حجاب کے نام!

شرکاء

حجاب اسلامی کے سلسلے میں تاثرات
حجاب اسلامی کا تازہ شمارہ دستیاب ہوگیا۔ ٹائٹل خوبصورت اور دیدہ زیب تھا۔ ٹائٹل کوعلامہ اقبال کے جس انقلابی شعر سے سجایا گیا ہے وہ پورے رسالے کا پیغام ہے۔ ماشاء اللہ حجاب کافی پسند کیا جارہا ہے۔ میں حجاب سے ذاتی تعلق کی بنا پر کافی قربت محسوس کرتی ہوں۔ میری کئی جاننے والی خواتین حجاب کو بہت شوق سے پڑھتی ہوں۔اس بار میں نے قصداً کئی خواتین سے حجاب کے متعلق ان کی رائے جاننی چاہی کہ انہیں حجاب کیسا لگتا ہے؟ سبھی نے بہت اچھے تاثرات کا اظہار کیا اور بہت پسند کیا۔ یہ بات میں اس لیے لکھ رہی ہوں کہ میں اس ماہنامے کو بہت پسند کرتی ہوں۔
اس ماہ کے شمارے میں ماؤں کا صفحہ بہت مفید اور کارآمد ہے۔ دراصل اردو کے کسی بھی رسالے میں اس طرح کی مفید معلومات شائستہ اور مہذب انداز میں اردو کے قارئین کو میسر نہیں آتیں۔ آپ نے اس طرح کی تحریریں شائع کرکے خواتین کی ایک اہم فطری ضرورت کی تکمیل کی ہے۔ امید ہے کہ آئندہ بھی اس طرح کی مفید تحریریں پڑھنے کو ملتی رہیں گی۔
میری رائے میں آپ افسانوں میں کچھ کمی کریں اور اس کی جگہ دینی مواد اگر زیادہ شائع کریں تو بہتر ہوگا۔ ازدواجیات، گھرداری اور صحت وغذا کے علاوہ تربیت کے تحت دئیے گئے مضامین بھی پسند آئے۔ اللہ کرے کہ رسالہ اور زیادہ ترقی کرے اور ہر گھر میں پہنچے۔
سمیہ صدف بنگلور (بذریعہ ای میل)
]سمیہ صاحبہ! اپنی سہیلیوں کی رائے سے آگاہ کرنے کے لیے شکریہ! دراصل ہم مشوروں اور صحت مند تنقید کے زیادہ خواہش مند رہتے ہیں تاکہ رسالہ کو اور بہتر بناسکیں۔ جہاں تک افسانوں میں کمی کا تعلق ہے تو اس سلسلہ میں لوگوں کی رائے مختلف ہیں۔ حجاب اسلامی کے کچھ قارئین چاہتے ہیں کہ افسانوں کے لیے صفحات بڑھائے جائیں۔ فی الحال ہم نہ کم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور نہ بڑھانے کا۔ البتہ یہ ضرور عرض کریں گے کہ حجاب اسلامی کے افسانے عام رسالوں کے افسانوں سے مختلف ہوتے ہیں اور کوئی خاص تعمیری پیغام ضرور رکھتے ہیں۔ ہم نے اس وقت دینی موضوعات، افسانوی اور دیگر قسم کے مضامین کا جو تناسب بنایا ہے وہ قارئین کی اکثریت کو پسند ہے۔ مستقبل میں اس پر غور کیا جاسکتا ہے۔ آپ آئندہ بھی اپنے مفید مشورے دیتی رہیں۔ ایڈیٹر[
رزق میں کشادگی
ماہ ستمبر کے حجابِ اسلامی میں اسلامی معاشرت کے تحت ’’تنگیٔ رزق – ایک…‘‘ نظر سے گزرا۔ مضمون بہت پسند آیا اور میں نے اسے اپنے کئی احباب کو فوٹو کاپی کرا کر دیا۔ دراصل اس وقت ہمارا پورا سماج ایک قسم کی خود غرضی، آپا دھاپی اور مفاد پرستی کے خول میں بند ہوگیا ہے۔ لوگوں کو اپنی ذات، اپنے گھر، اپنے بال بچوں اور صرف اپنے عیش و آرام ہی سے غرض رہتی ہے۔ اس مضمون میں اسلامی تعلیمات کے مطابق دوسروں کے دکھ درد میں کام آنے اور ضرورت مندوں کی خصوصاً قریبی رشتہ دار ضرورت مندوں کی خبر گیری اور ان کی ضروریات کی تکمیل پر ابھارا گیا ہے بلکہ اس سلسلہ میں ’ایثار‘ پر ابھارا گیا ہے۔ قرآن میں اللہ تعالیٰ نے مومنین کی ایک صفت بتائی: وہ دوسروں کو اپنے اوپر ترجیح دیتے ہیں خواہ وہ خود تنگ حالی ہی میں کیوں نہ ہوں۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ نے ایک اور صفت بیان کی ہے کہ : وہ اللہ کی راہ میں خرچ کرنے والے ہوتے ہیں، خواہ خوشحالی میں ہوں یا تنگ حالی میں۔
اگر مسلم سماج میں ایثار، انفاق، رشتہ داروں اور غریبوں کے حقوق کی ادائیگی رائج ہوجائے تو رزق میں اسی طرح برکت ہوگی جس طرح کہ قرنِ اول کے مسلمانوں کو اللہ نے نوازا تھا۔ اس سماج میں زکوٰۃ لینے والے نہیں ملتے تھے۔ یہ صرف انفاق فی سبیل اللہ کے سبب ممکن ہوسکا۔ آج بھی اگر ہم اپنے رزق میں کشادگی اور برکت چاہتے ہیں تو اسی طریقے کو اپنانا ہوگا۔ اللہ تعالیٰ مضمون نگار کو اجرِ عظیم دے۔ آمین!
ڈاکٹر شاہد پرویز، ذاکر نگر، نئی دہلی
رمضان اسپیشل شمارہ
اگست کے حجابِ اسلامی میں گوشہ رمضان کے تحت دونوں مضامین اچھے لگے۔ مگر رمضان المبارک اور اس کے بہتر استعمال سے متعلق ہدایات اور پروگرام نہ پاکر تشنگی کا احساس ہوا۔ شب قدر کی اہمیت اور فضیلت پر کوئی مضمون نظر نہیں آیا، جبکہ شبِ قدر اس پورے ماہ مبارک کی جان ہے اور بڑی فضیلت والی رات ہے۔
میرا مشورہ یہ ہے کہ رمضان سے پہلے والا حجاب اسلامی کا شمارہ آپ رمضان پر ہی خاص نمبر کے طور پر شائع کیا کریں۔ اس طرح آپ رمضان المبارک سے متعلق تمام اہم گوشوں کا احاطہ کرسکتے ہیں اور قارئین کو یہ خصوصی پیش کش رمضان المبارک سے زیادہ بہتر انداز میں فیض یاب ہونے میں مدد کرسکتی ہے۔ امید ہے کہ اس پر توجہ فرمائیں گے۔
فوزان اختر مصباحی، سہارنپور، یوپی
]فوزان اختر صاحب! آپ نے صحیح توجہ دلائی ہے۔ رمضان المبارک سے قریب شمارہ رمضان اسپیشل ہوسکتا ہے۔ آپ بجا فرماتے ہیںکہ اس طرح ہم اپنے قارئین کو زیادہ تفصیلی معلومات فراہم کرسکیں گے تاکہ وہ اس ماہِ مبارک سے زیادہ مستفید ہوسکیں۔ ایڈیٹر[
——

 

 

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146