نیکیوں میں سبقت

مہ جبیں رفیقی

غم کا مارا ایک بچہ رحمت عالمﷺ کے دربار میں پہنچا اور فریاد کرنے لگا اس نے کہا یا رسول اللہﷺ فلاں شخص نے زبردستی میرے کھجوروں کے باغ پر قبضہ کرلیا ہے اور مجھے کچھ نہیں دیتا۔ بچے کی فریاد سن کر نبی کریم ﷺ نے فوراً اس شخص کو حاضر ہونے کا حکم دیا۔ تھوڑی ہی دیر میں وہ شخص حاضر ہوا دونوں نے اپنا اپنا مقدمہ پیش کیا۔ خدا کے رسول ﷺ نے غور سے دونوں کے بیانات سنے اور ہر طرح اطمینان کرنے کے بعد فیصلہ سنادیا ۔ رسول اللہ ﷺ کا فیصلہ یتیم کے بچے کے خلاف تھا۔ اپنے خلاف فیصلہ سن کر وہ بچہ بلک بلک کر رونے لگا۔ مگر زبان سے کچھ نہ کہہ سکا۔ اس یتیم بچے کو روتا دیکھ کر خدا کے رسول ﷺ کا دل بھر آیا اور آپؐ بھی رونے لگے۔ تھوڑی دیر بعد رسولِ خدا ﷺ نے اس شخص سے فرمایا بھائی واقعی اس باغ کا فیصلہ تو تمہارے ہی حق میں ہوا ہے، باغ تمہارا ہی ہے۔ لیکن کیا اچھا ہوتا اگر تم اپنا باغ اس یتیم بچے کو ہبہ کردو۔ خدا تمہیں اس باغ کے بدلے میں جنت میںسدا بہار باغ عطا فرمائے گا۔ لیکن اس بات پر وہ شخص تیار نہیں ہوا۔ اس وقت حضرت ابو الدحداحؓ بھی آپؐ کے پاس تشریف رکھتے تھے، وہ فوراً اٹھے اور اس شخص کو خاموشی سے ایک طرف لے جاکر اس سے کہا: اگر میں تمہیں اس باغ کے بدلے میں اپنا فلاں باغ دے دوں تو تم اپنا وہ باغ میرے حوالے کردوگے؟ چونکہ ابوالدحداحؓ کا وہ باغ زیادہ اچھا، بڑا اور پھل دار تھا۔ اس لیے وہ شخص فوراً راضی ہوگیا۔

اب ابوالدحداحؓ رسول کریم ﷺ کے پاس پہنچے اور بولے یا رسول اللہﷺ میں آپؐ سے ایک بات معلوم کرنا چاہتا ہوں۔ رسول اللہ ﷺ نے مسکرا کر کہا کہ پوچھو اے ابوالدحداحؓ۔ انھوں نے کہا یا رسول ﷺ آپؐ جو باغ اس یتیم کو دلوانا چاہتے تھے اگر وہ باغ میں اسے دے دوں تو مجھے اس کے بدلے میں جنت میں باغ ملے گا؟

نبی کریم ﷺ کا چہرہ خوشی سے چمکنے لگا ا ور مسکراتے ہوئے آپؐ نے یقین میں ڈوبی ہوئی آواز میں کہا: ہاں ہاں ضرور ملے گا۔

ابو الدحداحؓ خوشی سے جھوم اٹھے اور کہا یا رسول اللہ ﷺ میں نے وہ باغ اپنے ایک باغ کے بدلے میں اس شخص سے لے لیا ہے۔ اور اب میں وہ باغ اس یتیم بچے کو دے رہا ہوں۔ یا رسول اللہ ﷺ آپؐ گواہ رہیں کہ میں نے صرف خدا کی رضا کے لیے ایسا کیا ہے۔ یہ فیصلہ سننے کے بعد اس یتیم بچے کا چہرہ خوشی سے کھل اٹھا اور خدا کے رسول ﷺ کے چہرے پر بھی خوشی کی چمک دوڑ گئی ابوالدحداحؓ جنت کے باغ کا سودا کرکے خوشی سے سرشار دربارِ رسالت سے واپس آئے۔

’’لوگو! ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش کرو اس جنت کو حاصل کرنے کے لیے جس کی وسعت زمین و آسمان کی وسعت کے برابر ہے۔‘‘

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146