لذیذ پکوان

ماخوذ

پالک سویا سبزی

اجزاء: پالک ۷۰۰ گرام، سویا آدھی پیالی، نمک آدھا چمچہ چائے کا، کریم ایک تہائی پیالی، تیل ایک چمچہ کھانے کا، سرسوں کے بیج چوتھائی چمچہ کھانے کا، سفید زیرہ چوتھائی چمچہ چائے کا، ثابت سرخ مرچ ۲ عدد۔

ترکیب: سب سے پہلے پالک اور سویا خوب اچھی طرح دھولیں، اس کے بعد پالک کو موٹا موٹا کاٹ لیں، سویا بھی کاٹ لیں، دونوں کی ڈنڈیاں علیحدہ کردیں۔ اس کے بعد ان دونوں کو ایک بڑی پتیلی میں ذرا دھیمی آنچ پر پکنے کے لیے رکھ دیں، اس میں پانی نہ ڈالیں، پالک خود اپنے پانی میں پک جائے گی، دو تین مرتبہ چمچے سے ہلا دیں، تقریبا بیس منٹ میں پالک اور سویا پک جائے گا۔ پتیلی کا ڈھکنا ضروری ہے۔ جب پالک گل جائے تو ڈھکنا کھول کر اس میں نمک اور کریم ملا دیں، آنچ تھوڑی تیز کردیں تاکہ زیادہ پانی ختم ہوجائے۔ پالک ہلکی گیلی رہے، بس اتنا پانی باقی رہنا چاہیے۔

تیل کو چھوٹے پین میں گرم کرلیں، اس میں سرسوں کے بیج اور سرخ مرچ ڈال دیں، جب بیج چٹخنے لگیں تو یہ تیل مرچ اور بیجوں سمیت پالک میں ڈال دیں اور چمچے سے تیل اور پالک کو ملا کر ڈھکنا ڈھانپ دیں۔ یہ سبزی ابلے ہوئے چاولوں کے ساتھ کھانے میں زیادہ مزیدار لگے گی۔

سیب کا رائتہ

اجزاء: دہی سوا پیالی، سفید زیرہ آدھا چمچہ کھانے کا، پسی مرچ سرخ چوتھائی چمچہ چائے کا، تازہ کٹی ادرک چوتھائی چمچہ کھانے کا، نمک آدھ چمچہ کھانے کا، سیب ایک عدد بڑا۔

ترکیب: سفید زیرہ کو بھون کر کوٹ لیں، دہی کو پیالے میں ڈال کر خوب پھینٹ لیں اور اس میں نمک، مرچ سفید زیرہ اور ادرک ڈال دیں اور اچھی طرح ملا کر ڈھانپ کر ریفریجریٹر میں رکھ دیں۔ کھانے سے ذرا پہلے سیب کو چھیل کر اس کے بیج علیحدہ کردیں اور کدوکش کرلیں خیال رہے کہ ذرا موٹے ٹکڑے رہیں، بہت بارک کدوکش کیا ہوا سیب مزہ نہیں دیتا۔ اس کے بعد یہ سیب تیارہ شدہ دہی میں شامل کردیں۔

مرسلہ: عائشہ غزنوی

سیخ کباب

اجزاء: قیمہ ۱ کلو (بغیر چربی اور ہڈی والا)، پیاز (درمیانی، پسی ہوئی) ۱ عدد، سرخ مرچ پاؤڈ ر حسب ذائقہ، کچا پپیتہ (پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا) آدھی گٹھی، پیاز (درمیانی) ۲ عدد، کالی مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ، چنے ۴ کھانے کے چمچے، انڈا ایک عدد، خشک دودھ یا پھیکا کھویا ۲ کھانے کے چمچے، تیل یا گھی ۲ کھانے کے چمچے۔

ترکیب: قیمہ میں پیاز، سرخ مرچ، کچا پپیتہ، پیاز، کالی مرچ پاؤڈر، چنے اور انڈا ملا دیں۔ ساتھ میں کٹا ہوا ہرا دھنیہ ڈالیں اور تقریباً ڈیڑھ سے دو گھنٹے تک رکھ دیں۔ اس کے بعد قیمہ کو ہاتھ سے آٹے کی طرح گوندھ لیں اور سیخ پر کباب بنالیں۔ آپ گیس پر بھی سینک سکتی ہیں اور کوئلوں پر بھی۔ تیار ہوجانے پر اوپر ہلکا سا تیل یا گھی لگا دیں۔ اس کے لیے ایک چھوٹی لکڑی کے سرے پر روئی یا کپڑا لپیٹ دیں اور اس کی مدد سے کبابوں پر تیل یا گھی لگائیں۔ تیار ہوجائے تو اسپائسی کیچپ کے ساتھ نوش فرمائیں۔

قیمہ مٹر

اجزاء: قیمہ ڈیڑھ کپ، تیل ۳ کھانے کے چمچے، پیاز (بلینڈر میں پیس لیں) ۲ عدد، ادرک پیسٹ ۴ چائے کے چمچے، لہسن پیسٹ ۴ چائے کے چمچے، ہری مرچیں (چوپ کی ہوئی) ۲ عدد، ٹماٹر پیسٹ ۲ کھانے کے چمچے، ہرا دھنیہ (چوپ کیا ہوا ) ۲ کھانے کے چمچے، میتھی (پسی ہوئی) ایک چائے کا چمچہ، ہلدی پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ، لال مرچ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ، زیرہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ، دھنیہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ، گرم مصالحہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ، نمک حسب ذائقہ، ٹماٹر (چوپ کیے ہوئے) ۲ عدد، گرم پانی ۲ کپ، مٹر ۲ کپ۔

ترکیب: ایک دیگچی میں تیل گرم کریں۔ اس میں پیاز ڈال کر گولڈن براؤن فرائی کرلیں۔ اس کے بعد اس میں ادرک، لہسن، ہری مرچیں، ٹماٹر پیسٹ ، ہرا دھنیہ، میتھی، ہلدی پاؤڈر، لال مرچ پاؤڈر، زیرہ پاؤڈر، دھنیہ پاؤڈر گرم مصالحہ پاؤڈر اور نمک مکس کرکے پکائیں۔ تیل نظر آنے لگے تو اس میں قیمہ، ٹماٹر اور پانی ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں ڈھک کر پکائیں۔ ۱۰ منٹ کے بعد مٹر ڈال کر آنچ کم کردیں۔ ۱۰ منٹ تک مزید پکائیں پانی خشک ہوجائے تو ڈھکن ہٹا دیں۔ ۵ منٹ کے بعد چولہے سے اتار دیں۔ ہرے دھنیے سے سجا کر سرو کریں۔

قیمہ ڈبل روٹی کے کباب:

اجزاء: قیمہ آدھا کلو، گرم مصالحہ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچہ، نمک حسب ذائقہ، لال مرچ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچہ، سرکہ ایک کھانے کا چمچہ، ڈبل روٹی کے سلائس ۶ عدد، انڈا ایک عدد یا حسب ضرورت، بریڈ کرمبز حسب ضرورت، آئل فرائی کرنے کے لیے۔

ترکیب: قیمہ میں گرم مصالحہ، نمک، لال مرچ اور سرکہ ڈال کر مکس کریں اور آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ ڈبل روٹی کے سلائس پانی یا دودھ میں بھگودیں اور نچوڑ کر میشن کرکے قیمہ میں ملا دیں اگر قیمہ زیادہ پتلا سا ہوجائے تو تھوڑے سے خشک بریڈ کر مبز ملالیں اس کے بعد کباب بنالیں۔ تیل گرم کریں اور کبابوں کو پھینٹا ہوا انڈا اور بریڈ کرمبز لگا کر آئل میں فرائی کرلیں۔ ہلکی آنچ پر فرائی کریں۔ سلاد اور دھنیہ کی چٹنی کے ساتھ سرو کریں۔ نہایت خستہ کباب ہوں گے۔

مرسلہ: وحیدہ رحمان، ملکا پور

ہری مرچ کا سالن:

اجزاء: ہری مرچ آدھا کلو ، پیاز پاؤ بھر، املی کا پانی گاڑھا چوتھائی پیالی، خشخاش ایک چمچہ کھانے کا، تیل دو چمچے کھانے کے، زیرہ سفید ایک چمچہ کھانے کا، تیل آدھی پیالی۔

ترکیب: مرچوں کو کوٹ کر دو یا چار ٹکڑوں میں اس طرح تقسیم کرلیں کہ ہر مرچ کے تمام ٹکڑے ڈنڈی کے پاس سے جڑے رہیں۔ فرائی پین میں بالکل ہلکی آنچ پر پیاز کو پکائیں۔ ہلکا ہلکا الٹ پلٹ کرنا ہے تاکہ وہ جلے نہیں۔ باقی مسالوں کو الگ سے بھون لیں اور سل پر باریک پیس لیں۔ دیگچی میں تیل گرم کرکے اس میں ہری مرچ، پیاز اور پسا ہوا مسالا ڈالیں اور پکالیں۔ جب بھوننے کے قریب ہو تو اس میں املی کا پانی ڈالیں اور دم دے دیں۔

ڈبل روٹی کا میٹھا

اجزاء: ڈبل روٹی ۱۲ سلائس، گھی پاؤ بھر، تیل آدھا کلو، دودھ آدھا لیٹر، چینی آدھا کلو، کھویا پاؤ بھر، بادام دو چمچے کھانے کے، پستہ دو چمچے کھانے کے، کشمش ایک چمچہ کھانے کا، زعفران چوتھائی چمچہ چائے کا۔

ترکیب: ڈبل روٹی کو گھی میں تل کر سنہری کرلیں اور نکال کر ایک پھیلے ہوئے برتن میں رکھتی جائیں۔ برتن ایسا لیں جس کو آگ پر رکھ سکیں تاکہ سب چیزیں شامل کرکے ان کو پکایا جائے۔ دودھ اور چینی ملا کر پکالیں، اب اس میں کھوئے کو ہاتھ سے ملا کر یکجان کرلیں۔ زعفران کو ایک چمچہ گرم دودھ میں بھگولیں۔

اب تلی ہوئی ڈبل روٹی پر دودھ اور کھویا ڈال دیں۔پستہ، بادام باریک کاٹ کر چھڑک دیں اور کشمش بھی ڈال دیں اس کے بعد ہلکی آنچ پر پکائیں۔ جب ڈبل روٹی نرم ہوجائے تو آگ پر سے ہٹالیں اور زعفران کو گھوٹ کر اس کے اوپر ڈال دیں۔ پیش کرنے سے پہلے چاہیں تو چاندی کے ورق لگالیں۔

کھٹی دال

اجزاء: مسور کی دال ایک پیالی، نمک حسب ذائقہ، مرچ ایک چمچہ چائے کا، لہسن ایک چمچہ چائے کا، ہلدی چوتھائی چمچہ چائے کا، پیاز چوتھائی چمچہ چائے کا، ٹماٹر ایک عدد، ہری مرچ دو عدد، املی کا پانی چوتھائی پیالی، یا لیموں کا رس ایک چمچہ کھانے کا۔

ترکیب: دال دھولیں اور اس میں نمک، مرچ، ہلدی، اور لہسن ڈال کر پکانے کے لیے رکھ دیں، درمیانی آنچ پر پکائیں، جب دال ادھ گلی ہوجائے تو اس میں پیاز کو باریک کاٹ کر اور ٹماٹر کے چھوٹے ٹکڑے کرکے ڈال دیں اور اتنا پکائیں کہ سب چیزیں آپس میں خوب اچھی طرح مل جائیں اس کے بعد ہری مرچ، ہرا دھنیہ، اور املی کا پانی یا لیموں کا رس ڈال کر دال کو تین چار منٹ تک پکائیں اب آگ سے ہٹا لیں اور ڈھکنا بند کردیں۔ پندرہ منٹ بعد اس کو لہسن کا بگھار دیں۔

ٹماٹر کا کٹ

اجزاء: ٹماٹر ایک کلو گرام، ادرک ایک چمچہ کھانے کا، لہسن ایک چمچہ کھانے کا، سرخ مرچ ایک چمچہ چائے کا، نمک حسب ذائقہ، ناریل دو چمچے کھانے کے، تل دو چمچے کھانے کے، سفید زیرہ دو چمچے کھانے کے، خشخاش دو چمچے کھانے کے۔

ترکیب: سوکھے مسالوں کو ہلکی آنچ پر توے پر بھون لیں، خیال رہے کہ جل نہ جائیں۔ ایک پتیلی میں ٹماٹر موٹے ٹکڑے کاٹ کر ڈال دیں اور اتنا پانی ڈالیں کہ یہ ٹکڑے اس میں ڈوب جائیں، اب ان کو گلنے کے لیے رکھ دیں۔ جب ٹماٹر اچھی طرح گل جائیں تو ان کو بلینڈر میں پیس لیں۔ یہ ایک گاڑھے سالن کی طرح ہوگا۔ اب ٹماٹروں کے ساتھ تمام مسالے ملا لیں اور پکنے کے لیے رکھ دیں۔ جب گاڑھا ہوجائے تو اتارلیں۔ ٹماٹر کا کٹ تیار ہے۔ اب اسے بگھارنے کے لیے حسب ذیل چیزوں کو لیں اور اس ترکیب پر عمل کریں۔

اجزاء: تیل چوتھائی پیالی، ثابت سرخ مرچ چار عدد، سفید زیرہ آدھا چمچہ چائے کا، کڑھی پتا سات عدد،

ترکیب: تیل میں مرچ پکالیں، جب وہ ہلکی سیاہ ہونے لگیں تو اس میں کڑھی پتا ڈالیں۔ چند سکینڈ بعد زیرہ ڈالیں اور فوراً آگ سے ہٹا لیں اور ٹماٹر کے تیار کٹ کو بگھار لیں۔ بگھارنے کے بعد پتیلی کا ڈھکنا بند رکھیں تاکہ بگھار کی خوشبو کٹ میں بس جائے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146