گھنے، لمبے اور سیاہ چمک دار بال عورت کا حسن ہیں اور ہر عورت کی چاہت بھی۔ آپ بھی اپنی اس چاہت کو پورا کرسکتی ہیں، مگر اس کے لیے ضروری ہے احتیاط، صحیح دیکھ بھال اور مناسب غذا۔ ذیل میں چند چیزیں لکھی جارہی ہیں۔ ان باتوں کو آزماکر دیکھیے آپ کی تمنا پوری ہوتے دیر نہیں لگے گی، انشاء اللہ!
بالوں کا مزاج اور ان کی ضروریات حقیقت میں موسم سے کافی حد تک متاثر ہوتی ہیں۔ اس لیے موسم اور اس کی ضروریات کا بھی لحاظ رکھاجانا چاہیے۔ مگر درج ذیل چیزیں ایسی ہیں جو ہر وقت اور ہر موسم میں مفید ہیں۔
٭ سر کی پندرہ سے بیس منٹ تک زیتون کے تیل سے مالش کریں پھر گرم پانی میں تولیے کو نچوڑ کر سر پر باندھ لیں تاکہ گرم بھاپ سر کی اندرونی تہہ تک پہنچ جائے اس سے بالوں کی مضبوطی میں اضافہ ہوتا ہے۔
٭ لمبے بالوں میں روسی کی پریشانی ایک عام بات ہے، اس لیے کنڈیشنگ کے لیے دہی کا استعمال کریں۔ چمک لانے کے لیے لیمو کا رس اور چائے کے پانی سے بالوں کو صاف کریں۔
٭ آپ بالوں کو تین مرتبہ شیمپو سے دھوئیں، لمبے بالوں کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے آپ گھریلو پیک کا بھی استعمال کرسکتی ہیں۔
٭ اگر بالوں کی لمبائی کم ہے تو انھیں دو مہینے میں ایک مرتبہ ضرور کٹوائیں، ممکن تو ہو بلنسٹ کٹ یا پھر ڈریسنگ کروالیں۔
٭ مہندی کا استعمال آپ کے بالوں میں چمک لانے کے ساتھ ساتھ اس کی کنڈیشنگ بھی کرتا ہے۔
٭ سفید ہوتے بالوں کی سفیدی دور کرنے اور بالوں میں چمک لانے کے لیے مہندی کا ایزنٹ کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
٭ اگر آپ بالوں کو رنگنے کی شوقین ہیں تو کسی خاص کاسمیٹک سینٹر میں ہی رنگ کروائیں، اس دوران اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ رنگ بال کی جڑوں تک نہ پہنچے ورنہ یہ کلر آپ کے بالوں کی جڑوں کو کمزوربناسکتا ہے۔
٭ اگر آپ کسی وجہ سے پورے ہفتے بال نہیں ہوتے تو بیکنگ سوڈا یا کوئی بھی بیبی پاؤڈر آپ کے بالوں کی چپک کو دور بھگا سکتا ہے۔
٭ لمبے بالوں کی خوبصورتی قائم رکھنے اور دیکھ بھال کے لیے بلیزنگ اور ٹوننگ پر دھیان دینا بہت ضروری ہے۔
٭ آپ اپنے بالوں کو آنولہ، ریٹھا اور شیکاکائی سے بھی صاف کرسکتی ہیں ، بالوں میں کبھی بھی کیمکل کا استعمال نہ کریں اور زیتون کے تیل سے پابندی کے ساتھ مالش کریں۔
٭ سوکھے ریٹھے کو کالے برتن میں بھگو کر رکھنے کے بعد اسے لگانے یا اس سے سر دھونے سے آپ کے بال ملائم اور چمکدار بن سکتے ہیں۔
٭ چپچپے بالوں کو ہمیشہ سوکھا رکھیں دن بھر میں آٹھ سے دس گلاس پانی ضرور پئیں۔
٭ شیمپو میں زیتون کے تیل کی کچھ بوند ملاکر لگانے سے بال خوشبودار بنتے ہیں۔ شیمپو کرنے کے بعد کنڈیشنگ کرنا کبھی نہ بھولیں۔
چہرے کے دانے
جن لوگوں کی جلد کا مزاج چکنا ہوتا ہے وہ اپنے چہرے کو لے کر کافی پریشان رہتے ہیں اور یہ بات عام ہے کہ چکنی جلد والوں کے زیادہ دانے نکلتے ہیں۔ اس کے تدارک کے لیے ایسے میں کیا کیا جائے یہ بڑا مسئلہ ہے۔ آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ آپ چہرے کے ان دانوں پر کس طرح قابو پاسکتی ہیں۔
اس کے لیے بیسن مفید ہے۔ تھوڑے سے دودھ میں بیسن ملاکر گاڑھا گاڑھا گھول بنا لیجیے۔ آدھے لیموں کا رس بھی اس میں ڈالیے اور دو چٹکی پسی ہوئی ہلدی ملاکر چہرے پر اچھی طرح لگائیے اور لیٹ جائیے۔ جب خشک ہوجائے تو تھوڑی سی روئی پانی میں بھگو کر چہرہ صاف کرلیجیے اور تازہ پانی سے منہ دھو لیجیے۔ ہفتے میں دوبار یہ لیپ (ماسک) لگائیے۔
یاد رکھئے کہ اچھی جلد کا راز غذائیت بخش خوراک، صفائی اور ورزش میں مضمر ہے۔ اچھی جلد ہی حسن بخشتی ہے۔ تازہ خون بنتا رہے تو جلد بھی خوبصورت رہتی ہے۔ تازہ دہی کا ایک پیالہ روزانہ غذا میں شامل کیجیے۔ کچی سبزیاں مثلاً گاجر، شلجم، مولی، ٹماٹر وغیرہ کھائیے۔ پودینے کے پتے ایک گلاس پانی میں جوش دے کر ٹھنڈا کیجیے اور پیجئے، جلد کے لیے مفید ہے۔ نیم کے پتے خشک کرکے پیس لیجیے، یہ سفوف رات کو سوتے وقت دانوں پر لگائیے۔ دانے زیادہ ہوں تو تھوڑے سے پانی میں سفوف گھول کر لگاسکتی ہیں۔ قبض بالکل نہ ہونے دیجیے، اس موذی بیماری سے دانے زیادہ نکلتے ہیں۔ نیم کی نمبولیاں بھی پیس کر آپ دانوں پر لگا سکتی ہیں۔ دانوں کے نشان جلدی نہیں جاتے، وقت لگتا ہے۔
گرمی میں چہرہ بار بار دھوئیے تاکہ اس پر چکنائی نہ جمے۔ رات کو سوتے وقت اچھی طرح منہ دھوکر سوئیے اور کم از کم آٹھ گلاس پانی روزانہ پیجئے۔ آپ کے گاؤں میںتازہ چھاچھ ملتی ہوگی، ایک دو گلاس چھاچھ پیجئے۔ آپ کے جسم سے حدت اور خشکی دور ہوگی۔