جھینگا ایک عجیب گریوی (شکل) میں:
اشیا: جھینگا مچھلی صاف کی ہوئی۵۰۰ گرام، دوبڑے چمچ مکھن، دو بڑے چمچ کٹا ہوا لہسن، دو بڑے چمچ ہری پیاز باریک کٹی ہوئی، دو بڑے چمچ مسٹرڈ پیسٹ، کریم آدھا پیالہ، ٹومیٹو سوس چوتھائی پیالہ نمک اورکالی مرچ حسبِ ذائقہ۔
طریقہ: دو بڑے چمچ مکھن گرم کریں اور اس میں لہسن اور پیاز کا سفید حصہ ڈال کر بھونیں۔ اب اس میں جھینگا مچھلی اور مسٹرڈ پیسٹ ڈال کر ایک دو منٹ تک بھونیں۔ اس کے بعد ٹومیٹو سوس اور کریم ملائیں۔ نمک، کالی مرچ، اور پیاز کا ہر ا حصہ ڈالیں۔ اس کا ذائقہ بریڈ یا اسٹیمڈ رائس کے ساتھ آئے گا۔
اچاری مرغ
اشیا: مرغ ایک عدد ۱۰ ٹکڑوں میں کٹا ہوا، پیاز ۳ عدد کسے ہوئے، ادرک و لہسن کا پیسٹ ایک ایک چمچہ، پون پیالی سرسوں کا تیل، آدھی پیالی سرکہ، ڈیڑھ چمچہ سونف موٹی پسی ہوئی، نمک و لال مرچ حسبِ ذائقہ، ایک چمچہ میتھی دانہ، آدھا چمچہ پسا زیرہ۔
ترکیب: مرغ کے ٹکڑوں کو سرسوں کے تیل میں تل کر نکال لیں۔ اسی تیل میں کسی ہوئی پیاز کو براؤن تل لیں اور پھر ادرک و لہسن کا پیسٹ ڈالیں اور سرخ ہوجانے پر مرغ کے ٹکڑے، نمک مرچ مسالے اور سرکہ ڈال کر دس منٹ پکائیں اور اتارلیں۔ روٹی کے ساتھ نوش فرمائیں۔
شاہی کسٹرڈ ٹکڑے
اشیاء: ڈھائی پیالے دودھ، آدھی پیالی شکر، تین بڑے چمچ کسٹرڈ پاؤڈر، آدھا چمچ ونیلا اسینس، آٹھ بریڈ سلائس، پون پیالی کریم، ایک بڑا چمچ پستہ، ایک بڑا چمچ گھی، ایک بڑا چمچ گلیزڈ چیری، چوتھائی پیالی پانی۔
ترکیب: بریڈ سلائس کو آدھا کاٹ کر تیل میں تل لیں، ایک برتن میں آدھا دودھ گرم کریں، اور اس میں آدھی ہی شکر ملائیں۔ کسٹرڈ پاؤڈر کے پیسٹ کو ابلتے دودھ میں ڈال کر گاڑھا کسٹرڈ تیار کرلیں۔ باقی کے دودھ اور شکر کو ایک الگ برتن میں گاڑھا ہونے تک ابلنے دیں۔ اس میں تلے ہوئے بریڈ کے ٹکڑے ڈالیں اوردو منٹ تک اس میں رہنے دیں۔ انہیں نکال کر آنے والی ڈش پر بچھائیں۔ اب ہر سلائس پر کسٹرڈ اور ملائی ڈالیں۔ اوپر پستہ اور چیری سے سجائیں۔ مرضی کے مطابق ٹھنڈا یا گرم پیش کریں۔
بوٹی کباب
اشیا: ایک کلو گوشت پون انچ کے ٹکڑوں میں کٹا ہوا، ۶ چمچ دہی، چوتھائی کپ لیموں کا عرق، چوتھائی کپ ٹماٹر کا پیسٹ، ایک چمچ پسا دھنیا، ایک چمچ ہلدی، آدھا چمچ لونگ، لہسن دس جوئے، دو چمچ سرسوں، ایک چمچ زیرہ، ایک چمچ گرم مسالہ، دار چینی و جاوتری آدھا آدھا چمچ، ادرک ایک چھوٹا ٹکڑا۔
ترکیب: ٹماٹر پیسٹ، دہی، سرسوں، نمک، چوتھائی کپ تیل اور لیموں کے رس میں سبھی مسالے ڈال کر باریک پیسٹ بنالیں۔ گوشت کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے صاف کرکے شیشہ کے ایک پیالے میں رکھ دیں اور تیار پیسٹ اس کے اوپر ڈال کر اچھی طرح ملادیں اور ڈھک کر کم از کم چار گھنٹے کے لیے فریچ میں رکھ دیں۔ بعد میںنکال کر ہلکی آنچ پر بھونیں۔ بہتر ہے کہ کوئلے کی آگ میں بھونا جائے۔
آلو چھولے
اشیا: چنا ڈیڑھ کپ، دو درمیانی سائز کے آلو آدھے ابلے ہوئے، چائے پتی ایک چمچہ، سوکھا آملہ دو تین عدد، تیل چوتھائی پیالی، زیرہ دو چمچ، ہری مرچ ۴،۶ عدد، لہسن پیسٹ ایک چمچ، ادرک پیسٹ ایک چمچ، دھنیا پاؤڈر ۲ چمچ، زیرہ پاؤڈر ۲ چمچ، لال مرچ پاؤڈر حسبِ ذائقہ، سوکھا امچور پاؤڈر آدھا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، انار دانا ایک چمچ، گرم مسالہ پاؤڈر ایک چمچ، درمیانی سائز کے دو ٹماٹر۔
ترکیب: کابلی چنا آٹھ دس گھنٹوں بھگو کر رکھ دیں، چائے پتی اور آملہ کو باریک کپڑے میں رکھ کر پوٹلی بنالیں۔ اب بھیگے چنے نکال کران میں ۶-۸ پیالی پانی ملائیں۔ اب اس میں نمک اور پوٹلی ڈال کر لگ بھگ ۲۰ منٹ پکائیں کہ چنے نرم ہوجائیں۔ اب ابلے چنے نکال لیں اور پانی محفوظ رکھیں۔ پوٹلی نکال کر پھینک دیں۔ اب ابلے آلو کا چھلکا اتار کر کوئی ایک انچ کے چوکور ٹکڑے کاٹیں، برتن میں دو تین چمچہ تیل ڈالیں۔ گرم ہوجانے پر آلو ہلکے بھورے تل لیں اور نکال کر تیل خشک کرنے والے کاغذ پر رکھ لیں۔ انار دانا اور موٹا زیرہ اور کوکنگ اسٹاک بھی اور تیز آنچ پر پکائیں۔ اب اس میں بھنا مسالہ (انار دانہ، زیرہ) ڈال دیں اور تھوڑے ابلے چنوں کا پانی بھی۔ اب اس میں آلو کے ٹکڑے اور باریک کٹے ہوئے ٹماٹر بھی ملا دیں۔ اب گرم مسالہ چھڑک دیں۔ گیس بند کردیں اور ہرے دھنئے سے سجا کر پیش کریں۔
کھویا پراٹھا
اشیا: میدہ ایک کپ، آٹا ایک کپ، گھی ۴ چمچ، پسی شکر ۴ چمچ، دودھ ۲ کپ، پراٹھے تلنے کے لیے گھی، کھویا ۲۰۰ -۱۵۰ گرام، خشک دودھ ۵۰ گرام، کشمش ۵۰ گرام، تیل ۲ چمچ۔
ترکیب: تیل کو کڑھائی میں گرم کریں اور اس میں کھویا ڈال کر ہلکی آنچ پر پگھلنے دیں۔ کشمش اور خشک د ودھ اس میں ملا کر پکائیں اور مسلسل چلاتی رہیں یہاں تک کہ وہ خشک ہوجائے۔ اتار کر ٹھنڈا ہونے دیں۔اب آٹا، میدہ، پسی شکر اور گھی کو ایک ساتھ ملا کر احتیاط سے اس میں دودھ ملا کر گوندھ لیں اور لوئی بنالیں۔ اب ہتھیلیوں کو تیل لگا کر چکنا کریں اور لوئی کودبا کر پھیلائیں۔ پھر اس میں کھویا رکھ کر احتیاط سے بند کریں۔ اب دھیان کے ساتھ بیلن سے بیل کر پراٹھا بنائیں اور گھی سے ہلکی آنچ پر اچھی طرح تلیں۔ اب اسے نورتن سبزی یا کباب کے ساتھ پیش کریں۔