مجرمانہ سرگرمیوں میں خواتین کی شرکت

عام خیال تو یہ ہے کہ خواتین جرائم میں کم ملوث ہوتی ہیں مگر مجرمانہ کاررائیوں میں جس تیزی سے خواتین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اس سے یہ اندیشہ لاحق ہوا ہے کہ کہیں یہ عام خیال غلط ثابت نہ ہوجائے۔ اس کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ صرف ایک سال کے اندر قتل، اغوا، منشیات کی اسمگلنگ اور شراب کی فروخت سمیت دیگر غیر قانونی کاموں میں ملوث ۱۲۵۲۹۹خواتین کے خلاف مقدمے درج کیے گئے ہیں۔ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے اعداد و شمار کے مطابق ۲۰۰۲ء میں۱۲۵۲۹۹خواتین پر مجرمانہ کاررائیوں کے الزامات لگائے گئے ہیں جبکہ ۲۰۰۱ء میں ان کی تعداد۱۱۵۱۷۶ تھی۔ ان میں ۳۵۸۷ خواتین پر قتل جیسے سنگین جرم کا الزام ہے جبکہ ۱۷۵۳ خواتین پر اغوا کا اور ۱۷۲۳ کے خلاف منشیات کی غیر قانونی تجارت کا الزام ہے۔

بہر حال شراب کی فروخت کرنے کے معاملہ میں سب سے زیادہ ۱۱۶۴۴۸ خواتین کے خلاف مقدمے درج کیے گئے ہیں جن میں تمل ناڈو میں ۵۶۷۵۴ خواتین کے خلاف جبکہ گجرات میں ۴۱۷۹۰، کیرالہ میں ۳۵۴، آندھرا پردیش میں ۱۴۰ اور شمال مشرقی ریاستوں میزورم میں ۶۵ اور ناگالینڈ میں ۲۲ خواتین کے خلاف مقدمے درج کئے گئے ہیں۔ اقتصاری جرائم میں ملوث خواتین کی تعداد سب سے کم ہے۔ ملک بھر میں صرف ۶۹ خواتین کے خلاف اقتصادی جرائم مثلاً جعلسازی کے معاملے درج ہیں۔ مگر اس میں بھی اضافہ ہورہا ہے کیونکہ گزشتہ برس یہ تعداد محض ۴۱ تھی۔

قتل جیسے سنگین جرم میں ملوث خواتین کی فہرست میں مہاراشٹر سب سے اوپر ہے جہاں ۵۹۸ خواتین کے خلاف قتل کے معاملے درج ہیں۔ اس کے بعد آندھرا پردیش دوسرے نمبر پر ہے۔ جہاں ۳۶۸ خواتین پر قتل کے مقدمے ہیں جبکہ کرناٹک میں ۳۰۵ خواتین پر، تمل ناڈو میں ۲۶۲، مدھیہ پردیش میں ۲۴۵، اترپردیش میں ۱۹۸، راجستھان میں ۱۸۲ اور مغربی بنگال میں ۱۷۸ خواتین کے خلاف قتل کے مقدمے درج ہیں۔

مرکز کے زیر انتظام سات علاقوں میں ۵۱ خواتین کے خلاف قتل کے معاملے میں ملوث ہونے کا الزام ہے جن میں دہلی سرفہرست ہے۔ مذکورہ ۷ علاقوں میں سے صرف دہلی میں ہی ۴۳ خواتین پر قتل کے جرم میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔

اغوا کے معاملوں میں شورش زدہ سیاست آسام سرفہرست ہے جہاں اس سال ۲۵۹ خواتین پر اغوا کرنے کا الزام لگایا گیا ہے جبکہ اترپردیش میں ۲۳۲ اور مغربی بنگال میں ۲۱۸ خواتین کے خلاف اغوا کرنے کا الزام ہے۔ آندھرا پردیش میں ایسی خواتین کی تعداد ۱۵۶ ہے جبکہ بہار میں ۱۳۳ اور مہاراشٹر میں ۱۲۵ ہے۔ منشیات کی غیر قانونی تجارت میں ۱۷۲۳ خواتین کے خلاف مقدمے درج ہیں جن میں سب سے زیادہ ۷۳۵ خواتین تمل ناڈو کی ہیں جبکہ پنجاب کی ۳۲۱ اور مغربی بنگال کی ۹۶ اور دہلی کی ۲۹ خواتین شامل ہیں۔ دھوکہ دہی کے معاملوں میں ۱۷۸۶ خواتین ملوث ہیں جن میں مہاراشٹر سرفہرست ہے۔ جہاں ۳۳۱ خواتین ان معاملوں میں ملوث ہیں۔ اس کے بعد پنجاب کی ۲۹۳، کیرلہ کی ۱۳۱، گجرات میں ۱۱۰ اور پنجاب میں بھی ۱۱۰ خواتین ان معاملوں میں ملوث ہیں۔ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں دھوکہ دہی میں ملوث خواتین کی فہرست میں بھی دہلی سرفہرست ہے جہاں ۱۰۴ خواتین ان معاملوں میں ملوث ہیں۔ اس کے بعد چنڈی گڑھ کا نام آتا ہے جہاں صرف چھ خواتین اس کام میں ملوث ہیں۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ جرائم میں ملوث خواتین کی تعداد کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ مگر یہ انتظامات کیا ہیں اور کیا ان اقدامات سے واقعی اس طرح کے جرائم پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ ایک اہم سوال ہے اس لیے کہ اس سے قبل بھی وقفہ وقفہ سے وزارت داخلہ ریاستی حکومتوں اور انتظامیہ عام نظام و انتظام اور عدلیہ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ہدایات دیتی رہی ہے۔ اور اگر واقعی یہ ہدایات اس سلسلہ کے لیے مفید ہوتیں تو سالانہ اضافہ کا تناسب بہر حال اس طرح نہ بڑھتا جس طرح سامنے آیا ہے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146