لذیذ پکوان

رفعت جہاں صابری

جھینگے بھرے ٹماٹر

اشیاء:

دو پیالی ابلے ہوئے جھینگوں کا قیمہ، چار ہری مرچیں، دو گٹھی پیاز کا قیمہ، دو عدد ٹماٹروں کا قیمہ، دو چمچے لائم جوس، سلاد کے پتے، نمک آدھا چمچہ، سیاہ مرچ، چھ عدد سخت ٹماٹر۔

ترکیب

سب سے پہلے ابلے ہوئے جھینگوں کے قیمہ میں کتری ہوئی ہری مرچیں، سبز پیاز کا قیمہ اور سلاد کے پتوں کے کترے ہوئے لچھے ملادیں۔ اس میں ٹماٹروں کا قیمہ لائم جوس نمک اور پسی ہوئی سیاہ مرچ ملا کر رکھ دیں۔

اب ٹماٹروں کو دھوکر اوپر کا گول حصہ علیحدہ کردیں اور پھر پھول کی شکل میں اس طرح کاٹیں کہ قاشیں بن جائیں۔ جنہیں ایک پلیٹ میں سجا کر ان کے اندر جھینگے اور ٹماٹر کا مرکب بھرنا شروع کردیں۔ حتی کہ وہ بالکل پُر ہوجائیں ان پر سلاد کی پتیاں چھڑک کر گول حصے دوبارہ جما ڈالیں تاکہ ہر گول ٹماٹر کی شکل نمایاں ہو۔ پھر ہلکی آنچ پر تھوڑی دیر پکائیں اور اتار لیںیہ ذائقہ اور غذائیت سے پُر ہوں گے۔

مچھلی کا پلاؤ

اشیاء: مچھلی ایک سیر، گھی ڈیڑھ پاؤ، پیاز ڈیڑھ پاؤ، باریک چاول ایک سیر، ادرک دس گرام، لہسن کی دو آنڈیاں، دھنیا خشک ۵ گرام، لونگ ۲۶ عدد، الائچی خورد ۲۶ عدد، دارچینی ایک تولہ، زعفران ایک ماشہ ، کیوڑا دو تولہ۔

ترکیب :

پہلے گرم مسالہ پیس کر اس کا سفوف بنالیا جائے، ادرک، دھنیا، لہسن سل پر باریک پیس لیں پھر مچھلی کے بڑے بڑے ٹکڑے کاٹ کر دھو ڈالیں۔ تھوڑا پسا ہوا مسالہ اور انداز سے نمک ملاکر آدھے دہی کو الگ کرلیں اور ایک گھنٹے تک چھوڑے رکھیں۔ اس کے بعد مچھلی کو تھوڑے گھی میں ہلکا ہلکا تل ڈالیں اور ایک دیگچی میں گھی میں پیاز کے لچھے لال کرکے نکالیں لیں اور اسے ہاتھ سے مل ڈالیں۔ دیگچی میں پسا ہوا مسالہ چھوڑ کر قدرے بھون لیں اور اب تلی ہوئی مچھلی اس میں بچھا دیں۔ اوپر سے گرم مسالہ کا آدھا سفوف چھڑک دیں اور تلی ہوئی مچھلی میں دہی ڈال کر کیوڑے میں بھیگا ہوا آدھا زعفران چھڑک دیں پھر دھیمی آنچ پر چھوڑ دیں۔ جب سرخی آ جائے اور پانی خشک ہوجائے تو دیگچی اتارلیں۔ اس کے بعد چاولوں کے لیے پانی چڑھا کر اس میں آٹھ آٹھ عدد لونگ الائچی اور تھوڑا سا نمک ڈال دیں۔ جب پانی جوش کھانے لگے تو چاول دھوکرڈال دیں۔ ایک کنی باقی رہنے پر چاولوں کو پسا لیں پھر ایک علیحدہ دیگچی میں چاول اور قورمہ تہ در تہ بچھا دیں اور اوپر سے گرم مسالہ اور زعفران ڈال کر دم کرلیں۔

انناس کے میٹھے چاول

اشیا:

چاول عمدہ پرانے ایک کلو، شکر سفید سوا کلو، گھی خالص ایک پاؤ، انناس ایک عدد۔

ترکیب: اول انناس کو چھیل کر صاف کرلیا جائے، اس کے بعد چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کاٹ کر شکر میں مربہ بنالیں اب تھوڑے سے گھی میں لونگ کا بگھار دے کر چاولوں کو ابالیں۔ جب پک جائیں تو دیگچی پر ڈھکنا ڈھک کر پانی کو پسا لیں۔ اس کے بعد گھی، چاول اور مربہ کو ایک جگہ کرکے کف گیر سے اچھی طرح چلا دیں اور انگاروں پر دم کرلیں دم کے آجانے کے بعد کیوڑا اور زعفران ڈال کر پلیٹ میں نکال لیں اور چمچہ سے ایک لیبل میں کرکے چاندی کے ورق اس پر جما کر پستے اور بادام کی قاشیں چھڑک دیں پھر دستر خوان پر رکھیں۔ بہت لطیف اور لذیذ ہوتے ہیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146