دہی ہماری غذا کو نہ صرف لذیذ بناتی ہے بلکہ ہماری صحت کو برقرار رکھنے اور ہمیں مختلف امراض سے محفوظ رکھنے میں بھی مدد دیتی ہے۔ دہی کے استعمال سے نظام انہضام درست رہتاہے۔ اس صحت بخش غذا کی خصوصیت دو ننھے منے جراثیم یا بیکٹریا ہیں، جو اسے گاڑھا پن، ہلکی ترشی اور مہک عطا کرتے ہیں۔
امریکی محکمہ زراعت کے مطابق ہر شخص کو روزانہ ایک پیالی دہی کا استعمال کرناچاہیے۔ اس طرح ایک پیالی دہی کے استعمال سے انسان کو جو اہم غذائی اجزا حاصل ہوتے ہیں، ان میں ۲۵ فیصد پروٹین، ۲۰ فیصد رائبوفلاوین، ۱۰ فیصد وٹامن اے اور ۳۵ فیصد کیلشیم شامل ہیں۔
تحقیقات سے یہ ثابت ہواہے کہ دہی کا استعمال بہت سی جسمانی بیماریوں سے نجات کا ذریعہ ہے۔ ڈیل میں دہی سے جسمانی امراض کے علاج کے کچھ نسخے درج کئے جارہے ہیں:
دردسر: سر میں گرمی اور خشکی کے باعث ہونے والے درد کو بھگانے کے لئے دہی نہایت عمدہ اور قابل تعریف دوا ہے۔ اگرکسی شخص کو یہ شکایت ہوتو وہ سر، خصوصاً اگلے حصے میں دہی کی مالش کریں اور اس دوران ایک آدھ مرتبہ دہی کھابھی لیں ۔ اس سے جلدی افاقہ ہوجاتاہے۔
گنج پن:اگر کسی شخص کو گنج پن کی شکایت ہوتو وہ گائے کے دودھ سے تیار شدہ دہی لے کر اسے تانبے سے تیار شدہ کسی برتن میں ڈال کر خوب گھونٹے حتیٰ کہ دہی سبز رنگ کی ہوجائے۔ پھر اس پھینٹے ہوئے دہی میں ہلدی کی کچھ مقدار ملادیں۔ لیجئے دوا تیار ہے۔ اب یہ دہی گنج پن کے مریض کے سر میں لگادیں۔ کچھ عرصے تک روزانہ اس پر عمل کریں۔ جلد تکلیف دور ہوجائے گی۔ یہ نسخہ گنج پن کے مریضوں کے لئے مفید ثابت ہورہے اور آزمودہ ہے۔
——