یا اللہ شکر ہے

ساجدہ خاتون

شادی کے بعد جب میں سسرال میں رہنے لگی تو میں نے دیکھا کہ گھر کے اور پاس پڑوس کے لوگ ذرا ذرا سی بات پر کہتے ہیں ’’توبہ ، یا اللہ توبہ، توبہ ہے مالک، ہائے توبہ، وغیرہ۔‘‘

مجھے بچپن کی پڑھی ہوئی مائل خیر آبادیؒ کی کہانی ’’ہاضمے کا چورن‘‘ یاد آئی۔ جس میں انھوں نے اس طرح کی توبہ کو ہاضمے کا چورن کہا ہے۔مجھ میں کسی سے کچھ کہنے کی جرأت تو نہ ہوسکی تھی لیکن میں نے اپنے شوہر کو ٹوک کر اصلاح کی مہم چھیڑنے کا پختہ ارادہ کرلیا۔ ایک دن جب انھوں نے کہا ’’توبہ ہے مالک‘‘ ۔

میں نے مسکراتے ہوئے کہا: ’’کس چیز کے لیے توبہ کررہے ہیں۔ کیا گناہ کیا ہے آپ نے؟‘‘ وہ کچھ نہ بولے۔ پھر میں نے بھی کچھ نہیں کہا۔

ایک دن انھوں نے پھر کہا: ’’توبہ ہے مالک۔‘‘ ’’کس گناہ سے توبہ کررہے ہیں؟ کونسا گناہ سرزد ہوگیا ہے آپ سے؟ اللہ کا شکر ادا کیجیے۔ اس کے شکر گزار بنیے، کہئے یا اللہ شکر ہے۔‘‘ میں نے کہا۔

وہ کچھ نہ بولے: میں بھی خاموش ہوگئی۔

کچھ دنوں بعد ایک دن میںان سے کسی بات پر ناراض ہوکر بیٹھ گئی۔ کافی دیر بیٹھی رہی۔ وہ بھی بیٹھے رہے۔ ایک لمبی سانس لیتے ہوئے انھوں نے کہا ’’توبہ ہے توبہ ہے مالک‘‘۔

میں غصے میں بھری بیٹھی ہی تھی ان کے توبہ پر مجھے اور غصہ آگیا۔ بولی:

’’کس چیز کی کمی ہے آپ کے پاس، اللہ نے آپ کو کیا نہیں دیا، گھر، جائیداد، ماں باپ، بھائی بہن، صحت و تندرستی، علم و ہنر سب کچھ تو ہے، پھر یہ جاہلوں کی سی توبہ کیا کیا کرتے ہیں۔ شکر گزاری کے بجائے جب دیکھو جب توبہ ہے، توبہ ہے مالک، توبہ نہ ہوئی حماقت کی گٹھڑی ہوگئی یہ توبہ‘‘۔

وہ کچھ نہ بولے پھر میں بھی نہ بولی۔

اگلے دن علی الصباح میں باورچی خانے میں تھی، آواز آئی یا اللہ شکر ہے۔

میں نے کمرے کی طرف دیکھا۔ وہ انگڑائی لیتے ہوئے کہہ رہے تھے۔ جلدی سے میں گھوم گئی اور خوشی سے دل ہی دل میں کہا ’’یا اللہ شکر ہے بات ان کی سمجھ میں آگئی۔‘‘

اب جب وہ کہتے ہیں ’’یا اللہ شکر ہے مالک‘‘ میں بھی خوشی سے دل ہی دل میں کہتی ہوں یا اللہ شکر ہے میں کامیاب ہوگئی۔ اور اب تو یہ سلسلہ چل پڑا ہے، میری ملنے جلنے والی اکثر عورتوں کی ’’توبہ ہے مالک‘‘ ، ’’اللہ کا شکر ہے‘‘ میں بدلتی جارہی ہے۔ اللہ کا شکر ہے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146