گھر کو بنائیں محفوظ

رضوانہ کوثر

منیرہ کچن میں پکوڑے تل رہی تھی۔ ہاتھ میں وہ چھلنا تھا جس سے وہ پکوڑے نکال رہی تھی۔ کسی ضرورت سے کیبنٹ تک آئی اور جھکے جھکے ہی چھلنا کڑاہی میں رکھنے لگی۔ کڑاہی اس کے جسم پر الٹ گئی۔ اب کیا ہوا ہوگا آپ صرف تصور کرکے ہی کانپ جائیں گے۔
اسی طرح ملک صاحب کے گھر میں تعمیری کام چل رہا تھا۔ گھر کے صحن میں سیپٹک ٹینک بننا تھا۔ ٹینک تیار تھا اس میں پانی بھر دیا گیاتھا۔ کچن میں کام کرتی ماں کو اچانک منے کا خیال آیا، اس کی تلاش شروع ہوئی، وہ گھر میں کہیں نظر نہ آیا۔ ہر ہر کمرہ چھان مارا، شام کا وقت تھا۔ صحن میں تلاش کیا، مگر نہ ملا۔ دراصل وہ رینگتا ہوا صحن میں آیا اور ٹینک میں گر گیا۔ اب بہت دیر ہوچکی تھی۔
گزشتہ دنوں حیدرآباد کے نو بیاہتا جوڑے کی بجلی سے موت نے ہمیں دہلا دیا۔ شوہر ایم بی بی ایس اور ایم ڈی اور بیوی بھی ہم پیشہ تھی۔ باتھ روم میں کرنٹ لگنے سے دونوں کی موت واقع ہوگئی۔
ہر سال سڑکوں پر ہونے والے حادثات کی تعداد گھر میں ہونے والے حادثات کے مقابلے میں کم ہوتی ہے۔ اس کی وجہ ہمارے گھروں میں بے احتیاط اور کاموں کے انجام دیتے وقت لاپرواہی ہے۔ ان تینوں واقعات میں جو کچھ ہوا وہ کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔ نوعیت، کیفیت اور وجہ مختلف ہوسکتی ہے مگر نتیجہ ایک ہی ہے۔ چنانچہ سب سے اہم چیز ہے احتیاط اور توجہ۔ اسی طرح آپ خود بھی گھر میں محفوظ رہ سکتی ہیںاور اپنے بچوں اور اہلِ خانہ کو بھی ایک محفوظ گھر فراہم کرسکتی ہیں۔
l جب آپ چائے بنانے یا گرم پانی کی بوتل تیار کرنے کے لیے پانی گرم کررہی ہوں تو پانی کو اپنے جسم سے دور رکھیں، بوتل میں پانی بھرنے سے قبل اس کو ہموار سطح پر ڈال کر اس کے اندر موجود ہوا کو خارج کریں اور اس طرح کی احتیاط سے پانی باہر پھیلنے اور گرنے کا اندیشہ نہیں رہے گا۔
lجب آپ اپنے ہاتھ میں گرم برتن یا گرم سالن والا برتن تھامے ہوئے کچن میں جارہی ہوں تو توجہ ادھر ادھر مبذول نہ کریں ایسے وقت چھوٹے بچوں کواپنے قریب نہ آنے دیں۔ برتن کو مضبوطی سے دونوں ہاتھوں سے پکڑیں صرف انگلیوں سے گرم برتن کو تھامنا خلافِ احتیاط ہے۔ اپنے ہاتھوں میں گرم برتن کو پکڑنے کے لیے موٹا کپڑا استعمال کریں۔
lاگر آپ کوئی چیز تل رہی ہوں تو فرائی پین سے اپنی توجہ نہ ہٹائیں اگر کوئی آپ کو دوسرے کمرے میں بلائے تو پہلے چولہا بند کریں۔ کچن میں ایسی چیز ضرور رکھیں جس سے فوری طور پر آگ بجھانے میں مدد مل سکتی ہو۔
lکچن میں کوئی بھی چیز فرائی کرتے وقت بچوں کو وہاں نہ آنے دیں۔ اور نہ ہی گرم دودھ یا گرم کھانا اس طرح چھوڑیں کہ بچوں کی پہنچ وہاں تک ہوجائے۔
lاگر آپ کا ہاتھ جل جائے تو اپنا ہاتھ فوراً ٹھنڈے پانی میں ڈالیں۔ اگر پاؤں جل گئے ہوں تو تولیہ ٹھنڈے پانی میں بھگوکر پاؤں میں لپیٹ لیں۔ اگر آپ نے موزے پہنے ہوئے ہیں تو موزے اتارنے کی کوشش نہ کریں، صرف جوتے اتاردیں۔
lروزہ مرہ استعمال کی اشیاء جو بوتلوں میں بند ہوتی ہیں انہیں مناسب ترتیب سے رکھیں، تاکہ ضرورت پڑنے پر آپ لیبل کو احتیاط سے دیکھ کر مطلوبہ چیز ہی استعمال کریں۔ گھر میں ہونے والے اکثر حادثات بے دھیانی میں غلط چیز کے استعمال کرنے سے پیش آتے ہیں۔
lاپنے کچن میں فرش صاف رکھیں کوئی چکنی چیز فرش پر نہ بکھرنے دیں۔ پالش کیے ہوئے فرش زیادہ خطرناک ہوتے ہیں۔
lکھانا پکانے کے بعد گیس چولہا بند کردیں اور پھر سلینڈر کا ناب بھی آف کردیں، اس طرح گیس لیک کے سبب ہونے والے آگ کے حادثے سے تحفظ ہوسکتا ہے۔
lاپنی دواؤں کو الگ خانے میں رکھیں اور ضرورت سے زائد خوراک استعمال نہ کریں۔ غیر ضروری دوائیں جو لوگوں کے استعمال میں نہ ہوں،انہیں کسی دوسری جگہ پر رکھیں جب دواؤں کی تاریخ استعمال گزرچکی ہو تو انہیں ضائع کردیں۔
lاگر آپ کے قریب بچے ہوں تو اس وقت اپنے قریب کوئی تیز دھار آلہ یا اوزار اور دوائیں نہ رکھیں۔ بچے ان چیزوں سے اپنے آپ کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
lکسی بھی موسم میں گرم پانی سے نہاتے وقت یہ ضرور کریں کے پہلے گیزر میں پانی گرم کرلیں اور گیزر کا بٹن آف کردیں پھر نہائیں۔ آف نہ کرنے کی صورت میں ایسا ہوسکتا ہے کہ کسی وجہ سے پانی میں کرنٹ آجائے جو خطرناک اور مہلک ہوسکتا ہے۔
lگیس گیزر ہمیشہ باتھ روم سے باہر لگوائیں تاکہ گیس لیک کی صورت میں باتھ روم گیس چیمبر نہ بن سکے۔
گھر کے اندر اور گھر کے باہر بھی بہت سی ایسی جگہیں اور حالات ہوتے اور ہوسکتے ہیں جو حادثہ کا سبب بن جائیں۔ اس لیے آپ خواہ گھر میں ہوں یا گھر کے باہر ہر جگہ احتیاط اور حفاظت کو پیش نظر رکھیں اور لاپرواہی اور بے توجہی سے خود کو بچائیں۔ یہی ایک طریقہ ہے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146