آنکھوں کے دانے

نسرین اختر

اکثر لوگوں کی آنکھوں میں دانے نکل آتے ہیں۔ انہیں چشم گوہانجنی بھی کہا جاتا ہے۔ یہ دراصل ایک انفیکشن ہے، جس میں آنکھوں کے پپوٹے پر دانہ نکل آتا ہے اور اس کی وجہ پپوٹوں کے قریب کے غدود کا متاثر ہونا ہوتا ہے۔ یہ دانے عموماً پلکوں پر ہوتے ہیں اور بعض اوقات اس قدر پھول جاتے ہیں کہ آدھی سے زیادہ آنکھ بند ہو جاتی ہے اور اس کو چھونے پر درد بھی ہوتا ہے۔ بعض اوقات یہ دانے اس وجہ سے بھی ہوجاتے ہیں کہ آنکھ کو آلودہ رومال یا جراثیم زدہ ہاتھ سے چھوا یا صاف کیا جاتا ہے، لیکن اگر یہ دانے بار بار نکلیں تو صاف ظاہر ہے کہ کچھ گڑ بڑ ہے۔

اس کی وجوہات میں ایک اہم وجہ ایک خاص قسم کا جرثومہ ہوتا ہے، جسے اسٹیفی لوکو کل کا نام دیا گیا ہے۔ یہ آنکھ کے پپوٹے کے اختتام پر جڑے ایک چھوٹے سے غدود کو متاثر کرتا ہے، جس کی وجہ سے پلکوں کا راستہ بند ہو جاتا ہے اور پہلے جلن ہوتی ہے پھر دانہ ہو جاتا ہے، جسے چھونے پر درد ہوتا ہے۔ آنکھ میں سرخی، پپوٹوں میں تیز درد، جلن، خارش، سوجن، دھندلاہٹ اور آنکھوں سے پانی بہنے لگتا ہے۔ ساتھ ہی تیز روشنی میں آنکھ کھولنے میں دشواری بھی محسوس ہوتی ہے۔

علاج

آلو کا آمیزہ بنا کر اسے کسی کپڑے پر پھیلا لیں اور پپوٹا بند کر کے اسے رکھ لیں۔ اس سے جلن بھی کم ہوگی اور سوجن بھی جاتی رہے گی۔

امرود کے چند پتے لے کر اسے گرم کپڑے پر رکھیں۔ اب کپڑے سے آنکھ کی اچھی طرح سینکائی کریں۔ اس سے سرخی اور سوجن کم ہو جاتی ہے اور درد میں بھی افاقہ ہوتا ہے۔

گرم، صاف اور گیلے کپڑے سے متاثرہ حصہ اور پپوٹوں کو صاف کریں۔

انفیکشن سے لڑنے کے لیے اپنے معالج کے مشورے سے اینٹی بایوٹک ڈراپ کا استعمال بھی کیا جاسکتا ہے۔ اگر آنکھ میں ایک سے زیادہ دانے نکلے ہوں تو آپ کو فوراً آنکھوں کے سرجن یا اسپیشلسٹ سے رجوع کرنا چاہیے۔ آنکھوں کی بیماریوں سے محفوظ رہنے کے لیے اپنی آنکھوں کو گرد آلود ہواؤں سے بچائیے۔ بالخصوص باہر نکلتے ہوئے چشمے کا استعمال کیجیے۔ سر ڈھانپتی ہیں تو رومال ماتھے پر سے تھوڑا باہر نکال کر اس طرح باندھیں کہ آنکھیں دھوپ سے بچی رہیں۔ باہر سے گھر آئیں تو پہلے اچھی طرح ہاتھ دھوئیں اور اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے اپنی آنکھوں کو صاف کریں اور پھر ٹشو سے پونچھیں۔ کبھی بھی خراب ہاتھوں سے آنکھ ملنے سے گریز کریں، اس کے لیے کوئی صاف رومال یا ٹشو لیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146