چند کارآمد نسخے

صغیرہ بانو شیریں

دانتوں کی خرابی
صبح دانت صاف کرکے تین چار امرود کے نرم پتے منہ میں خوب چبائیں تاکہ رس منہ میں اچھی طرح گھل جائے۔ امرود میں وٹامن سی ہوتا ہے۔ کچے امرود خوب چباچبا کر کھانے سے بھی مسوڑھوں سے خون آنا بند ہوجاتا ہے۔ امرود کے مٹھی بھر پتے دو گلاس میں پکائیے اور اس سے غرارے کیجیے۔
انا رکاخشک چھلکا باریک پیس کر رکھیے۔ تھوڑا سا نمک اور پسی کالی مرچ ملا کر گھریلو منجن بنائیں۔ رات کو سوتے وقت یہ منجن لگائیں۔ اس سے دانت مسوڑھے مضبوط ہوں گے اور خون نہیں نکلے گا۔ گاجر اور پالک کی سبزی روزانہ کھائیں۔ ایک لیموں کا رس پانی میں ملاکر اس میں تھوڑی چینی اور نمک ملاکر روز پئیں، دانتوں سے خون آنا اور منھ کی بدبو اور رطوبت کے اخراج میں مفید ہوگا۔
انجیر کے ذریعہ علاج
جو خواتین بچوں کو دودھ پلاتی ہیں کمزوری کی وجہ سے ان کا چہرہ بد رنگ لگتا ہے۔ وہ اگر دن میں چند دانے انجیر کے کھالیں تو بچے کو دودھ وافر ملے گا اور چہرے کا رنگ بھی صحیح ہوجائے گا نیز صحت بھی ٹھیک رہے گی۔
قبض دور کرنے کے لیے بھی انجیر مفید ہے۔ سات دانے رات کو پانی میں بھگوئیے۔ صبح کھاکر پانی پی لیجیے۔ ساتھ ہی دودھ کا ایک گلاس نیم گرم پئیں۔ دو تین بادام کی گریاں بھی چبائی جائیں تو صحت بہتر ہوجاتی ہے۔ نہار منہ پانچ انجیر اور پانچ بادام شہد ملے پانی کے ساتھ کھانے سے صحت بہتر ہوتی ہے۔
السر دور کرنے کا نسخہ
کچے کیلے باریک کاٹ کر خشک جگہ میں سکھائیے۔ جب سوکھ جائیں تو ہاون دستہ میں یا سل پرباریک پیس کر رکھ لیں۔ گرائینڈر میں نہ پیسیں فائدہ نہیں ہوگا۔اب اس سفوف کی آدھی چمچی پانی کے ساتھ دن میں دوبار لیجیے۔ انجیر کے لیے حکیم سعید صاحب کا آزمودہ نسخہ ہے۔
مسہ دور کرنے کے لیے
رات کو ایک کیلا اچھی طرح پانی سے دھویے اور خشک کرکے چھلکا اتاریے۔ پھر اندر کا سفید حصہ مسے کے اوپر آہستہ آہستہ رگڑیے۔ چار پانچ ٹکڑے ملیے پھر ایک ٹکڑے کا سفید حصہ مسے پر رکھیے اور اوپر ٹیپ لگادیجیے۔ صبح اتارلیجیے، مسلسل یہ عمل کرنے سے مسہ تحلیل ہوجائے گا۔ اس سے جلد کانقصان نہیں ہوگا۔
مٹاپا کیسے دور ہو؟
سفید زیرہ منگائیں اور ہلکا سا کوٹ کر رکھ لیں۔ بس دو تین ٹکڑے ہوجائیں۔ زیادہ باریک بھی نہ ہو۔ پھر پانی پکائیں۔ ایک پیالی پانی میں آدھی چمچی سے بھی کم زیرہ ڈالیں پھر چائے کی طرح دم دیں۔چھان کر اس میں آدھا چمچہ شہد ملائیں اور آدھے لیموں کا رس۔ صبح یہی بطور چائے ۔ شام کو جب کافی پینے کے لیے دل چاہے، تو صرف سفیدزیرہ کی چائے بناکر پی لیجیے۔ ذائقہ کے لیے معمولی شہد ڈال سکتی ہیں۔ غذا پر خاص توجہ دیں اور تلی ہوئی اور بازاری اشیاء سے پرہیز کریں۔ میٹھی اشیاء اور گوشت کم سے کم کھائیں۔ ان شاء اللہ مٹاپے سے نجات مل جائے گی۔
٭ پانی میں شہد گھول کر پینا تھکن کا فوری علاج ہے۔ اس کے علاوہ شہد کا شربت عام صحت کے لیے بہت مفید ہے۔
٭ نیم کا شہد آنکھوں کی بیماریوں کے لیے اکسیر ہے۔ نیم کے درخت پر لگا شہد کا چھتہ حاصل کریں اور اسے سلائی کے ذریعے آنکھوں میں لگائیں۔
ہاتھوں کا پسینہ
دودھلے بیگن کاٹ کر پانی میں خوب ابالیے۔ بیگن اچھی طرح گل جائیں تو اتارلیں۔ پانی جب ٹھنڈا ہوجائے تو اس پانی میں ہاتھ دس منٹ تک ڈبودئیے اور انگلیاں ہلاتی رہیں۔ دس منٹ بعد پانی سے ہاتھ نکال لیں۔ آپ پانچ دن بیگن والے پانی میں ہاتھ ڈبوئیں گی، تو پسینہ نہیں آئے گا۔ پانی روزانہ بنائیں۔ ایک دفعہ کا بنایا ہوا پانی ایک بار استعمال کرنے کے بعد پھینک دیں۔
چھرے کی خشکی اور رنگت
چہرے کی رنگت اور خشکی دور کرنے کے لیے بادام کا تیل مفید ہے مگر یہ مہنگا بہت ہے۔ چہرے کی خشکی دور کرنے کے لیے بادام کیسے استعمال کیے جائیں تاکہ رنگ صاف ہوجائے اور داغ دھبے بھی دور ہوجائیں۔
٭ بادام کی کھل بازار سے خریدلیں۔ تھوڑی کھل بھگودیں اورچہرے و ہاتھوں پر مل کر اتارلیں۔ جلد بہت خشک ہو تو کھل دودھ میں بھگوئیں اور اس سے اچھی طرح منھ دھوئیں۔ پانچ بادام پیس لیں۔ اس میں ایک چمچہ شہد ملائیں اور تھوڑا سا زیتون کا تیل بھی، اب اسے چہرے پر لگائیں۔ دس منٹ بعد منہ دھو لیجیے۔ چہرہ نرم و ملائم ہوجائے گا۔ خشکی بھی دور ہوگی اور رنگت بھی صاف ہوجائے گی۔
٭پانچ بادام اور ایک چمچہ خشخاش پیس کر تھوڑے سے دودھ میں ملائیے۔ اسے چہرے پر لگانے سے جلد صاف ہوجاتی ہے، دس منٹ بعد آپ اسے اتار کر منھ دھولیں۔ منہ خشک ہونے پر تھوڑا سا عرقِ گلاب چہرے پر مل لیں۔
حسن و آرائش کی اشیاء میں بادام کا تیل ملایا جاتا ہے، یوں چہرے کی دلکشی بڑھ جاتی ہے۔ آپ صرف بادام کی مدد سے بھی گھریلو طور پر فائدہ حاصل کرسکتی ہیں۔ چہرے، گردن اور ہاتھوں پر لگائیے، فرق خود محسوس ہوگا۔

——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146