کچن کارنر

پیش کش: ادارہ

قیمہ بھرے کریلے

اول کریلوں کو چھیل کر ایک طرف سے ان کا پیٹ چاک کرکے بیج خوب صاف کردیں۔ پھر نمک کے پانی سے دھوکر انھیں گھی میں تل لیں۔ اس کے بعد پیاز کو گھی میں سرخ کرکے الگ رکھ لیا جائے۔ اب مسالہ کو بھون کر قیمہ کو اس میں پکایا جائے۔ قیمہ کو خشک کرلیا جائے پانی نہ رہنا چاہیے۔ جب قیمہ پک کر تیار ہوجائے تو کریلوں میں بھر دیجیے اور دھاگے سے لپیٹ دیجیے۔ اور جو قیمہ بچ رہے اسے دیگچی میں پھیلاکر کریلوں کو اس کے اوپر بچھا دیجیے اور چولہے پر لگادیجیے۔

اگر کریلوں میں قیمہ بھرنا مقصود نہ ہو بلکہ ترکاری کی طرح ساتھ پکانا چاہتے ہوں تو ابلے ہوئے کریلوں کو باریک باریک کاٹ کر گھی میں تل لیا جائے پھر پیاز کو بھنگار کر نکال لیا جائے اور مسالہ بھون کر قیمہ کو پکا لیا جائے۔ اس کے بعد پیاز کے ساتھ ہی کریلے کے ٹکڑوں کو ملا کر دم پر لگادینا چاہیے۔ نمک اور مرچ اپنی پسند کے مطابق استعمال کیجیے۔ تیاری پر زعفران کا چھینٹا دے دیجیے تو لذت دوبالا ہوجائے گی۔

کڑاھی مرغ

اشیاء: ایک کلو مرغی، دس ہری مرچیں، آدھا کلو پسا ہوا ٹماٹر، ہاف ٹی اسپون ہلدی، ایک ٹیبل اسپون مرچیں اور زیرہ دو ٹیبل اسپون، لہسن، ادرک، نمک حسب ذائقہ اور تیل حسب ضرورت۔

ترکیب: کڑاھی میں گھی گرم کرکے پھر لہسن ادرک ڈال دیں۔ پھر چلانے کے بعد زیرہ ڈال دیں پھر اس میں مرغی ڈال کر مرچیں، نمک اور ہلدی ڈال کر بھون لیں پھر آدھا کلو پسے ہوئے ٹماٹر اور دس مرچیں ڈال کر ڈھک دیں اورپکنے دیں جب مرغ اچھی طرح گل جائے تو اتارلیں۔

بھری ہوئی بھنڈی

بھنڈی ایک پاؤ، سفید زیرہ اور سفید دھنیا بھنا ہوا پسا ہوا دو ٹیبل اسپون، ایک کپ املی کا گاڑھا پانی اور نمک مرچ حسب پسند۔

بھنڈیاں دھوکر سکھالیں پھر ایک کٹورے میں تھوڑا سا نمک دھنیا اور زیرہ املی کے پانی میں ملاکر بھنڈیوں میں بھرلیں۔

کڑاھی میں گھی گرم کرکے وہ بھنڈیاں احتیاط سے رکھ دیں اور باقی ماندہ مصالحہ اوپر سے ڈال دیں تھوڑا سا نمک بھی چھڑک دیں اور ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ جب بھنڈی گل جائے تو اتار لیں۔

آم کی برفی

اجزا: بڑے سائز کے آم ۲ کلو، کھوا ۵۰۰ گرام، شکر ۴۰۰ گرام، گھی ۲۵۰ گرام، کٹے ہوئے بادام حسب پسند۔

ترکیب: آم کے چھلکے اتار کر گودے میں شکر اور کھوا ملا ئیں۔ اسے آنچ پر پکنے کے لیے رکھ دیں۔ گاڑھا ہونے تک مسلسل چمچہ چلاتی رہیں اور ساتھ میں تھوڑا تھوڑا گھی بھی ڈالتی جائیں۔ گھی لگی تھالی میں آمیزے کو الٹ دیں۔ اوپر سے کٹے ہوئے بادام ڈال کر تھوڑا دبا کر چپکا دیں۔ ٹھنڈا ہونے پر من چاہے شیپ میں کاٹ کر کھائیں اور اللہ کا شکر ادا کریں۔

پپیتے کی برفی

اجزاء: پپیتہ ا کلو، شکر آدھا کلو، کسا ہوا ناریل ۵۰ گرام، پستہ حسب پسند، گھی ۲ چمچے

ترکیب: پپیتہ کے چھلکے نکال کر اس کے گودے کو ہاتھ سے نرم کریں شکر ملاکر پکنے کے لیے رکھ دیں۔ ۳، ۴ ابال آنے پر ناریل اور ڈال کر تب تک پکائیں جب تک آمیزہ کڑاہی نہیں چھوڑدیتا۔ گھی لگی تھالی میں آمیزے کو الٹ دیں۔ کٹے ہوئے پستہ بادام ڈال کر دبادیں۔ ٹھنڈا ہونے پر حسبِ خواہش کاٹ لیں۔

مٹر کی برفی (45 منٹ)

اجزاء: دودھ دیڑھ لیٹر، مٹر ۲ کپ، گھی پون کپ، شکر سوا کپ، روا پاؤ کپ، کاجو، بادام حسب خواہش ۔

ترکیب: مٹر کے دانوں کو تھوڑے پانی کے ساتھ پیس لیں، روے کو تھوڑی خوشبو آنے تک بغیر گھی کے بھونیں، دیڑھ لیٹر دودھ کو آدھا لیٹر ہونے تک پکائیں۔ گاڑھے دودھ میں مٹر کا پیسٹ اور روا ڈال کر آمیزے کو تب تک پکائیں جب تک وہ کڑاہی کے کنارے نہیں چھوڑدیتا۔ آدھے کپ پانی کے ساتھ شکر کی چاشنی تیار کریں۔ آمیزے کو چاشنی میں گھی ڈال کر گولا بننے تک پکائیں۔ ایک گھی لگی ہوئی تھالی میں آمیزے کو الٹ دیں، کاجو بادام کاٹ کر آمیزے پر چپکا دیں، ٹھنڈا ہونے پر من چاہی شکل یں کاٹ لیں۔

میٹھے کوفتے

اشیاء: قیمہ ایک کلو، شکر ایک کلو، کھویا آدھا پاؤ، سوچی آدھا پاؤ، لیموں دو عدد، ناریل، کشمش، بادام، پستہ اور کیوڑہ حسب پسند۔ نمک ذرا سا۔

ترکیب: قیمے کو صاف سل پر باریک پیس لیں اور اس میں نمک ملادیں۔ ایک دیگچی میں گھی ڈال کر کھوئے اور سوجی کو الگ الگ بھون لیں۔ پھر اس میں تھوڑی سی چینی اور کشمش ملا دیں۔ ناریل اور بادام کی چھلی ہوئی گری اور پستہ باریک باریک کتر لیں، پھر قیمے کے کوفتے بناتے وقت یہ میوے اس میں بھر دیں اور انہیں ہلکی آگ پر اتنا تلیں کہ وہ سرخ نہ ہوں، چینی کا قوام اس سے پہلے تیار کرلیں اور اس میں لیموں کا عرق بھی ملادیں۔ جب آپ کوفتے تلتے جائیں تو نکال کر اس قوام میں ڈال دیں تاکہ شیرہ جذب ہوجائے، جب ٹھنڈے ہوجائے تو کیوڑہ ڈال کر پیش کریں۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146