گھر کے افراد خواہچھٹیاں منانے کے لیے کہیں جائیں یا کسی اور کام سے، گھر کو کچھ عرصے کے لیے مکمل بند کرنا پڑتا ہے۔ ایسے میں چند باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ مثلاً گھر کو مکمل تحفظ کے ساتھ بند کیا جائے۔ گیس، بجلی، فریج اور دیگر چیزیں اچھی طرح بند کردی جائیں تاکہ آپ کی غیر موجودگی میں ان کو کوئی نقصان نہ پہنچنے پائے۔
سب سے پہلے تو یہ دیکھیں کہ آپ کتنے عرصے کے لیے جارہے ہیں، اسی حساب سے گھر کو مکمل تحفظ کے ساتھ بند کریں۔ پورے گھر کی کھڑکیاں اور دروازے اچھی طرح لاک کردیجیے، روشن دان وغیرہ بھی بند کردیے جائیں تاکہ گھر گردو غبار سے محفوظ رہے۔ اگر ہوسکے تو صوفوں، مسہری اور دیگر فرنیچر پر کپڑا اچھی طرح لپیٹ دیا جائے تاکہ مٹی سے محفوظ رہے۔ چوں کہ گردوغبار فرنیچر کو خراب کردیتا ہے۔ لہٰذا کوشش یہی کریں کہ انھیں اچھی طرح محفوظ کردیں۔ ایسا کرنے سے ایک تو فرنیچر محفوظ رہے گا، جب کہ دوسری طرف واپس آنے کے بعد گھر کا فرنیچر صاف ستھرا ملے گا۔ یعنی جھاڑ پونچھ میں بہت زیادہ محنت نہیں کرنی پڑے گی۔ اور چوں کہ کھڑکیاں، دروازے اور روشن دان وغیرہ سب بند ہوں گے تو گردوغبار بھی کم ہی کمروں کے اندر داخل ہوگا۔ لیکن پھر بھی فرنیچر وغیرہ پر کپڑا اچھی طرح ڈھک دیا جائے تو زیادہ بہتر ہوگا۔ آپ اگر دو ماہ کی چھٹیوں میں گھر کو بند کرکے جارہی ہیں تو ضروری ہے کھانے پینے کی اشیاء کو ختم کردیں اور فریج کو بند کردیں، اور ایسا اسی وقت ہوسکتا ہے، جب آپ اپنے جانے سے پہلے پہلے فریج میں رکھی ہوئی سبزی، پھل، گوشت اور دوسری اشیائے خوردونوش کو ختم کردیں، یا جانے سے پہلے کسی کو دے جائیں تاکہ وہ فریج میں رکھے رکھے خراب نہ ہوجائیں۔
کھانے پینے کی اشیاء کو ختم کرنے اور گھر کے فرنیچر وغیرہ کو مکمل طور پر ڈھانپنے کے بعد تیسرا کام یہ کریں کہ گھر کی بجلی اور گیس کی مین لائن یا سلینڈر بند کردیں۔ آپ کے جانے کے بعد خدانخواستہ کوئی حادثہ ہوجائے تو آپ کے گھر کو نقصان نہیں پہنچے گا۔ اور ویسے بھی ایک دن کے لیے ہی سہی، گھر سے جاتے ہوئے گیس لائن ضرور بند کردینی چاہیے، کیوں کہ گیس کبھی کبھی بہت بڑے حادثے کا سبب بن جاتی ہے۔ اس لیے یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ بجلی کی اشیاء اور گیس ضرور باہر جاتے ہوئے چیک کرلیں۔
اس سلسلے میں سب سے بہتر بات یہ ہے کہ گھر کے مین سوئچ بورڈ سے گھر کی تمام ایم سی بی گراکر بجلی کی سپلائی بند کردیں تاکہ شارٹ سرکٹ وغیرہ سے بھی گھر محفوظ ہوجائے۔
گھر سے جانے سے پہلے ایک یہ کام بھی کریں کہ باورچی خانہ، غسل خانہ وغیرہ کی نالیوں اور کموڈ وغیرہ کو اچھی طرح ڈھک دیں تاکہ مچھر اور کیڑے مکوڑے پیدا نہ ہوسکیں۔ اور اگر ہوسکے تو نالیوں میں مٹی کا تیل یا کسی بھی مچھر مار دوائی کا اسپرے کردیں۔ اس طرح گھر مکمل طور پر بند رہنے کے باعث کیڑے مکوڑوں کی آماج گاہ نہیں بنے گا، اور اگر اکا دکا کیڑے مکوڑے نکل بھی آئے تو وہ دوائی کے اثر سے مر جائیں گے۔ زیادہ مناسب یہ ہوگا کہ گھر سے جانے سے ایک دو دن پہلے ہی اسپرے کرلیں تاکہ مچھر اور کیڑے مکوڑوں کا خاتمہ ہوجائے اور آپ گھر کی صفائی کرنے کے بعد گھر کو بند کریں، مگر بند کرنے سے پہلے صاف ستھرے کمروں میں ایک مرتبہ پھر اسپرے کردیں۔
لمبے عرصے کے لیے گھر سے جانے سے پہلے بجلی کا بل، گیس اور ٹیلی فون وغیرہ کا بل ضرور جمع کرادیں اور ساتھ ہی اخبار والے کا بل بھی ادا کردیں اور اسے بتادیں کہ کتنے عرصے تک اخبار نہ ڈالے۔ اس طرح وقت پر بل وغیرہ جمع کرانے اور اخبار نہ ڈلوانے سے آپ کی بچت ہوگی اور آپ اپنی فیملی کے ساتھ تازہ دم ہوکر ذہنی او رجسمانی طور پر چھٹیوں سے لطف اندوز ہوسکیں گی اور گھر واپس آنے پر آپ کے ذہن پر کسی قسم کا بوجھ بھی نہیں رہے گا۔ ذرا سی احتیاط کرلینے سے بعض اوقات انسان بڑی بڑی پریشانیوں سے محفوظ ہوجاتا ہے۔ آپ جب بھی گھر سے کہیں جانے کا پروگرام بنائیں تو اوپر بتائی گئی باتوں کو ضرور ذہن میں رکھیں۔ آپ دیکھیں گی کہ آپ کتنی بڑی کوفت اور پریشانی سے بچ گئی ہیں۔
——