نزلہ زکام کا گھریلو علاج
٭… دودھ میں ہلدی، تھوڑا سا ادرک کا رس اور چٹکی بھر پسی ہوئی کالی مرچ ملا کر پی لیں اور سینے پر بام لگا کر سوجائیں۔
٭… ایک کپ گرم پانی میں دو سے تین کھانے کے چمچے سیب کا سرکہ ملا کر حسبِ ضرورت شہد ڈال کر پی لیں۔
٭… چوزے کا شوربہ، زکام اور ٹھنڈ میں مفید ہوتا ہے۔ اس سے ناک اور گلے کی سوزش میں بھی فائدہ ہوتا ہے۔
چہرے کے بالوں کے لیے
٭…ایک چمچہ میدہ، آدھا چمچہ پھٹکری کو عرقِ گلاب سے پیسٹ بناکر چہرے پر ملیں، خشک ہونے پر جھاڑدیں۔ تقریباً ایک ماہ تک یہ عمل کریں۔ زائد بال ختم ہوجائیں گے۔
چہرے کی صفائی کے لیے
٭…اجزاء: حسنِ یوسف ہم وزن، جو کا آٹا ہم وزن، بادام کی کھلی پسی ہوئی ہم وزن ۔ تینوں اجزاء کو ملا کر بوتل میں رکھ لیں۔ چہرے کی صفائی کے لیے استعمال کریں۔ گردن اور چہرے پر مل کر سادہ پانی سے دھولیں۔ صابن استعمال کرنے کی ضرورت نہیں۔
گھریلو منجن
٭…بھٹا کھا کر تکے کو پھینکنے کے بجائے اسے سکھا کر جلالیں۔ پھر اس کی راکھ میں تھوڑا سا نمک اور ذرا سی پھٹکری ملائیں اور اسے پیس کر رکھ لیں۔ رات کو سونے سے پہلے انگلی پر لگا کر دانت صاف کریں۔ منجن لگانے کے دس منٹ بعد کلی کرلیں۔ دانت موتیوں کی طرح چمک اٹھیں گے۔
بانس کا فرنیچر صاف کرنا
٭…بانس کا فرنیچر اور ٹوکریاں اکثر گھروں میں پڑی ہوتی ہیں اور بہت خوبصورت بھی نظر آتی ہیں۔ اگر یہ میلی ہوجائیں تو نمک ملے پانی سے دھونے سے صاف ہوجاتی ہیں۔ بانس کی تیلیوں کی میٹس بڑی نازک اور خوبصورت لگتی ہیں، مگر بار بار دھونے سے ان کی خوبصورتی زائل ہوجاتی ہے۔ ان میٹس کو اگر چائے کے قہوے میں چند گھنٹے کے لیے ڈبودیا جائے تو خشک ہونے پر خوش رنگ ہوجاتی ہیں۔
دیگر ٹوٹکے
٭… پرس یا قمیص کی زپ خراب ہوکر پھنستی ہو تو اس پر موم رگڑ دیں زپ ٹھیک ہوجائے گی۔
٭… ہاتھوں سے دھنیا، لہسن یا دوسری سبزی کی بو دور کرنے کے لیے ٹوتھ پیسٹ کو ہاتھوں پر مل کر دھولیں، بو دور ہوجائے گی۔ ——