کیلے کے پتے میں مچھلی
اشیا: مچھلی بغیر کاٹنے کی آدھ کلو بوٹیاں، دھنیا ایک گڈی، پودینہ آدھی گڈی، ہری مرچ ۶ عدد، لہسن ۵ جوئے، سرکہ ۱۰ گرام، نمک ۲ چائے کے چمچ، زیرہ ڈیڑھ چمچ، ناریل ایک چوتھائی، چینی ایک چائے کا چمچ، املی کا گودا ایک کھانے کا چمچ، کیلے کے پتے ۳ عدد، گھی ۲۰ گرام۔
ترکیب: (۱) مچھلی کے ٹکڑے سرکے میں آدھ گھنٹہ تک بھگو رکھیں۔ (۲) آدھا چمچہ نمک بھی ڈال دیں (۳) ہرادھنیا، پودینہ، مرچ، لہس، زیرہ، کھوپرا اور چینی بالکل باریک پیس لیں۔ (۴) نمک اور املی اس پسے ہوئے آمیزے میں ملا دیں (۵) یہ آمیزہ مچھلی کے ٹکڑوں پر مل دیں۔ (۶) ایک گھنٹے پڑا رہنے دیں۔ (۷) ہر ٹکڑے پر کیلے کا پتہ لپیٹ کر اوپر دھاگہ باندھ دیں (۸) ہلکی آنچ پر تل لیں۔
میٹ ٹوسٹ:
اشیا: قیمہ ایک پاؤ، ہرا دھنیا آدھی گڈی، کٹی ہوئی ہری مرچ ۲ عدد، ادرک پسا ہوا ایک بڑا چمچہ، ہرا پیاز آدھی پیالی، نمک اندازاً، ڈبل روٹی ۴ تا ۶ سلائس، انڈا ایک عدد، گھی آدھی پیالی۔
ترکیب: (۱) قیمے میں ہرا مصالحہ اور نمک اچھی طرح ملاکر رکھ دیں۔ (۲) ڈبل روٹی کے سلائس دو حصوں میں کرکے ان کے ایک حصے پر چھری سے قیمے کی تہہ جمائیں۔ (۳) انڈا توڑ کر ایک پلیٹ میں پھینٹ لیں۔ (۴) قیمہ لگے ہوئے ڈبل روٹی کے سلائس انڈے میں ڈبو ڈبو کر گھی میں تلتی جائیں۔ (۵) گھی کم ڈالیے گا اور سلائس کا وہ رخ جس پر قیمہ لگا ہو پہلے تلیں اور سادا رخ بعد میں۔ (۶) ہلکے براؤن ہونے پر اتار لیں۔ (۷) کافی یا چائے کے ساتھ استعمال کریں۔
ٹکی ٹماٹر
اشیا: قیمہ ڈیڑھ پاؤ، ہرا دھنیا آدھی گڈی، ہری مرچ ۲ عدد، ادرک ایک بڑا چمچہ، ہرا کٹا ہوا پیاز پاؤ پیالی، نمک آدھا چھوٹا چمچہ۔
سالن کی اشیا: گھی چوتھائی پیالی، پیاز ایک پیالی، نمک حسب خواہش، پسی ہوئی سرخ مرچ ایک چھوٹا چمچہ، ہلدی پاؤ چمچہ، پسا ہوا دھنیا ایک بڑا چمچہ، ٹماٹر ایک پاؤ۔
ترکیب: باریک قیمے میں ہرا مصالحہ یعنی ہرا دھنیا، ادرک،ہرا پیاز، ہری مرچ پیس کر ایک تہائی چمچ نمک ڈالیں اور اچھی طرح ملا لیں۔ (۲) گھی میں پیاز سرخ کریں۔ (۳) تمام مصالحہ ڈال کر بھونیں۔ تھوڑا تھوڑا پانی چھڑکتی جائیں۔ جب مصالحے کی بو ختم ہوجائے تو ٹماٹر باریک کاٹ کر ڈال دیں۔ اور جب تک سب مصالحے ایک نہ ہوجائیں بھونتی رہیں۔ (۴) دو پیالے پانی ڈال کر تیز آنچ پر جوش دیں (۵) قیمے کی چھوٹی چھوٹی ٹکیاں بناکر پکتے ہوئے مصالحے میں ڈال دیں چمچ نہ ماریں مگر پتیلی کو دستے سے پکڑ کر برابر ہلاتی جائیں۔
آم کی چٹنی
اشیا: آم سبز ۵۰ عدد، سرکہ ۴۰۰ گرام، چینی ۲۰۰ گرام، املی پسی ہوئی ا کلو گرام، کشمش پسی ہوئی ۵۰۰ گرام، ادرک کتری ہوئی ۵۰۰ گرام، دارچینی پسی ہوئی ۳ گرام، جائفل ۳ گرام، نمک ۵۰۰ گرام۔
ترکیب: آموں کو چھیل لیں۔ اور باریک باریک ٹکڑے کریں۔ ان پر نمک چھڑکیں، ان کو اسی حالت میں ۳۶ گھنٹے تک رہنے دیں۔ پھر اچھی طرح صاف کریں، سرکہ اور چینی ڈیڑھ کلو گرام لے کر ابالیں اور شربت بنائیں۔ باقی ماندہ سرکہ کو برتن میں ہی محفوظ رہنے دیں۔ آموں کو ملادیں۔ انہیں ابالیں۔ دس منٹ تک آہستہ آہستہ ابالتے رہیں۔ پھر اس میں املی، کشمکش، اور دارچینی اور جائفل ملادیں۔ نصف گھنٹے تک آہستہ آہستہ پکاتے رہیں اور اس میں قوام کا بیشتر حصہ ملاتے رہیں۔ جب وہ جذبت ہوجائے تو بوتلوں میں ڈال لیں۔ مضبوط کارک لگائیں اور کسی خشک جگہ پر رکھیں۔ اس چٹنی کے پکانے اور تیار کرنے میں ڈیڑھ گھنٹہ صرف ہوتا ہے۔
آم سبز کا مربہ
اشیا: آم سبز ایک کلو گرام، چینی ۲ کلو گرام، چونا ۳۵ گرام، نمک ۲۵ گرام۔
ترکیب: آموں کو دھوئیں، چھلیں اور اندر کا حصہ علیحدہ کریں۔ گودا آم کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑکے کاٹیں۔ کانٹے سے ان میں سوراخ کریں۔ پھر چونا میں پانی ڈال کر محلول تیار کریں۔ اس میں آک کے ٹکڑوں کو دو گھنٹے تک ڈبوئے رکھیں۔ اور باہر نکال کر دھوئیں۔ کسی پلیٹ میں ان پر نمک مل کر آدھ گھنٹہ تک پڑا رہنے دیں۔ اب انہیں گرم پانی سے دھوئیں اور کسی تام چینی کے برتن میں ڈال کر آگ پر رکھیں اور آم کے ٹکڑوں کو نرم کریں۔ پانی کو نکال دیں اور چینی کا پتلا شربت ان میں ڈال دیں۔ اور پکا کر قوام لعاب دار بنائیں۔ ٹھنڈا ہونے پر بوتلوں میں بھردیں۔
فضلی آم کا مربہ
اشیا: فضلی آم ایک کلو گرام، چینی ایک کلو گرام۔
ترکیب: آموں کو چھیلیں۔ لمبائی کے رخ کاٹ کر قتلے بنائیں، ہر ایک ٹکڑے میں کانٹا سے سوراخ کریں۔ آدھے گھنٹہ کے لیے ٹھنڈے پانی میں ڈبو رکھیں، پھر ان ٹکڑوں کو نکال کر خشک کرلیں۔
چینی کا پتلا سا شربت بناکر آگ پر رکھیں۔ جب ابال آجائے اس میں ٹکڑے ڈال دیں۔ جب قوام گاڑھا ہونے لگے، آگ پر سے اتارلیں۔ مرتبان میں ڈال دیں۔ اوپر بچا ہوا قوام جو گاڑھا ہوگیا ہوگا ڈال دیں۔ منہ بند کردیں۔ اور سیل بند کردیں۔
آم کا لذیذ ترین مربہ
اشیا: آم ایک کلو گرام، چینی ۲ کلو گرام، زعفران ۱ گرام، پھٹکری ۳ گرام، لیموں کا رس ۲۵ گرام، روح کیوڑہ ۶۰ گرام۔
ترکیب: آم چھیل کر صاف کریں، گٹھلی دور کردیں۔ کانٹا سے چھوٹے چھوٹے سوراخ کرکے قتلیاں کاٹیں۔ پھی چونے کے پانی میں بھگوئیں۔ پھر پانی نتھار کر خالص پانی میں پھٹکری ڈال کر جوش دیں۔ جب گل جائیں تو نکال کر تختہ پر ڈال دیں تاکہ خشک ہوجائیں۔
کھانڈ کا شیرہ تیار کرکے اس میں قتلیاں زعفران، لیموں کا رس ڈال کر جوش دیں۔ ٹھنڈا کرکے استعمال کریں۔ بے حد لذیذ مربہ ہے۔