خواتین کے لیے چند مفید ورزشیں

نائلہ رضا

جسمانی صحت اور تندرستی کے لیے ورزش بے پناہ اہمیت کی حامل ہے، لیکن افسوسناک بات یہ ہے کہ ہمارے معاشرے میں ورزش کے فوائد اور اہمیت کے بارے میں عام لوگوں میں کوئی خاص دلچسپی نہیں پائی جاتی۔ اکثر لوگ ورزش کو نوجوانوں یا کھلاڑیوں کا مشغلہ تصور کرتے ہیں اور ان کا خیال ہے کہ عام لوگوں کو ورزش کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ ورزش ہمارے جسم کی بنیادی ضرورت ہے۔ انسانی جسم حرکت کرنے اور استعمال کرنے کے لیے بنایا گیا ہے اور اگر اسے متحرک نہ رکھا جائے یا کم استعمال کیا جائے تو اس کی قدرتی طاقت اور خوبیاں کم ہونے لگتی ہیں۔

جہاں تک ورزش کے حوالے سے حواتین کے رویے کا تعلق ہے تو وہ اس بارے میں مردوں سے بھی زیادہ بے پروائی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ عام طور پر ان کا خیال ہے کہ گھریلوں کام کاج ہی سے ان کی اتنی ورزش ہوجاتی ہے کہ انہیں الگ سے کسی ورزش کی ضرورت نہیں، لیکن درحقیقت یہ انداز فکر درست نہیں۔ اگرچہ گھریلو کام کاج سے جسم کو حرکت ملتی ہے لیکن یہ حرکت باقاعدہ اور منظم نہیں ہوتی جو ورزش کا بنیادی مقصد ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ہم ورزش کو اپنے معمولات میں شامل کرلیں تو ہم نہ صرف کئی بیماریوں اور موٹاپے کے مسائل سے بچ سکتے ہیں بلکہ اس سے ہماری توانائی اور کام کرنے کی صلاحیت بھی کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ یہ توانائی دراصل ہمارے جسم میں موجود ہوتی ہے، لیکن ورزش نہ کرنے سے ہم اس سے محروم رہ جاتی ہیں جس سے نہ صرف ہماری کارکردگی متاثر ہوتی ہے بلکہ کئی بیماریاں بھی گھیر لیتی ہیں۔ اکثر خواتین کا یہ خیال ہوتا ہے کہ ورزش کے لیے بہت زیادہ وقت دینا پڑتا ہے یا اس کے لیے کسی پارک میں جانا ضروری ہے اور چونکہ ان کے پاس اتنا وقت نہیں ہوتا اور کسی پارک میں جانا بھی ممکن نہیں اس لیے وہ ورزش کے خیال ہی سے کنارہ کشی کرلیتی ہیں، مگر یہ خیال بھی درست نہیں۔ ورزش کے لیے بہت زیادہ وقت کی ضرورت ہے نہ کسی خاص جگہ کی۔ عام گھریلو خواتین کے لیے روزانہ پندرہ بیس منٹ کی ورزش خاصی ہوتی ہے جو وہ اپنے گھر میں آسانی سے کرسکتی ہیں۔

جہاں تک یہ مسئلہ ہے کہ ورزش کیسے کی جائے تو آئیے آج ہم خواتین کے لیے چند آسان اور مفید ورزشیں بتاتے ہیں جو وہ آسانی سے کرسکتی ہیں اور اپنی صحت و توانائی کو بہتر بناسکتی ہیں۔ ورزش کا ایک اہم اصول یہ ہے کہ جب کوئی پہلی بار ورزش کرتا ہے تو آغاز ہلکی پھلکی ورزش سے کرنا چاہیے تاکہ جسم اس کا عادی ہوجائے۔ بعد ازاں اس کو بتدریج بڑھایا جاسکتا ہے۔

درج ذیل ورزشیں خاصی آسان ہیں جن سے خواتین آسانی سے آغاز کرسکتی ہیں۔

(۱) سیدھی کھڑی ہوجائیں۔ دونوں پاؤں تقریباً ایک فٹ کھلے رکھیں۔ اب آہستہ آہستہ نیچے جھکیں اور پاؤں کو ہاتھ لگانے کی کوشش کریں، لیکن ٹانگوں میں خم نہیں آنا چاہیے۔ شروع میں آپ زیادہ جھک نہیں پائیں گی، لیکن آہستہ آہستہ یہ ورزش بالکل آسانی سے کرسکیں گی۔ آغاز میں یہ ورزش چھ سے آٹھ بار کریں۔ ایک ہفتے کے بعد تعداد بڑھالیں۔

(۲) پاؤں ملا کر سیدھی کھڑی ہوجائیں۔ دونوں بازو بالکل سیدھے رکھیں۔ اب اپنا دایاں گھٹنا آہستگی سے اٹھائیں اور جتنا اوپر اٹھاسکتی ہیں لے جائیں۔ اس کو دونوں ہاتھوں سے پکڑ کر جسم کے ساتھ دبائیں، کمر سیدھی رکھیں۔ پھر ٹانگ کو آہستہ آہستہ نیچے کرلیں اور اب بائیں ٹانگ کے ساتھ یہی ورزش کریں۔ یہ ورزش باری باری دونوں ٹانگوں سے چھ سے آتھ مرتبہ کریں۔ ایک ہفتہ کے بعد تعداد بڑھائیںؤ

(۳) سیدھی کھڑی ہوکر اپنے بازو دوہرے کرکے کندھوں کے برابر لے آئیں۔ مٹھیوں کو مضبوطی سے بھینچ لیں۔ اب کہنیوں کو پیچھے لے جائیں اور کمر سیدھی رکھیں۔ سر میں بھی خم نہ آئے۔ آغاز میں یہ عمل دس سے بارہ مرتبہ دہرائیں۔

(۴) دونوں بازو کولہوں پر رکھ کر سیدھی کھڑی ہوجائیں۔ اب اپنے بازو سامنے کی طرف پھیلائیں اور آہستہ آہستہ اپنے گھٹنے دوہرے کریں۔ پھر آہستگی سے دوبارہ سیدھی ہوجائیں۔ یہ ورزش آغاز میں چھ سے آٹھ مرتبہ کریں۔

(۵) دونوں بازوؤں کو گردن کے پیچھے لے جاکر سیدھی کھڑہوجائیں۔ ٹانگوں میں فاصلہ رکھیں۔ اب ایسی حالت میں دائیں جانب اتنا جھکیں جتنا آپ جھک سکتی ہیں۔ اس کے بعد سیدھی ہوکر یہی عمل بائیں جانب دہرائیں۔ اس ورزش کا آغاز دائیں اور بائیں چھ، چھ مرتبہ کریں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146