لذیذ پکوان

۔۔۔۔۔

مرغ چھولے چاٹ
اشیاء: مرغی کا گوشت (بغیر ہڈی) آدھا کلو، سرخ مرچ (کٹی ہوئی) ایک چمچ، نمک حسب ذائقہ، چاٹ مسالہ آدھا چمچ، پسا لہسن ایک چمچ، پسی ادرک ایک چمچ، تیل تین چمچ۔چھولوں کے لئے: زیرہ پائوڈر آدھاچمچ، سرخ مرچ (کٹی ہوئی) آدھا چمچ، کڑی پتے ۸ عدد، تیل ایک چمچ، چھولے (ابال لیں) آدھاکلو، پاپڑی حسب ضرورت، آلودوعدد (ابال کر چھوٹے مربعوں میں کاٹ لیں)، ہرادھنیاایک گٹھی، ہری مرچیں تین چار عدد، املی کا آمیزہ ایک پیالی، پیاز (باریک سلائس کرلیں) ایک عدد (بڑی)، ثابت زیرہ ایک چمچ، دہی آدھی پیالی، لیموں (رس نکال لیں) دو عدد، چاٹ مسالہ ایک چمچ،نمک حسب ذائقہ۔
ترکیب:ایک برتن (فرائنگ پین) میں تیل گرم کریں۔ اس میں لہسن ادرک کے ساتھ مرغی کا گوشت، نمک، کٹی ہوئی سرخ مرچ اور چاٹ مسالہ ڈال کر بھون لیں۔ گوشت گل جانے تک پکائیں۔ جب گل جائے تو چولہے سے اتارلیں۔ ایک پیالے میں چھولے ڈال کر اس میں نمک، کٹی سرخ مرچ، چاٹ مسالہ، زیرہ پائوڈر، املی، پیاز اور لیموں کا رس شامل کرکے اچھی طرح ملالیں۔ اس کے بعد کٹے گوشت کو ان چھولوں میں شامل کرلیں۔ دہی علاحدہ پیالے میں ڈال کر خوب اچھی طرح پھینٹ لیں۔ اب ایک کھلے منہ والی رکابی لیں۔ پہلے اس کے کناروں پر پاپڑی توڑکر رکھیں، پھر ابلے آلو کے ٹکڑے، ہرا دھنیا، ہری مرچیں رکھیں۔ درمیان میںچھولے چکن اور اس پر دہی ڈال دیں۔ ایک فرائنگ پین میں تیل گرم کرکے اس میں کڑی پتہ، زیرہ، ڈالیں، پھرانھیں بگھارکر چکن چھولے چاٹ پر بکھیرکر پیش کریں۔
مٹن کڑاھی
اجزاء: مٹن… آدھا کلو،دہی…ایک سو پچیس گرام، تیل…آدھا کپ، گرم مسالہ (پسا ہوا)… ایک چائے کاچمچ، ٹماٹر (باریک کٹے ہوئے)… تین عدد، ادرک، لہسن (پساہوا)… ایک کھانے کاچمچ، کٹی لال مرچ… ایک کھانے کا چمچ، ہری مرچیں (درمیان سے کاٹ لیں) … چارعدد، ہلدی… ایک چائے کاچمچ، نمک…حسب ذائقہ، ہرا دھنیا اور ادرک (باریک کٹی ہوئی)… سجاوٹ کے لئے۔
ترکیب: کڑاہی میں پہلے ڈیڑھ کھانے کاچمچ تیل گرم کریں پھر اس میں ادرک لہسن کاپیسٹ ڈال کر فرائی کریں اور گوشت ڈال کر اتناپکائیں کہ اس کارنگ سفید ہوجائے۔ اب گوشت میں دہی، ہلدی، گرم مسالہ، کٹی لال مرچ اور نمک ڈال کر مکس کریں۔ ساتھ ہی ہری مرچیں اور ٹماٹر شامل کرکے تھوڑا سا پانی بھی ڈال دیں تاکہ گوشت گل جائے۔ جب گوشت مکمل طورپر گل جائے تو باقی بچا تیل ڈال کر بھون لیں۔ تیار ہونے پر ہرا دھنیا اور ادرک بھی شامل کردیں۔
چکن چائومین
اجزاء: چکن (بغیر ہڈی کی بوٹیاں)… آدھا کلو، چائنیز نوڈلز… ایک پیکٹ ، نمک… حسب ذائقہ ، سفیدمرچ (پسی ہوئی)… ایک کھانے کاچمچ، چائنیز نمک… ایک چائے کاچمچ، لہسن (پسا ہوا)… ایک چائے کا چمچ، شکر… ایک کھانے کا چمچ، ہری مرچیں (باریک کٹی ہوئی)… چار عدد، ہری پیاز (باریک کٹی ہوئی)… تین سے چار عدد، سویاسوس… چار کھانے کے چمچ، چلی سوس… حسب ذائقہ ، کوکنگ تیل… پانچ کھانے کے چمچ۔
ترکیب:نوڈلز کو پیکٹ پر درج ہدایات کے مطابق ابال کررکھ لیں۔ کڑاہی میں کوکنگ تیل کو درمیانی آنچ پر گرم کریں۔ گرم ہوجانے پر لہسن ڈال کر ایک منٹ کے لئے فرائی کریں۔ پھر چکن ڈال کر تین سے چار منٹ تک فرائی کریں تاکہ چکن کا پانی خشک ہوجائے۔ اس کے بعد چکن میں کارن فلور چھڑک کر تیز آنچ پرپکائیںپھر ساتھ ہی نوڈلز، نمک، سفید مرچ، ہری مرچیں، چینی، چائنیز، نمک، سویاسوس، اور سرکہ شامل کردیں اور آنچ تیز کرکے اچھی طرح ملالیں۔ آخر میں ہری پیاز ڈال کر تین منٹ کے بعد چولہے سے اتارلیں۔چلی سوس کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔
مٹن اور پارسلی کے سموسے
اجزاء:بکرے کا گوشت… آدھا کلو، (بغیرہڈی کا، اس کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں)، شلجم… ایک یا دو(چھوٹے چھوٹے باریک ٹکڑوں میں کاٹ لیں) گاجر… دوعدد (سلائس میں کاٹ لیں)، سبزپیاز… ۲عدد کتری ہوئی، اجوائن کے تنے… دوعدد کترے ہوئے، بکرے کی یخنی… چارکپ، ٹماٹر کا پیسٹ … دو کھانے کے چمچ، پارسلی … ۶کھانے کے چمچے، کتری ہوئی جو ایک کپ، اجوائن، سیاہ مرچ اور نمک… حسب ضرورت، آٹا… ایک کپ، بیکنگ پائوڈر… ایک چائے کاچمچ، پنیر… ۶کھانے کے چمچ۔
ترکیب:اوون کو گرم کریں اور گوشت کونان اسٹک فرائی پین میں بغیر تیل کے بھون لیں۔ یہاں تک کہ گوشت دونوں طرف سے ہلکا برائون ہوجائے۔ اب تمام سبزیوںکو گوشت میں ڈالیں اور ہلکی آنچ پر پکائیں۔ جب سبزیوں کا رنگ ذرا سا بدل جائے تو اس میں بکرے کی یخنی، ٹماٹر کاپیسٹ، نصف پارسلی اور صاف جوڈال دیں۔ سارے آمیزے کو بڑی ٹرے میں انڈیل لیںاور حسب ذائقہ نمک اور مرچ شامل کریں اور ڈھانپ کر ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کے لئے اوون میں رکھ دیں یہاں تک کہ گوشت اور سبزیاںگل جائیں۔ اس کے بعد آٹے میںبیکنگ پائوڈر شامل کریں پھر پنیر اور باقی بچی ہوئی نصف پارسلی اچھی طرح ملیںاگر سخت ہوتو ٹھنڈا پانی ڈال کر گوندھتی جائیں۔ اچھی طرح مکس ہونے پر آٹے کو بیلن کی مدد سے موٹی روٹی کی شکل میں بیل لیں۔ اب اس روٹی کو ایک درجن تکون ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ پھر برتن کو اوون سے نکالیں اور آنچ بڑھاکر تیز آنچ پر ہیٹ کریں۔ تکون ٹکڑوںکو گوشت کے سالن پر سجائیں اور پھر سے ۱۵ سے ۲۰ منٹ تک کے لئے اوون میں رکھ دیں۔ جب تکون ٹکڑے اچھی طرح سنہرے ہوجائیں تو گرم گرم مصرف میں لائیں۔
پالک کے بیسنی پتے
اجزاء:پالک کااچھا ساگ… پانچ سو گرام، مرچ سرخ… سات عدد، بیسن… پانچ سو گرام، پیاز…پچاس گرام، سفید زیرہ…ایک چائے کاچمچ، نمک… حسب ضرورت۔
ترکیب: پالک کے پتوں کے علاوہ باقی تمام چیزوں کو باریک پیس کر بیسن میں ملالیجئے اور اسے نیم گرم پانی میں گھول کر لئی کی طرح نرم کرلیجئے۔ کچھ دیر کے لئے رکھ دیں۔ پھرگھی یا تیل کو کڑھائی میں گرم کرکے پتوںکو بیسن میں ڈبوکر کڑھائی میں ہلکی آنچ پر تلئے۔ یہ پتے گرم گرم کھائیے بہت لذیذ معلوم ہوتے ہیں۔
ڈھاکہ ناریل گوشت
اجزاء:گوشت… ایک کلو (بوٹیاں بنالیں)، گھی یا مکھن… پچاس گرام، پیاز… دوعدد، پسا ہوا لہسن… دو کھانے کے چمچ، ادرک… دو انچ کاٹکڑا (کٹا ہوا)، ہلدی… ڈیڑھ چائے کا چمچ، پسی ہوئی سرخ مرچ… دو چائے کے چمچ، پسی ہوئی کالی مرچ… ایک چائے کاچمچہ، پسی میتھی… دوچائے کا چمچ، ناریل کادودھ… ڈھائی کپ، نمک…حسب ذائقہ۔
ترکیب: گھی میں پیاز سرخ کرلیں۔ ادرک لہسن اور دوسرے مسالے ڈال کر پانچ منٹ تک بھونیں۔ مسالہ خشک معلوم ہوتوتھوڑا سا پانی ڈال دیں۔ اب اس مسالے میں گوشت ڈال کر سنہری ہونے تک بھون لیں۔ اس میں ناریل کا دودھ ڈال دیں، جوش آجائے تو سوا گھنٹے تک ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ گوشت گل جائے تو اتار کرمیتھی اور پودینہ ڈال کر چند منٹ ڈھانپ دیں۔ ڈھاکہ ناریل گوشت تیار کریں۔
چکن نگٹس
اجزاء: چکن بغیر ہڈی کی بوٹیاں… ایک کلو، لہسن پسا ہوا… ایک کھانے کاچمچ، کالی مرچ پسی ہوئی… آدھا چائے کاچمچ، سویاساس… دو کھانے کے چمچ، نمک … حسب ذائقہ، سفید مرچ پسی ہوئی… ایک چائے کا چمچ، سرکہ… دوسے تین کھانے کے چمچ۔
آمیزہ بنانے کے اجزاء: میدہ… ایک پیالی، نمک…حسب ذائقہ، انڈوں کی سفیدی… دو عدد، کارن فلور… آدھی پیالی، سفید مرچ پسی ہوئی… آدھا چائے کا چمچ، تیل… ایک پیالی۔
ترکیب:چکن میں نمک، لہسن، سفید مرچ، کالی مرچ، سرکہ اور سویاساس لگاکر آدھے سے ایک گھنٹے تک کے لئے فریج میں رکھ دیں، آمیزہ بنانے کے لئے انڈوں کی سفیدی پھینٹ کر میدہ، کارن فلور، نمک اور سفید مرچ ملالیں، اس آمیزہ میں اتنا پانی ڈالیں کہ گاڑھا پیسٹ آمیزہ بن جائے چکن کی بوٹیاں اس میں ڈبوکر پندرہ سے بیس منٹ کے لئے فریج میں رکھ دیں، کڑاہی میں تیل کو درمیانی آنچ پرگرم کریں اور چکن نگٹس گولڈن فرائی کرلیں، ٹماٹو کیچپ یا مایونیز کے ساتھ پیش کریں۔
ٹماٹر کی چٹنی
اجزاء: ٹماٹر… ایک کلو، شکر… آدھاکلو، کشمش… ۳۰ گرام، پیاز… ایک عدد، سرخ مرچ… آدھا چمچ، نمک…حسب منشاء، تیل… تھوڑا سا ۔
ترکیب: ٹماٹر دھونے کے بعد کاٹ کر پانی میں ابالیں اور چھان لیں۔ برتن میں معمولی سا تیل ڈال لیں اور پیاز باریک کاٹ کر برائون کرلیں پھر نمک، سرخ مرچ اور شکر میں اسے ملادیں، جب چٹنی گاڑھی ہونے لگے تو کشمش ڈال کر اتارلیں۔ ہلکی آنچ پر پکائیں۔
ٹماٹو کیچپ
اجزاء: ٹماٹر… چارکلو، پیاز …آدھاکلو، لہسن…۳۰گرام، شکر… ایک کلو، سرکہ ایک کلو، نمک پچاس گرام، لونگ، سفیدزیرہ، بڑی الائچی کے دانے، سیاہ مرچ، سرخ مرچ، پسی ہوئی… دس ، دس گرام۔
ترکیب: عمدہ سخت اور سرخ ٹماٹر دھوکر کاٹ لیں اورانہیں اسٹین لیس اسٹیل کے برتن میں ہلکی آنچ پر ابلنے کے لئے رکھ دیں۔ چھلکا اترنے لگے تو اتارکر باریک ململ کے کپڑے یا چھلنی میں چھان لیں، جو رس نکلے اسے برتن میں ڈال کر اس میں نمک اور شکر شامل کردیں۔پسے ہوئے مسالے پیازاور پسا ہوا لہسن کپڑے کی پوٹلی میں ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ آمیزہ گاڑھا ہونے لگے تو اس میں سرکہ ملادیں اور پانچ منٹ تک پکانے کے بعد اتارلیں۔ اس کے بعد پوٹلی نچوڑلیں اور ٹھنڈا ہونے پر کیچپ بوتل میں بھرلیں۔
ٹماٹرکامربہ
اجزاء:سرخ ٹماٹر…پونے دو کلو، شکر…دو کلو، لیموں…تین عدد، پانی… دو سوگرام
ترکیب: ٹماٹر دھوکر پانی میں ہلکی آنچ پر جوش دیں۔نرم ہونے پراحتیاط سے چھلکااتارلیں۔ لیموں کاچھلکا اتارکر اس کے چھوٹے ٹکڑے کرلیں اور بیج نکال دیں۔ شکر اور پانی ملاکر شیرہ پکائیں۔ اس میں ٹماٹر اورلیموں کے ٹکڑے ڈال کر پکنے دیں اور جھاگ اوپر آئے تو چمچ سے اتارتے جائیں۔ گاڑھا ہوجانے پر اتارلیں اور بوتل میں بھرکر محفوظ کرلیں۔
——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں