دانتوں کی خرابی
میرے دانتوں سے خون نکلتا ہے۔ کبھی بدبودار رطوبت بھی خارج ہوتی ہے۔ ہم گاؤں میںرہتے ہیں۔ مجھے آسان سا علاج بتائیے جو گھریلو طور پر کرسکوں۔ کوئی دوا نہیں خرید سکتی۔
٭ بی بی! آپ دانتوں کی صفائی کا خیال رکھیے۔ دونوں وقت کھانا کھانے کے بعد خوب غرارے کیجیے۔ گاؤں میں امرود کے پیڑ ہوں گے۔ صبح دانت صاف کر کے تین چار امرود کے نرم پتے منہ میں خوب چبائیے تاکہ رس منہ میں اچھی طرح گھل جائے۔ امرود میں وٹامن سی ہوتا ہے۔ کچے امرود خوب چبا چبا کر کھانے سے بھی مسوڑھوں سے خون آنا بند ہوجاتا ہے۔ امرود کے مٹھی بھر پتے دو گلاس پانی میں پکائیے اور اس سے غرارے کیجیے۔
انار کا خشک چھلکا باریک پیس کر رکھیے۔ تھوڑا سا نمک اور پسی کالی مرچ ملا کر گھریلو منجن بنائیے۔ رات کو سوتے وقت یہ منجن لگائیے۔ اس سے دانت مسوڑے مضبوط ہوں گے اور خون نہیں نکلے گا۔ گاجر اور پالک کی سبزی روزانہ کھائیے۔ ایک لیموں کا رس پانی میں ملا کر اس میں تھوڑی چینی اور نمک ملائیے اور روز پئیں آپ کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔
جسم پر سیاہ دھبے
سردیوں میں میرا سارا جسم خشکی کی زد میں آجاتا ہے۔ طرح طرح کے مرہم لگاتی ہوں، مگر نہانے کے بعد جسم میں خارش شروع ہوجاتی ہے۔ دوسرے میرے جسم پر نیلے، کالے دھبے پڑ جاتے ہیں جو کچھ دن بعد ختم ہوتے ہیں۔ ان کا علاج بھی بتائیے۔
بی بی! اکثر لوگوں کو موسم سرما میں خشکی کی شکایت رہتی ہے۔ ان کی جلد زیادہ حساس ہوتی ہے۔ آپ اپنی غذا میں گیہوں کا دلیہ ضرور شامل کیجیے اور نہانے سے قبل جسم پر زیتون کا تیل لگائیے۔ زیتون کے تیل سے بڑھ کر کوئی دوا نہیں۔ یہ خشکی دور کرتا ہے۔ جلد کے نیچے خون منجمد ہوجائے، تو دھبے نظر آتے ہیں۔ سردی میں باقاعدگی سے زیتون کا تیل لگانے سے خشکی ختم ہوجاتی ہے۔ جو دھبے پڑ گئے ہیں، ان پر دن میں تین بار زیتون کا تیل لگائیے اور ہلکی مالش کیجیے تاکہ وہ جذب ہوجائے۔ اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کر کے حیاتین تجویز کرائیے۔ زیتون کے تیل سے سیاہ دھبے ختم ہوجائیں گے۔ حیاتین لیںگی، تو آئندہ دھبے نہیں پڑیں گے۔
انجیر کے کرشمے
میرے بچے کے دانت میلے ہیں۔ سفیدی اور چمک نظر نہیں آتی حالاںکہ باقاعدگی سے ٹوتھ پیسٹ کرتے ہیں۔ میری بیٹی کا وزن بھی بڑھ گیا ہے۔ مشورہ دیجیے، میں بازاری دوا نہیں دینا چاہتاـ قبض دور کرنے کا بھی ٹوٹکا لکھیے۔
٭ بازار سے نرم اور تازہ انجیر خریدیے۔ کالی، سوکھی اور سخت انجیر بیکار ہے۔ مزید براں انجیر توڑ کر دیکھئے، بعض دفعہ اس میں باریک باریک سفید دھاگے کی طرح کیڑے نظر آتے ہیں۔ وہ بھی ٹھیک نہیں۔ سنہری رنگت کی انجیر بہترین ہے۔ بچوں کے دانتوں کے لیے انجیر کا منجن بے مثال ہے۔ سات آٹھ خشک انجیر توے پر جلائیے، جب جل کر راکھ بن جائے تو اتار لیں۔ اب اسے کسی اچھے منجن میں ملائیے یا ویسے ہی صبح شام دانتوں پر ملیے۔ چند روز میں دانتوں کی پیلاہٹ دور ہوجائے گی۔ انجیر کا منجن سارا میل اتار دے گا۔ اس سے بہتر کوئی ٹوٹکا نہیں۔
ہمارے ہاں اشتہارات دیکھ کر لڑکیاں وزن کم کرنے والی ادویہ خرید کر کھاتی ہیں۔ ان سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ انجیر ہی پیٹ اور کمر کی چربی آہستہ آہستہ پگھلا کر وزن کم کرتی ہے۔ اس سے نقصان بھی نہیں ہوتا۔ چار پانچ دانے انجیر کے روزانہ کھائیے، فرق پڑ جاتا ہے۔ جو خواتین بچوں کو دودھ پلائیں کمزوری کی وجہ سے ان کا چہرہ بد رنگ لگتا ہے۔ وہ اگر دن میں چند دانے انجیر کے کھالیں تو بچے کو دودھ وافر ملے گااور چہرے کا رنگ بھی صحیح ہوجائے گا نیز صحت بھی ٹھیک رہے گی۔
قبض دور کرنے کے لیے بھی انجیر مفید ہے۔ سات دانے رات کو پانی میں بھگوئیے۔ صبح کھاکر پانی پی لیجیے۔ ساتھ ہی دودھ کا ایک گلاس نیم گرم پئیں۔ کچھ لوگ رات کو انجیر کھاکر گرم دودھ پی لیتے ہیں، اس سے بھی قبض نہیں رہتا۔ دو تین بادام کی گریاں بھی چبائی جائیں تو صحت بہتر ہوجاتی ہے۔ نہار منہ پانچ انجیر اور پانچ بادام شہد ملے پانی کے ساتھ کھانے سے صحت بہتر ہوتی ہے۔ موسم سرما میں انجیر ویسے بھی بہت مفید ہے۔ خود کھائیے اور گھر والوں کو بھی کھلائیے۔
السر دور کرنے کا نسخہ
محترم سعید صاحب نے السر دور کرنے کا ایک آزمودہ نسخہ بھیجا ہے۔ کچے کیلے باریک کاٹ کر خشک جگہ میںسکھائیے۔ جب سوکھ جائیں تو ہاون دستہ میں یا سل پر باریک پیس کر رکھ لیں۔ گرائینڈر میں نہ پیسیے فائدہ نہیں ہوگا۔ اب اس سفوف کی آدھی چمچی پانی کے ساتھ دن میں دو بار لیجیے۔ استعمال کر کے ضرور بتائیے۔
سیاہ شہد
میری ایک عزیزہ نے مجھے ایسا شہد دیا جس کا رنگ تقریبا سیاہ ہے۔ بازار میں دستیاب شہد تو صاف اور سنہری ہوتا ہے۔ عزیزہ کا کہنا ہے کہ تیز رنگ کا یہ شہد قابل استعمال ہے یا نہیں؟
شہد کئی رنگ کا ہوتا ہے۔ وجہ یہ ہے کہ مکھیاں جن پھلوں کا رس چوسیں، شہد میں ان کے رنگوں کا اثر آجاتا ہے۔ بہرحال کہتے ہیں کہ شہد میں جتنی معدنیات ہوں گی، اتنا ہی اس کا رنگ تیز ہوگا۔ کئی برس پہلے میری آنکھوں میں تکلیف ہوئی تھی۔ کسی نے کہا، نیم کا شہد آنکھ میں لگاؤ۔ کچھ ملنے والوں سے ذکر ہوا تو پتا چلا کہ ایک خاتون کے گھر نیم پر شہد کا چھتہ لگا ہے۔ انھوں نے چھتہ اتروایا، تو تقریبا تین پاؤ شہد نکلا۔ انھوں نے مجھے بھجوا دیا۔ یہ شہد نیم کی کڑوی بو والا اور سیاہ رنگ کا تھا۔ وہ شہد آنکھوں پر لگایا تو چند دن میں آرام آگیا۔ میں نے پھر بہت سارے لوگوں کو وہ شہد دیا۔ـ لہٰذا آپ اطمینان سے شہد استعمال کیجیے، یہ مفید ہے۔ آپ کو مکمل غذائیت دے گا۔
جو لوگ صبح کے وقت پانی یا دودھ میں شہد ملا کر پئیں، ان کی صحت بہتر رہتی ہے۔ بعض دفعہ شہد جم جاتا ہے۔ اسے پگھلانے کا یہ طریقہ ہے، ایک برتن میں پانی ابالییـ۔ ابلنے لگے تو بوتل پانی میں ڈال دیں۔ گرمی سے شہد پگھل جائے گا۔ مچھلی کے ساتھ شہد کھانے سے بعض دفعہ جسم پر سفید داغ پڑ جاتے ہیں، احتیاط کیجیے۔ اسی طرح کچھ لوگ توانائی پانے کی خاطر اصلی گھی میں شہد ملا کر روٹی کے ساتھ کھاتے ہیں۔ یہ طریقہ بھی غلط ہے، اس سے نقصان ہوتا ہے۔
کام کی تھکن ہو، تو شہد پانی میں ملا کر استعمال کیجیے۔ ہمارے ہاں شہد ہزارہا برس سے مستعمل ہے۔ ہمارے پیارے رسولﷺ کو شہد پسند تھا۔ سورہ النحل میں اس کی صفات بیان کی گئی ہیں۔ شہد کا موم بھی ادویہ کی تیاری میںکام آتا ہے۔ دیہات میں جو شہد چھتے سے نکالا جائے، وہ خالص ہوتا ہے۔ اس کا ذائقہ بھی مختلف ہوتا ہے۔ آپ اسے ضرور استعمال کیجیے اور گھر والوں کو بھی کھلائیے۔ آج کل بازار میں بھی شہد چھتے سمیت مل جاتا ہے، شیر خوار بچوں کو بھی دیجیے، صحت بہتر ہوتی ہے۔
چہرے کے داغ
میرے دو مسئلے ہیں۔ لاکڑا کاکڑا نکلی تو چہرے پر داغ رہ گئے جو بہت برے لگتے ہیں۔ یہ کیسے دور ہوں گے؟ دوسرے میری بہن پانچ ماہ کے حمل سے ہے۔ کیا نرینہ اولاد کے لیے کوئی نسخہ ہے؟ اسکی بھوک ختم ہوگئی ہے، بہت تھوڑا کھانا کھاتی ہے۔آپ کے سارے مشورے اچھے لگتے ہیں، ہمیں بھی مشورہ دیجیے۔
٭ لاکڑا کاکڑا کے داغ آہستہ آہستہ ختم ہوتے ہیں۔ دانوں کو نوچنا نہیں چاہیے۔ بہرحال آپ گھیکوار کا گودا رات کو لگا کر سوئیے اس سے فرق پڑے گا۔ نرینہ اولاد دینا تو اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے۔ تاہم اس کی دوا حکیم عبد الوحید سلیمانی دیتے ہیں ار دعا بھی بتاتے ہیں، مگر اب کچھ نہیں ہوسکتا کیوں کہ بچے کی جنس متعین ہوچکی۔ یہ دوا شروع کے مہینوں میں دی جاتی ہے۔ بھوک بڑھانے کے لیے آپ بہن کو آلو بخارے کی چٹنی کھلائیے یا ایک دو آلو بخارے کھانے کے ساتھ لیں۔ ڈاکٹر سے معائنہ باقاعدگی سے کرائیے تاکہ کوئی مسئلہ جنم نہ لے۔
گردن پر مسہ
میری گردن کے سامنے والے حصہ پر ایک مسہ بن گیا ہے جو بہت برا لگتا ہے۔ اس کی وجہ سے گلے میں کچھ نہیں پہن سکتی۔ اسے دور کرنے کا کوئی ٹوٹکا بتائیے۔ میری جلد حساس ہے، تیز دوا سے نشان پڑ جاتے ہیں۔
٭ بی بی! آپ رات کو ایک کیلا اچھی طرح پانی سے دھوئیے اور خشک کر کے چھلکا اتار ئیے۔ پھر اندر کا سفید حصہ مسے کے اوپر آہستہ آہستہ رگڑیے۔ چار پانچ ٹکڑے ملیے پھر ایک ٹکڑے کا سفید حصہ مسے پر رکھیے اور اوپر ٹیپ لگا دیجیے۔ صبح اتار لیجیے، مسلسل یہ عمل کرنے سے مسہ تحلیل ہوجائے گا۔ آپ کی جلد حساس ہے، اس لیے یہ ٹوٹکا لکھا۔ اس سے جلد کو نقصان نہیں ہوگا۔
مٹاپا کیسے دور ہو؟
میرا وزن بڑھ گیا ہے۔ اٹھارہ سال کی ہوں، پتا نہیں ایک دم چربی چڑھ رہی ہے۔ میں کافی پیتی ہوں، لیکن اس سے تو مٹاپا نہیں ہوتا، میں کس طرح دبلی ہوسکتی ہوں؟
٭ مٹاپا ایک دم نہیںآتا۔ آپ ضرور تلی ہوئی چیزیں، چاول اور چینی کا بے دریغ استعمال کرتی ہیں۔ اپنی غذا پر توجہ دیں تو بغیر علاج آپ کا وزن ٹھیک ہوجائے گا۔ سفید زیرہ منگائیے اور ہلکا سا کوٹ کر رکھ لیں۔ بس دو تین ٹکڑے ہوجائیں۔ زیادہ باریک بھی نہ ہو۔ پھر پانی پکائیے۔ ایک پیالی پانی میںآدھی چمچی سے بھی کم زیرہ ڈالیے۔پھر چائے کی طرح دم دیجیے۔ چھان کر اس میں آدھا چمچہ شہد ملائیے اور آدھے لیموں کا رس۔ صبح یہی چائے لیں۔ شام کو جب کافی پینے کا دل چاہے تو صرف سفید زیرہ کی چائے بنا کر پی لیجیے۔ ذائقہ کے لیے معمولی شہد ڈالیے۔
بازار میں دستیاب مٹاپا کم کرنے کی ادویہ بالکل نہ کھائیے۔ دوپہر کو سلاد بنا کر کھائیے اور آہستہ آہستہ اپنی خوراک کم کریں۔ صبح شام آدھ گھنٹہ چہل قدمی کیجیے۔ میری ایک واقف کار موٹی لڑکی تھی۔ اس نے اپنا وزن صرف گھر میں جھاڑو اور فرش پر گیلا کپڑا لگا کر ڈیڑھ دو ماہ میں کم کرلیا۔ چائے اور کافی کا زیادہ استعمال بھی اس عمر میں ٹھیک نہیں۔
میٹھی چیزوں سے پرہیز کیجیے، آپ دبلی ہوجائیں گی۔ وزن کم ہونے لگے تو زیرہ کی چائے چھوڑ دیجیے۔ گوشت کم کھائیں اور سبزیاں زیادہ۔
ہاتھ بھیگ جاتے ہیں
میں ریشم کے دھاگوں سے کڑھائی کرتی ہوں۔ چند دنوں سے میرے ہاتھوں میں خوب پسینہ آرہا ہے۔ اس باعث کڑھائی کرتے وقت مشکل ہوتی ہے۔ بار بار ہاتھ صاف کرنا پڑتا ہے۔ بعض دفعہ دھاگا بھی خراب ہو جاتا ہے۔ یہ مسئلہ کیسے حل ہوگا؟
٭ آپ دو دھلے بیگن کاٹ کر پانی میں خوب ابالیے۔ بیگن اچھی طرح گل جائیں تو اتار لیں۔ پانی جب ٹھنڈا ہوجائے تو اس پانی میں ہاتھ دس منٹ تک ڈبوئیے اور انگلیاں ہلاتی رہیے۔ دس منٹ بعد پانی سے ہاتھ نکال لیں۔ آپ پانچ دن بیگن والے پانی میں ہاتھ ڈبوئیں گی تو پسینہ نہیں آئے گا۔ پانی روزانہ بنائیں۔ ایک دفعہ کا بنایا ہوا پانی پھینک دیں۔ کڑھائی کرنے سے پہلے ہاتھ اچھی طرح دھوئیں۔ خشک کر کے پھر کام کریں۔
بوڑھے لوگ کیوں گرتے ہیں؟
میری دادی پچھلے دنوں غسل خانے میں پھسل جانے کی وجہ سے گر گئیں۔ چوٹیں تو لگیں مگر ہڈی بچ گئی۔ آخر بوڑھے لوگ گرتے کیوں ہیں اور انہیں کس طرح بچایا جاسکتا ہے؟
آپ کا خط مجھے اچھا لگا۔ آپ اپنی دادی کی وجہ سے پریشان ہیں۔ بوڑھے لوگ واقعی سایہ دار درخت ہوتے ہیں۔ ان کی دعائیں تمام عمر کام آتی ہیں۔ بیٹا، آپ تھوڑی سی احتیاط کریں تو آئندہ دادی اماں گرنے سے بچ جائیں گی۔ ٹیلی فون کے تار پڑے ہوں، تو وہ پاؤں میں آجاتے ہیں۔ غسل خانے کی صفائی کا خاص خیال رکھیے، اسے بالکل خشک ہونا چاہیے، پائیدان ضرور رکھیے تاکہ کپڑے تبدیل کرنے میں آسانی ہو۔ شلوار کے پائنچے کھلے ہونے چاہئیں۔ تنگ ہوں تو پاؤں پھنس جاتا ہے۔ کمرے میں قالین کو بھی نظر انداز مت کیجیے۔ قالین کا کونامڑ جائے تو کوئی بھی گر سکتاہے۔ اسی طرح رات کو غسل خانے میں ہلکی روشنی ضرور ہونی چاہیے تاکہ اندھیرے میں ٹھوکر نہ لگے۔ چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال رکھا جائے تو بچت ممکن ہے۔
بڑھاپے میں ہڈیاں کمزور ہوجاتی ہیں۔ ساٹھ سال کے بعد ایسا حادثہ ہوجائے تو زیادہ تر کولھے کی ہڈی ٹوٹی ہے۔ پھر بہت مسئلہ ہوتا ہے۔ آپ اپنی دادی کا خیال رکھیے۔ کمرے اور غسل خانے کی صفائی اشد ضروری ہے۔
بادام کا تیل
چہرے کی رنگت نکھارنے اور خشکی دور کرنے کے لیے بادام کا تیل مفید ہے مگر یہ مہنگا بہت ہے۔ چہرے کی خشکی دور کرنے کے لیے بادام کیسے استعمال کیے جائیں تاکہ رنگ صاف ہوجائے اور داغ دھبے بھی دور ہوجائیں؟
٭ بادام صحت کے لیے مفید ہیں۔ بادام کی کھل بازار میں مل جاتی ہے، آپ اسے استعمال کیجیے۔ تھوڑی سی کھل بھگو دیں اور چہرے و ہاتھوں پر مل کر اتار لیں۔ جلد بہت خشک ہو تو کھل دودھ میں بھگوئیے اور اس سے اچھی طرح منہ دھولیجیے۔ پانچ بادم پیس لیں۔ اس میں ایک چمچہ شہد ملائیں اور تھوڑا سا زیتون کا تیل بھی، اب اسے چہرے پر لگائیے دس منٹ بعد منہ دھو لیجیے۔ چہرہ نرم و ملائم ہوجائے گا۔
پانچ بادام اور ایک چمچہ خشخاش پیس کر تھوڑے سے دودھ میں ملائیے۔ اسے چہرے پر لگانے سے جلد صاف ہوجاتی ہے۔ دس منٹ بعد آپ اسے اتار کر منہ دھولیں۔ منہ خشک ہونے پر تھوڑا سا عرق گلاب چہرے پر مل لیں۔
حسن و آرائش کی اشیا میں بادام کا تیل ملایا جاتا ہے، یوں چہرے کی دلکشی بڑھ جاتی ہے۔ آپ صرف بادام کی مدد سے بھی گھریلو طور پر فائدہ حاصل کرسکتی ہیں۔ چہرے، گردن اور ہاتھوں پر لگائیے، فرق خود محسوس ہوگا۔