مزیدار پکوان

ماخوذ

مچھلی کے سینڈوچ

اشیا:مچھلی کے قتلے آدھا کلو، انڈے دو عدد، ڈبل روٹی کے ٹکڑے پانچ عدد، نمک آدھی چمچی، تیل یا گھی تین چمچ، اجوائن تین چمچ۔

ترکیب: انڈے اور نمک باہم ملا کر پندرہ منٹ تک خوب پھینٹیں۔ ڈبل روٹی کا اوپر والا سخت حصہ اتاریں اور ہر سلائس کے چھ ٹکڑے کرلیں۔ اب مچھلی کے چوبیس ٹکڑے کریں مگر وہ ڈبل روٹی کے سلائس سے بڑے نہ ہوں۔

مچھلی اور ڈبل روٹی کے سلائس پھینٹتے وقت انڈوں میں ڈبوئیں اور جلدی سے نکال لیں، بس ان پر تھوڑا سا آمیزہ لگنا چاہیے۔ اب مچھلی کے ٹکڑے ڈبل روٹی کے ٹکڑوں پر اس طرح جمادیں کہ سینڈوچ کی شکل بن جائیں۔

سب سینڈوچ بنا کر ٹرے میں پھیلا دیں اور ان پر بقایا ڈبل روٹی کے ٹکڑے کثرت سے چھڑک دیں یہاں تک کہ مچھلی اور روٹی کے تمام ٹکڑے استعمال ہوجائیں۔ اب کڑاہی میں تیل گرم کریں۔ پھر بیک وقت چھ سینڈوچ آرام سے ڈال کر انھیں ڈیڑھ منٹ تک تلیں اور مزے سے کھائیں۔

پنیر کی بریانی

اشیا: چاول ایک کلو، گھی ڈیڑھ کلو، پنیر ایک پاؤ، لونگ پانچ گرام، الائچی اپنچ گرام، زعفران دو ماشہ، پیاز آدھا پاؤ، ادرک دس گرام، میدہ پانچ گرام سے تھوڑا زیاد، نمک حسب منشا، دہی حسب ضرورت، گوشت چھوٹا یا برا ایک کلو۔

ترکیب: پنیر کے ٹکڑے کاٹئے، میدا پانی میں گھول کر اسے سخت کرنے کے بعد پنیر کے ٹکڑوں پر لپیٹئے اور تھوڑے سے گھی میں بھون کر الگ رکھ لیجیے۔ پھر گوشت کے پارچے تھوڑے گھی میں بھونئیے بعد میں الائچی، زعفران اور دہی ملا کر گوشت کے پارچوں پر ملئے۔ اب ان پارچوں کو دیگچی میں رکھ کر ان کے اوپر پنیر کے ٹکڑے، پیاز کالچھا، ادرک، لونگیں اور تھوڑا سا گھی ڈالنے کے بعد ابالے ہوئے چاولوں کی تہ ان سب چیزوں کے اوپر بچھا دیں۔ پھر باقی گھی گرم کیجیے اور اسے بھی چاولوں میں ڈال دیں۔ البتہ اگر یہ محسوس ہو کہ چاول سخت رہ گئے ہیں، تو دیگچی کے اوپر نیچے اور سب طرف آگ رکھ کر چاولوں کو دم دیجیے۔ لیجیے مزیدار بریانی تیار ہے۔

قیمے کا حلوہ

اشیا: قیمہ آدھا کلو (بغیر چربی کے)چینی تین پاؤ، سوجی ڈیڑھ پاؤ، گھی ایک پاؤ، بادام مغز آدھا پاؤ، پستہ آدھا پاؤ، کشمش دس گرام۔ زعفران پچیس گرام، عرق کیوڑہ دوچمچی۔

احتیاط: قیمے کا حلوہ پکانا نہایت آسان ہے مگر اسے پکانے سے پہلے اس بات کا اطمینان کرلیں کہ قیمہ چربی سے بالکل پاک اور مشین سے بالکل باریک پسا ہوا ہے۔

ترکیب: قیمے کو دھوکر ایک پتیلی میں تھوڑا سا پانی ڈالی کر ابال لیں اور سوجی کو الگ برتن میں تھوڑا بھون کر بادامی کرلیں۔ اب بھنی ہوئی سوجی میں قیمہ ملادیں، پھر چینی کی چاشنی بناکر ملادیں۔ اس کے بعد بادام، پستے کی کترنیں، کشمش، زعفران اور عرق کیوڑہ یہ تمام اشیاء ملادیں۔ کچھ دیر تک ہلکی آنچ پر چمچے سے چلاتے رہیں پھر اتار کرٹھنڈا کرنے کے بعد پیش کریں۔

انڈے قیمہ (ہالینڈ کی ڈش)

اشیاء: قیمہ ایک کلو، باسی ڈبل روٹی آٹھ اونس، انڈے دو عدد، نمک حسب ذائقہ، سیاہ مرچ حسب منشا، جائفل حسب ضرورت۔

ترکیب: قیمہ پتیلی میں ڈالیں اور اس کے ساتھ ہی ساری باسی ڈبل روٹی بھی۔ یاد رہے کہ اسے پہلے دودھ اور پانی میں بھگوکر نچوڑ لیا گیا ہو۔ اس کے ساتھ ہی نمک، دو انڈے، سیاہ مرچ اور جائفل بھی ڈال دیں۔ خوب اچھی طرح پکائیں اور پکانے کے بعد مکھن میں بھون لیں۔ پھر مزے مزے سے روٹی کے ساتھ قیمہ کھائیں۔

نوابی طرز کا سموسہ

اشیا: ایک کپ پال پوری، ایک کپ شلڈ پیس، ۱۰۰ گرام پنیر (ٹکڑے کٹے ہوئے) ۴ چمچ آٹا (چنا)، تین چٹکی اخروٹ پاؤڈر، ڈیڑھ چمچ کالی مرچ پاؤڈر، ۳ چمچ تیل تلنے کے لیے، نمک حسبِ ذائقہ۔

ترکیب: ایک کڑھائی میں ۳ چمچ تیل ڈال کر گرم کریں۔ اس میں چنے کے آٹے کو ڈال کر کم آنچ پر ۲، ۳ منٹ تک تل لیں۔ اس میں پالک پوری، شلڈ پیس، پنیر اور حسب ذائقہ نمک ملالیں۔ اور اسے ۲ تا ۳ منٹ تک ہلکی آنچ پر پکائیں۔ اس میں مسالے ڈال کر اچھی طرح ملا لیں۔ کچھ دیر ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں اور جب ٹھنڈا ہوجائے تو گول موٹے ٹکیوں کی شکل میں بناکر تیل میں تل لیں۔ اور اس کے بعد ان کو تین کونی شکل میں کاٹ لیں اور گرما گرم نوش فرمائیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146