کیا آپ دلہن بننے جارہی ہیں ، اگر ایسا ہے تو مبارک ہو۔ مگر کیاآپ کو معلوم ہے کہ دلہن کم ازکم ایک مہینہ یا دو مہینے پہلے ہی سے دلہن بننے کی تیاریاں شروع کردیں۔ آئیے اس تحریر کو پڑھئیے انشاء اللہ آپ کے لیے مفید ثابت ہوگی
پیاری دلہن کم از کم ایک مہینہ یا دو مہینے پہلے سے آپ اپنے حسن پر خصوصی توجہ دینا شروع کردیں۔ رات میں سونے سے پہلے گلاب کا عرق اور چندن پاؤڈر کی مدد سے اچھا سے لیپ تیار رکیں اور چہرے، گردن، گلے اور ہاتھ پیر پر مسلسل دو ماہ تک لگائیں یا پھر گلاب کا عرق اور گلسرین ملا کر روئی کی مدد سے لگائیں اور صبح دھولیں۔ یہ ایک آزمودہ نسخہ ہے اس سے دلہن کا روپ رنگ بے مثال ہوجاتا ہے اکثر ایسا ہوتا ہے کہ بیوٹیشن کا بلیچ بھی اس کے اثرات کے سامنے پھیکا دکھائی دینے لگتا ہے۔ بغیر میک اپ کے آپ بہت پیاری لگیں گی۔ دوسری بات آج کل لڑکیاں بالو ںکو کلر کرواتی ہیں۔ بالوں کو کون سا کلر کریں یہ تو مشورہ بیوٹیشن سے لیجیے مگر دھیان رہے کہ بال کلر کلرمیٹ سے ہرگز نہ کریں بلکہ کلر بازار میں دستیاب مہندی سے کریں۔ اس مہندی کو ۴ سے ۵ مرتبہ لگائیں پھر دیکھئے بال کلر میٹ کی طرح بہت اچھے کلر ہوجائیں گے اور اس سے نقصان بھی نہیں ہوگا۔ شادی میں لگائے جانے والے ابٹن یا ہلدی کو کم از کم ۱۵ دن سے کان کے پیچھے لگاکر ٹیسٹ کرلیں کہ کہیں یہ آپ کے لیے تکلیف دہ یا الرجی کا سبب تو نہیں ہے کہ دانے وغیرہ ابھر آئیں اور جلن ہو یا پھر سیاہ داغ پڑ جائیں ۔ اس طرح کرنے سے آپ دلہن بنتے وقت پریشانی سے محفوظ رہیں گی۔ شادی سے کم از کم ۵ دن پہلے جس طرح آپ دلہن بننے کے وقت تیاری کریں گی مکمل تیاری کرکے دیکھ لیں اس سے آپ بروقت یہ معلوم کرسکتی ہیں کہ کیا پریشانی اس وقت پیش آسکتی ہے، جیسے ڈریس کی فٹنگ درست ہے یا نہیں جولیری پہنتے وقت کیا دشواریاں ہیں کچھ رہ تو نہیں گیا، ہئیر اسٹائل مناسب لگ رہا ہے یا نہیں۔ کپڑوں سے آپ کو کوئی مسئلہ تو نہیں ہورہا ہے۔ اس طرح عین وقت پر پریشان ہونے سے بچا جاسکتا ہے۔
چوڑیاں پیک کرتے وقت انھیں چوڑیوں کو پیک کریں جنھیں آپ پہلے مرتبہ سسرال میں پہنیں گی اور باقی چوڑیاں محفوظ مقام پر رکھ دیں اور پھر دوسری مرتبہ جب آپ جائیں تو ساتھ لے جائیں اس سے چوڑیوں کے چھوٹنے کا امکان بہت کم ہوجاتا ہے۔ دلہن بننے سے چند دن پہلے اپنا پرس خود اپنے ہاتھوں سے تیار رکیں۔ اس میں سر درد، ایسی ڈٹی کی دوائیں اور ہاضمے کی دوا رکھ لیں دیگر ضروریات کی دوائیں بھی رکھ لیں۔ آپ اپنا ٹوٹتھ برش، شیمپو اور کاسمٹک صابن رکھیں۔ ساتھ ہی ایک پیکٹ پیڈ منگوا کر رکھ لیں اگر خدانخواستہ آپ کو اس کی ضرورت محسوس ہو تو آپ کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ گھر کی بزرگ خواتین سے مشورہ کرکے ان کی صلاح کے مطابق اور ضرورت کی چیزیں رکھ لیں اور اس پرس کو اپنے پاس ہی رکھیں تاکہ دوسرے دن ان چھوٹی چھوٹی باتوں کے لیے نہ آپ پریشان ہوں اور نہ دوسرے۔ منہ دکھائی میں ملنے والی رقم کو آپ اپنے شوہر کی صلاح سے خرچ کریں یا تو آپ اپنے بیڈ روم میں جو چیز کم ہے اور اس کی ضرورت کچھ زیادہ ہے تو اسے خرید لیں یا پھر آپ اپنے پسندیدہ میگزین (حجاب اسلامی) کی سالانہ یا لائف ممبر بن جائیں اس طرح پیسوں کا بہترین خرچ ہوسکتا ہے یا پھر اسے بینک میں رکھ دیں کہ بہ وقت ضرور کام آسکے۔