہ کو دودھ میں بھگو کر دھیرے دھیرے رگڑیں۔ سیاہی کا اثر ختم ہوجائے گا۔ روشنائی کے اس داغ کو ٹوتھ پیسٹ سے بھی صاف کیا جاسکتا ہے کہ داغ کی جگہ ٹوٹتھ پیسٹ پھیلاکر لگادیں اور کچھ دیر بعد پانی سے دھودیں۔

موم کا داغ: کپڑے پر موم گرجائے تو اس جگہ پر کرافٹ پیپر رکھ کر گرم آئرن رکھ دیں۔ موم کپڑے سے پگھل کر کاغذ میں لگ جائے گا۔

ہیئر ڈائی کا داغ: اگر کپڑے پر ہیئر ڈائی کا داغ لگ جائے تو اس جگہ پیاز کاٹ کر رکھ دیں کچھ دیر بعد دھو لیں۔

سیاہ داغ: ایک کپ پانی میں ایک چمچہ سہاگہ ملاکر اس پانی سے داغ کی جگہ کو رگڑ کر دھوئیں داغ صاف ہوجائے گا۔

کیچڑ کے داغ: برسات میں عام طور پر کپڑوں پر کیچڑ کے داغ لگ جاتے ہیں ان کی صفائی کے لیے آلو ابال کر ان سے بچے پانی سے کپڑے دھوئیں پھر صابن سے صاف کرکے دھوپ میں سکھائیں۔

خون کے دھبے: ایک چمچہ نمک ایک کلاس پانی میں ڈال لیں اور اس پانی سے دھبہ کو دھوئیں خون کا رنگ چلا جائے گا اور کپڑے کو نقصان نہ ہوگا۔

زنگ کا داغ: داغ کی جگہ خوب اچھی طرح لیموں کا رس لگا کر کپڑے کو دھوپ میں رکھ دیں اور بعد میں دھودیں داغ نہیں رہے گا۔

پینٹ کے داغ: کپڑے پر لگا پینٹ چھڑانے کے لیے اس جگہ مٹی کا تیل لگا کر رگڑیں اور پھر صابون سے دھودیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146