ٹماٹر ایک مشہور سبزی ہے جو دنیا کے ہر ملک میں پائی جاتی ہے۔ ٹماٹر کی دو قسمیں ہوتی ہیں، میدانی اور پہاڑی۔ میدانی علاقوں کا ٹماٹر گول اور پہاڑی علاقوں کا ٹماٹر لمبوترا ہوتا ہے۔ اس کو پکا کر اور بغیر پکائے بکثرت کھایا جاتا ہے۔ یہ جتنا سرخ زیادہ ہوگا اتنا ہی پختہ ہوگا اور جس قدر کم سرخ ہوگا اسی اس قدر پختگی بھی کم ہوگی۔ اسے دنیا بھر میں کچے سلاد کے طور پر کھایا جاتا ہے۔
اس کے اجزاء میں وٹامن اے، سی، ایچ، فولاد اور نمکیات کافی مقدار میں شامل ہیں۔ اس کا مزاج سرد تر ہے۔ یہ وہ سبزی ہے جسے عام طو رپر تنہا پکاکر نہیں کھایا جاتا۔ اس کی میٹھی چٹنی بھی تیار کی جاتی ہے جسے ٹماٹر سوس کہتے ہیں جو گھر میں کھانے کے علاوہ ہوٹلوں اور ضیافتوں میں استعمال ہوتی ہے۔
ٹماٹر کے فوائد
ٹماٹر کے حسب ذیل فوائد ہیں:
٭ یہ بھوک لگاتا ہے اور کھانے کو ہضم کرتا ہے۔
٭ قبض کشا ہے۔
٭ اگر بچوں کے ہاتھ پاؤں ٹیڑھے ہو جائیں تو ٹماٹر کا رس متواتر پلاتے رہنے سے جلد آرام آجاتا ہے۔
٭ خون کی کمی، یرقان، ورم گردہ، زیابیطس اور موٹاپے میں صبح نہار منہ ایک بڑا سرخ ٹماٹر استعمال کرنے سے بہت فائدہ ہوتا ہے۔ یعنی ٹماٹر پھل کی شکل میں استعمال کیا جائے۔
٭ ٹماٹر خون کو صاف کرتا ہے۔ جسم کی خشکی کو دور کرتا ہے۔
٭ وہم اور وحشت کو ختم کرتا ہے۔
٭ قوت باہ کو بڑھاتا ہے۔
٭ طبیعت کو فرحت دیتا ہے۔
٭ گرمیوں میں اس کا استعمال گرمی اور حرارت کو ختم کر دیتا ہے اس لیے اس کا گرمیوں میں زیادہ استعمال ہوتا ہے۔
٭ گرم سبزیوں کی تاثیر بدلنے کے لیے اس میں ٹماٹر کا اضافہ کیا جاتا ہے جس سے ان کی گرمی زائل ہو جاتی ہے۔
٭ مریض اور کمزور افراد کو ٹماٹر کا استعمال بے حد مفید ہے۔
٭ دانتوں کو مضبوط بنانے اور بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ٹماٹر کا استعمال بہت ضروری ہے۔
٭ ٹماٹر کے جوس میں وہ تمام اجزاء پائے جاتے ہیں جو بچوں کی پرورش کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔ اس لیے بچوں کو روزانہ صبح ایک ٹماٹر دھوکر کھلانا بہت مفید ہوتا ہے۔ ٹماٹر کا رس بچوں کی پرورش اور دانتوں کی حفاظت کرتا ہے۔
ان ماؤں کے لیے ٹماٹر کھانا بے حد نفع بخش ہوتا ہے جن کے بچے شیر خوار ہوتے ہیں۔ اس سے ماں کا خون صاف ہو جاتا ہے اور نتیجتاً اس کا اچھا اثر بچے کی صحت پر پڑتا ہے۔ لہٰذا انھیں ہر صبح ٹماٹر ضرور کھانا چاہیے۔
٭ حاملہ خواتین کے لیے صبح صبح ایک ٹماٹر کا جوس بہت مفید ہے۔ اس سے ان کا معدہ درست کام کرتا رہتا ہے اور قے اور متلی وغیرہ کی شکایت بھی دور ہو جاتی ہے۔
٭ ہمیشہ صحت مند رہنے کے لیے ضروری ہے کہ دوپہر کے کھانے کے ساتھ مولی، چقندر، سلاد اور ٹماٹر کا استعمال ضرور کیا جائے۔
٭ کچا ٹماٹر کھانے کی صورت میں کچھ دیر پانی ہرگز نہیں پینا چاہیے تاکہ ٹماٹر میں موجود تیزابی مادے معدے میں بغیر پانی پینے اپنا کام بخوبی سر انجام دے سکیں۔
مذکورہ بالا فوائد کے علاوہ ٹماٹر کے چند نقصانات بھی ہیں:
٭ ٹماٹر بادی اور بلغم پیدا کرتا ہے۔
٭ تپ دق کے مریضوں کے لیے ٹماٹر مفید نہیں ہے۔
٭ سینے اور گلے کے امراض والے مریض کے لیے ٹماٹر فائدہ مند نہیں ہے۔
٭ گردہ کی پتھری والے مریض بھی ٹماٹر استعمال نہ کریں۔ ٹماٹر زکام پیدا کرتا ہے۔
٭ پیٹ میں ٹماٹر سے نفخ پیدا ہوتی ہے۔lll