پختہ عزم کے مالک

تنویر آفاقی

انسان اگر پختہ عزم کرلے تو بڑی سے بڑی رکاوٹ بھی اس کے عزم کی راہ میں حائل نہیں ہوتی۔ انسان کے اس عزم کا حال یہ ہے کہ اگر وہ ارادہ کرلے تو ہاتھ سالم نہ ہونے کے باوجود ایسے کارنامے انجام دے سکتا ہے جو ہاتھ والوں کے لیے بھی ناممکن ہوں، پیر نہ ہونے کے باوجود ایسے کارنامے انجام دے سکتا ہے کہ پیر رکھنے والے بھی اس پر عش عش کرنے لگیں۔ ایسا ہی کچھ معاملہ ۵۵ سالہ ڈاکٹر ڈیوڈ گاؤدین کا بھی ہے۔ ڈاکٹر ڈیوڈ لوئزیانا کے شہر ہاموند کے ایک ہسپتال میں کام کرتے ہیں۔ ان کی زندگی کا حیرت انگیز پہلو یہ ہے کہ ان کے دونوں پیر نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود گولف کے ماہر ہیں۔ گولف پابندی اور شوق سے کھیلتے ہیں۔ گولف کھیلنے کے لیے انھوں نے بانس کا ایک اسٹول بنا رکھا ہے۔ اس اسٹول پر بیٹھ جاتے ہیں اور گیند کو اس مہارت سے اس کے مدار تک پہنچاتے ہیں کہ اس کھیل کے بڑے بڑے چیمپئن بھی رشک کرنے لگتے ہیں۔ ڈاکٹر ڈیوڈ گولف کے سلسلے میں اپنے تجربے کے متعلق خود بتاتے ہیں کہ: ’’(گولف کھیلتے ہوئے) میں کئی بار گر پڑا۔ کندھے کی ہڈی ٹوٹنے کے علاوہ مجھے اس سے کچھ نقصان نہیں ہوا۔‘‘

ڈاکٹر ڈیوڈ کے پیر تقریباً کولہے کے پاس سے غائب ہیں۔ اس کے باوجود وہ کھیل کے دوران اپنے دوستوں کو اس بات کی زحمت بھی نہیں دیتے کہ وہ بیٹھنے یا توازن قائم رکھنے میں ان کی مدد کریں۔ کیوں کہ وہ اپنے ’’قدموں‘‘ پر کھڑا ہونا پسند کرتے ہیں نہ کہ کسی کے سہارے پر۔ اس بارے میں بھی ان کی بڑی اچھی رائے ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’ہم سب اس بات پر قادر ہیں کہ قدرت کی جانب سے ہمیں جو کچھ میسر ہے ہم اس کو اعتماد کے ساتھ لوگوں کے سامنے پیش کریں۔‘‘

ڈاکٹر ڈیوڈ پیدائشی طور پر پیروں سے محروم ہیں لیکن ان کی یہ جسمانی معذوری بچپن سے لے کر اس عمر تک کبھی بھی ان کے آڑے نہیں آئی۔ چنانچہ مڈل اسکول میں انھوں نے کشتی میں حصہ لیا۔ جس کی تفصیلات وہ بڑی دلچسپی سے سناتے ہیں کہ وہ کس طرح اپنے ہاتھوں اور جسم کو حرکت دے کر اپنے دشمن کو پچھاڑتے تھے۔ لیکن بعد میں انھیں کشتی کے مقابلوں میں شرکت سے روک دیا گیا۔ ۱۷؍برس کی عمر میں انھوں نے فٹ بال کے ایک تربیتی کیمپ میں بھی حصہ لیا لیکن ان کے کوچ نے ان سے کہا کہ وہ فٹ بال کوچ بننے کے بجائے ڈاکٹر بنے۔ اور اس طرح وہ ایک ڈاکٹر بن گئے۔ ڈاکٹر ڈیوڈ شادی شدہ ہیں اور تین بچوں، دو لڑکے اور ایک لڑکی، کے باپ بھی ہیں۔

٭ ہابی مارٹن محض ۱۷ سال کا ہے۔ یہ بھی قدرتی طور پر پیر وں سے محروم ہے۔ لیکن اس کی یہ محرومی کبھی بھی اس کے دل میں کسی قسم کا خوف یا مایوسی پیدا نہیں ہونے دیتی۔ ہابی مارٹن امریکی ریاست اوہیو کے شہر وائٹنی کی ایک فٹ بال ٹیم کا کامیاب ترین کھلاڑی ہے۔ اپنے کھیل میں مارٹن اس قدر ماہر ہے کہ اس کی مہارت پر اس کی ٹیم کے ساتھی اور کوچ بھی حیرت کرتے ہیں۔ مارٹن دوڑ کے مقابلوں میں بھی حصہ لیتا ہے اور صحیح سالم پیر رکھنے والوں کی طرح تیز دوڑتا ہے۔

اس سے بھی زیادہ حیرت کی بات یہ ہے کہ وہ بولنگ بھی کھیلتا ہے۔ اور رقص کرنے کا بھی اسے بہت شوق ہے۔ اس کے لیے وہ ایک بیساکھی کا سہارا لیتا ہے۔ کچھ دن پہلے مارٹن کو فٹ بال کے ایک میچ میں حصہ لینے سے روک دیا گیا تھا۔ وجہ ظاہر تھی کہ وہ پیروں سے محروم ہے۔ لیکن کھیل انتظامیہ نے کھیل کے لیے جس شرط پر اصرار کیا تھا وہ بھی دلچسپ تھی۔ منتظمین کا کہنا تھا کہ اگر وہ جوتے اور پیڈ پہن لے تو کھیل سکتا ہے۔ اس نے اپنی مجبوری سامنے رکھی کہ میں پیروں سے محروم ہوں، اس صورت میں جوتوں اور پیڈ کا استعمال کیسے کرسکتا ہوں؟ منتظمین نے کہا کہ جوتوں اور پیڈ کا استعمال فٹ بال کے اصولوں میں سے ہے، اگر آپ یہ دونوں چیزیں نہ پہنیں تو ہم آپ کو کھیلنے کا موقع نہ دینے پر مجبور ہیں۔ اس موقع پر مارٹن کے کوچ ایریل وائٹ نے اس کی ڈھارس بندھائی اور اسے یقین دلایا کہ وہ اسے ٹیم میں شامل کرانے کی پوری کوشش کرے گا۔ کوچ نے انتظامیہ کو سمجھایا کہ مارٹن فٹ بال کا بہترین کھلاڑی ہے۔ کوچ کے قائل کرنے پر وہ لوگ مارٹن کو ٹیم میں شامل کرنے پر راضی ہوگئے۔ چنانچہ مارٹن کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔ بالآخر مارٹن کی ٹیم نے میچ جیت لیا اور اس جیت میں مارٹن کی کارکردگی کو بڑا دخل تھا۔ اپنی اس کامیابی پر اس نے کہا: ’’کامیابی کا احساس اپنے آپ میں ایک عظیم احساس ہے، لیکن اس مرتبہ کامیابی کا احساس بالکل ہی مختلف ہے۔‘‘

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146