تقریب کے وقت گھر کی ترتیب

سعدیہ ناز

اس میں کوئی شک نہیں کہ گھر کی خوبصورتی اور آرائش و زیبائش مکینوں کے حسنِ ذوق کاپتا دیتی ہے۔ یہ ایک ایسی جگہ ہے جس کا ہمیشہ صاف ستھرا رہنا ضروری ہے اور اس کے لیے کسی خاص دن یا موقع کا انتظار نہیں کیا جاسکتا۔ لیکن پھر بھی بعض حالات میں گھر پر خصوصی توجہ دینا بہت ضروری ہوجاتا ہے، بالخصوص ایسے وقت میں جب گھر میں مہمانوں کی آمد کاامکان ہو۔ ایسے میں آپ کے گھر کی ہر چیز سے ترتیب، خوش سلیقگی اور خوش ذوقی کا اظہار ہونا ضروری ہے، تاکہ آنے والا ہر فرد آپ کے ہی نہیں بلکہ پورے اہلِ خانہ کے بارے میں ایک اچھا تاثر قائم کرسکے اور اس کے لیے اگر آپ کو عام دنوں کے مقابلے میں تھوڑی سی زیادہ محنت بھی کرنی پڑجائے تو یقینا اس میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔
ڈرائنگ روم
یہ ایسی جگہ ہے کہ ہر آنے والے کا قیام یہاں ہوتا ہے۔ چنانچہ یہ بہت ضروری ہے کہ اس کی صفائی ستھرائی خاص تقریب یا موقع سے دو تین روز پہلے ہی کرلی جائے۔ اگر کمرے میں رکھے فرنیچر کی پالش پرانی ہوگئی ہے توسیکڑوں ایسے ٹوٹکے موجود ہیں، جنھیں آزماتے ہوئے آپ ان کو دوبارہ چمکا دمکا سکتی ہیں۔ صوفوں کے غلاف اگر میلے ہوگئے ہیں تو بہتر ہے کہ انہیں دھولیا جائے۔ اگر قالین بچھا ہو تو اس کو بھی صاف کرلیا جائے۔ کمرے میں موجود تمام کھڑکیوں اور دروازوں پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ ان کے کونے کھدروں میں موجود جالوں کو اچھی طرح صاف کریں۔ اسی طرح چھت اور پنکھوں کی صفائی بھی کرلی جائے۔ ڈرائنگ روم میں رکھی آرائشی اشیاء اور پردوں وغیرہ پر ممکن ہے کہ مٹی جم گئی ہو، لہٰذا انہیں بھی صاف کرلیں۔ کمرے میں موجود گلدانوں کے پھولوں کا رنگ اگر خراب ہوچکا ہے تو کوشش کریں کہ ان کی جگہ نئے پھول خرید لیں۔ تقریب کے دن اگر آپ گلدانوں میں تازہ پھول سجادیں تو یہ اور زیادہ اچھا تاثر قائم کریں گے۔ تمام چیزوں کی صفائی کرنے کے بعد ایک دو روز تک گھر کے افراد کا وہاں آنا جانا ذرا کم کردیں۔ خاص طور پر اگر گھر میں بچے ہیں تو ان کی آمدورفت محدود کرنا ضروری ہے، ورنہ بہت ممکن ہے کہ آپ کی محنت کارنگ پھیکا پڑجائے۔ مہمانوں کی آمد سے قبل کمرے میں ایئر فریشر کا اسپرے کرنا نہ بھولیں۔
بیڈ روم
اگر پچھلی کسی تقریب کے موقع پر بھی آپ کا کمرہ ایسا ہی تھا جیسا اب ہے تو آپ کے لیے بہت اچھا ہوگا کہ اس مرتبہ تھوڑی سی تبدیلی کرلی جائے۔ بیڈ کا رخ اگر اِدھر اُدھر کرنا ممکن ہو تو یہ آپ کے کمرے کو نیا تاثر دینے کے لیے انتہائی معاون ثابت ہوگا۔ اگر ٹی وی بیڈ روم ہی میں رکھا گیا ہے تو اس کا رخ بھی گھما کر دیکھئے۔ کمرے میں کوئی الماری موجود ہو تو یہی ترکیب اس پربھی آزمائیں۔ باقی پنکھوں، دیواروں اور دروازوں کو تو صاف کرنا بنیادی شرط ہے۔ بیڈ روم کے ساتھ دروازوں کو بھی چیک کریں۔ ہوسکتا ہے ان میں فضول سے کاغذات اور دیگر غیر ضروری چیزیں پڑی ہوں۔ انہیں بھی صاف کرلیں۔ اگر گھر میں کوئی ایسی بیڈ شیٹ اور تکیوں کے غلاف موجود ہیں جو آپ نے ابھی تک استعمال نہیں کیے تو اچھی بات ہے۔ آج انہیں نکال لیں۔ اس سے بھی آپ کا کمرہ ایک نیا تاثر دے گا۔
الماریوں کا جائزہ لیں
اگر آپ سے الماری کا دروازہ بند نہیں ہوتا تو جان لیجیے کہ الماری کی صفائی کا وقت آگیا ہے۔ لہٰذا الماری میں جھانکئے، پرانے یا پھٹے موزے، خراب جوتے، زنگ آلود بندے، پرانے فیشن کے کپڑے اور ہر وہ چیز جو پرانی ہوچکی ہے، باہر نکال دیجیے۔ موسم کے مطابق کپڑوں کو جگہ دیں، روز مرہ استعمال کی اشیاء ایسی جگہ رکھیں جہاں سے نکالنا آسان ہو، جب کہ بہت کم استعمال ہونے والی اشیاء کو ذرا ہٹا کر رکھیں۔ الماری میں ایک ریلنگ ضرور ہونی چاہیے تاکہ دوپٹے، اسکارف، کلپ، بٹوے اور دوسری استعمال کی چیزیں مثلاً ٹائی اور بیلٹ لٹکائی جاسکیں۔ زیادہ لمبائی کے کپڑے جیسے کوٹ، جیکٹس، ٹراوزر، شرٹس بہت زیادہ جگہ گھیرتے ہیں، انہیں نیچے سے اٹھا کر درمیان میں پن کرلیں اور اس جگہ دوسری درمیانی ریلنگ ایڈجسٹ کروالیں۔ الماری کے اوپر بہت جگہ ہوتی ہے، چپ بورڈ سے دیوار میں شیلف بنوائے جاسکتے ہیں، جس میں کم استعمال ہونے والی اشیاء رکھی جاسکتی ہیں۔
باتھ روم
دیگر کمروں کے ساتھ باتھ رومز کا صاف ستھرا ہونا بھی انتہائی ضروری ہے۔ اگر کسی باتھ روم کی لائن بند ہونے کی شکایت ہوتی رہی ہے لیکن آپ اب تک اسے نظر انداز کرتی آئی ہیں تو کوشش کریں کہ تقریب سے چار پانچ روز پہلے ہی اسے صحیح کرالیا جائے۔ بعض اوقات گھر کی ایک لائن کی خرابی پورے گھر کے ماحول کو خراب کردیتی ہے۔ باتھ روم کے فرش کی اگر کوئی ٹائل وغیرہ ٹوٹ چکی ہے تو اسے بھی مرمت کرالیں۔ تقریب سے ایک دو روز پہلے کسی اچھے پاؤڈر سے باتھ رومز کی دیواریں، فرش، ڈبلیو سی وغیرہ سب کو اچھی طرح صاف کریں، خاص طور پر ڈرائنگ روم سے منسلک باتھ روم کو نہ صرف صاف ستھرا ہونا چاہیے بلکہ تولیہ، صابن اور دیگر ضروری اشیاء بھی یہاں موجود ہونی چاہئیں۔
——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146