احادیثِ رسولؐ

مرسلہ: فوزیہ آفریں، آکولہ

٭ مسلمان کو جو رنج ، دکھ، غم ، تکلیف اور پریشانی بھی آتی ہے، حتی کہ ایک کانٹا بھی اگر اس کو چبھتا ہے تو اللہ اس کو کسی نہ کسی خطا کا کفارہ بنادیتا ہے۔ (بخاری و مسلم)

٭ عبداللہ بن مسعودؓ نے بیان کیا کہ میں رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں ان کی بیماری کے دوران حاضر ہوا۔ میں نے اپنا ہاتھ لگا کر دیکھا کہ آپؐ کو تیز بخار ہے۔ میں نے عرض کیا حضورؐ! آپؐ کو شدید قسم کابخار ہے اور یہ اس لیے کہ آپؐ کو دوہرا اجر ملے؟ آپؐ نے فرمایا: ’’ہاں ، کوئی مسلم ایسا نہیں کہ اسے کوئی اذیت و تکلیف پہنچتی ہے تو اس کے گناہ اس طرح جھڑ جاتے ہیں جس طرح (موسم خزاں میں) درخت کے پتے جھڑ جاتے ہیں۔‘‘

٭ حضرت ابوہریرہؓ سے مروی ہے کہ جب آیت من یعمل سوء یجز بہ ناز ل ہوئی تو مسلمانوں کو یہ بات گراں گزری اور نبیؐ کی خدمت میں شکوہ کیا۔ آپؐ نے فرمایا: ’’میانہ روی اختیار کرو، افراط و تفریط سے بچو، ہر وہ تکلیف جو کسی مومن کو پہنچتی ہے، حتیّٰ کہ اگر کانٹا بھی چبھ جائے یا اور کسی قسم کی مصیبت پہنچ جائے تو وہ اس کے لیے کفارہ کا کام دیتی ہے۔‘‘

٭ حضرت ابوہریرہؓ اور حضرت ابو سعید خدریؒ دونوں روایت کرتے ہیں کہ انھوں نے خود رسولؐ خدا کو ارشاد فرماتے سنا ہے کہ مومن کو جو دکھ، رنج، بیماری اور غم پہنچتا ہے حتی کہ جو فکر بھی لاحق ہوتی ہے اللہ تعالیٰ اسے اس کے گناہوں کاکفارہ بنا دیتا ہے۔

٭ جابر بن عبداللہ روایت کرتے ہیں کہ رسول ﷺ ام السائب یا ام المسیب کے ہاں تشریف لے گئے، (شدید بخاری میں مبتلا پاکر) آپؐ نے اس سے دریافت فرمایا: ’’ام السائب تمہیں کیا ہوا؟تمہاری سانسیں پھولی ہوئی ہیں، کپکپی تم پر طاری ہے۔‘‘ بولیں حضورؐ بخار کی لپیٹ میں ہوں جس میں کوئی بھلائی و برکت نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: ’’بخار کو برا بھلا مت کہو یہ تو اولادِ آدمؑ کے گناہوں کو اس طرح جھاڑ دیتا ہے جس طرح بھٹی لوہے کا زنگ جلا کر صاف کردیتی ہے۔‘‘

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146