صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کے راز

آمنہ فرید

ماہرین کہتے ہیں کہ روزانہ30منٹ کی جسمانی ورزش آپ کو صحت مند طرزِ زندگی کی جانب گامزن کرسکتی ہے۔ یہ ورزش چہل قدمی، جاگنگ، سائیکلنگ اور گارڈننگ سے لے کر کچھ حد تک مشکل کاموں جیسے رننگ، پش اَپس یا ویٹ لفٹنگ پر مشتمل ہوتی ہے۔ اگر آپ اپنی سہولت اور سکت کے مطابق کسی بھی ایک یا ایک سے زائد ورزش کو مستقل بنیادوں پر کرتی رہیں گی تو آپ اپنے اندر ایک نئی توانائی اورتازگی پائیں گی۔ ویسے بھی ایک صحت مند زندگی محض خواب دیکھنے سے نہیں ملتی بلکہ اس کیلئے عملی اقدامات بھی کرنے پڑتے ہیں۔ آئیں اس بارے میں کچھ جانتے ہیں۔

وزن کو منظم کریں

بیٹھے بیٹھے کام کرتے رہنا، افراتفری میں پیٹ بھرنا یعنی لگا بندھا لائف اسٹائل آپ کو موٹاپے کی طرف مائل کرتا ہے یا وزن میں زیادتی کا باعث بنتاہے۔ جسم میں چربی نہ بڑھنے دینے یا ایک صحت مند وزن بنائے رکھنے کیلئے آپ کو کچھ سرگرمیاں روزانہ کی بنیادوں پر اپنانے کی ضرورت ہوتی ہے۔

ذہنی تناؤ دور کریں

زندگی گزرتی چلی جاتی ہے اور آپ اپنے مکمل ہونے اور ادھورے رہنے والے ٹِک باکسز پر نشان لگاتی رہ جاتی ہیں۔ کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ کرنے اور نہ کرنے کے کاموںکے بارے میں فیصلہ کرنے کیلئے آپ اپنے دماغ پر کچھ زیادہ ہی بوجھ ڈال دیتی ہیں، جس کی وجہ سے آپ کو ذہنی تناؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے؟ تھنگس ٹو ڈو لسٹ کو پرے رکھتے ہوئے اٹھیں اور اپنا کام شروع کریں۔ کسی بھی قسم کی جسمانی سرگرمی یا ورزش سے آپ کے جسم میں خوشی والے ہارمونز اینڈورفنز (endorphins)ریلیز ہوتے ہیں۔ یہ ہارمونزاسٹریس دورکرتے ہوئے آپ کے اندر مثبت توانائی پیدا کرتے ہیں ،جس سے آپ کا موڈ اچھا ہو جاتاہے۔

بہ آسانی حرکت کریں

ہمارا جسم ایک مشین کی طرح ہے ، جیسے مشین کچھ عرصے استعمال نہ ہو تواس کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے، اسی طرح اگر ہمارا جسم بھی حرکت میں نہیں رہے گاتو پھر کہیں کا نہیں رہے گا۔ ایک مجہول طرزِ زندگی آپ کو جوڑوں اور پٹھوں میں درد، کمزوری، آسٹیوپروسس اور جسمانی کمزوری ہی دے سکتا ہے۔ روزانہ کی باقاعدہ ایکسرسائز آپ کے جسم میں موجود ہڈیوں، پٹھوں اور جوڑوں کو تقویت فراہم کرتی ہے اور آپ کسی بھی کام کو مستعدی سے انجام دینے کے قابل ہوجاتی ہیں۔

انرجی میں اضافہ کریں

ہر صبح تھکن کے باعث آپ کو اٹھنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہو یا دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد آپ کا بالکل بھی ہلنے کو جی نہ کرتا ہو، تو ایسے میں آپ کو آدھے گھنٹے کے لیے چہل قدمی پرنکل جانا چاہیے۔ روزانہ کی چہل قدمی یا جاگنگ ایکسرسائز آپ کے اندر توانائی کی سطح میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔ یہ عمل اپنانے سے کچھ عرصے بعد آپ صبح ہشاش بشاش اٹھیں گی اور آپ کو دوپہر میں کھانے کے وقفے کے بعد غنودگی بھی تنگ نہیں کرے گی۔

اچھی نیند

کسی بھی قسم کی جسمانی سرگرمی آ پ کی توانائی کو بڑھانے کا باعث ہوتی ہے لیکن ساتھ ہی آ پ کو تھکن بھی ہوجاتی ہے اور جب جسم ریلیکس کرتا ہے تو آپ کو اچھی نیند آتی ہے۔ ورزش کے دوران خوشی کے ہارمونز ’اینڈورفنز‘ آپ کو ذہنی طور پر آرام کرنے میں مدد دیتے ہیں اور آپ سکون بھری نیند لیتی ہیں۔

کیلوریز جلائیں

چھوٹی چھوٹی ایکسرسائز جیسے روزانہ چند منٹ کی جاگنگ، واکنگ اور سوئمنگ آپ کو مضبوط بناتی ہیں۔ رننگ اور سائیکلنگ جیسی ایکسرسائز ایک ہی وقت میں آپ کی کیلوریز بھی جلارہی ہوتی ہیں اورآپ کا اسٹیمنا بھی بڑھاتی ہیں۔ اگر آپ گھر سے باہر نہیں جاتیںتو گھر میں ہی ٹریڈ مل پر رننگ یا جاگنگ کرسکتی ہیں۔ آرام دہ حالت میں دل ودماغ کو سکون پہنچانے کیلئے یوگا کرنے میںبھی کوئی مضائقہ نہیں۔ اس کے علاوہ ہفتہ وار مشکل ایکسرسائز جیسے اسکواٹ، جمپنگ اور ڈمبلنگ بھی آپ کے اسٹیمنا کو مزید بڑھا سکتی ہیں۔

ہلکی پھلکی ورزش

موسم خواہ کتنا ہی شدید کیوں نہ ہو اورآپ کتنی ہی مصروف کیوں نہ ہوں، مگر پھر بھی ہلکی پھلکی اسٹریچنگ ایکسرسائز کے لئے وقت نکالیں۔ سیڑھیاں چڑھنا، اترنا، آفس میں کام کے دوران تھوڑے تھوڑے وقفے کے بعد کھڑے ہوجانا اور کمرے یا کوریڈور میں تھوڑی بہت چہل قدمی کرنا، یہ ایسے طریقے ہیں کہ جن پر عمل کر کے آپ اپنے مسلز اور جوڑوں کو آرام پہنچا سکتی ہیں۔ اگر آپ خاتون خانہ ہیں تو فٹ رہنے کے لئے گھر کی صفائی ستھرائی اور اسے ترتیب دینے کا کام خود بھی سر انجام دے سکتی ہیں۔

وٹامن ڈی کو نہ بھولیں

ایک تحقیق کے مطابق صبح کی نرم دھوپ میں چند منٹ گزارنا بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔ اس عمل سے جسم میں وٹامن ڈی کی کمی پوری ہوتی ہے، جو ہڈیوں اور پٹھوں وغیرہ کی صحت کے لئے ضروری ہے۔ لہٰذا آپ کو چاہیے کہ گھر کے ٹیرس یا بالکونی کو اس طور سے ترتیب دیں کہ وہاں صبح کے وقت کچھ دیر بیٹھ کر تازہ ہوا اور دھوپ کی مدھم کرنوں سے لطف اندوز ہوا جاسکے۔ اس کے علاوہ براہ راست سورج کی شعاعوں سے اپنے آپ کو بچائیں، تا ہم گھر میں دھوپ اور ہوا کی آمدورفت کو یقینی بنائیں تا کہ گھر کا ماحول صحت مندرہے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146