غزل

عرفان وحید

رنج و غمِ حیات سے پہلو تہی کرو

کچھ پل خوشی کے لے کے انھیں دائمی کرو

لَو دے اٹھیں چراغ دلوں کے بجھے ہوئے

کچھ اس طرح سے بزم میں اب روشنی کرو

بیعت نظامِ جبر سے ہیں رہبرانِ قوم

یارانِ حق نوا تمھی اب رہبری کرو

اس شہر ہوْ کی گوش عذابی تو کچھ ٹلے

اتنا تو ہو، بلند کوئی چیخ ہی کرو

برپا ہے جشنِ دار و رسن قتل گہ میں آج

سو کاروبارِ زیست ذرا ملتوی کرو

اپنی قیادتوں میں نئی منزلیں چنو

لازم ہے اپنے شوق کی خود رہبری کرو

لو ہم نے بڑھ کے روک لیا سیلِ ظلم و جبر

تم بس دعائے ردِّ بلا ہر گھڑی کرو

صحرا نچوڑو یا کوئی بادل کرو شکار

“کچھ تو علاجِ شدّتِ تشنہ لبی کرو”

بولا نہ تھا کہ زخم مرے مسکرائیں گے

اے چارہ ساز اور مری دل دہی کرو!

ظلمات کے حلیف ہیں مقتل کے سب چراغ

عرفاں سروں کی لو ہی سے اب روشنی کرو

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146