حجاب کے نام

شرکاء

مضامین اچھے ہیں

دسمبر کا حجاب اسلامی موصول ہوا۔ کئی مضامین بہت اچھے ہیں البتہ شعر و نغمہ کا گوشہ تشنگی کا احساس دلا رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس جریدے کو امت کی اصلاح کا ذریعہ بنائے۔ آمین

سرفراز بزمی

جے پور (راجستھان) بذریعہ واٹسپ

؟؟

دسمبر کا حجاب اسلامی سامنے ہے۔ کئی مضامین بہت اچھے لگے۔ ان میں خاندان اور دلوں کی اصلاح، کاہلی سے ہونے والے صحت پر نقصان سے متعلق مضامین خاص رہے۔ نئے سال کی آمد پر شائع مضمون اچھا اور مثبت سوچ دینے والا ہے۔

اس ماہ کے رسالے میں ڈاکٹر نازنین سعادت صاحبہ کے مضمون کی کمی محسوس ہو رہی ہے۔ افسانوں کے گوشے میں ’کنکشن‘ دل کو چھوگیا۔ ’کردار‘ اور مرنے کے لیے بڑا وقت پڑا ہے، اچھے لگے۔

نیر الزماں ریاضی

مئو ناتھ بھنجن (یوپی)

[گزشتہ ماہ ڈاکٹر نازنین سعادت اپنی طبیعت کی خرابی کے سبب اپنا مضمون نہیں لکھ سکی تھیں۔ اس ماہ ان کا مضمون شامل اشاعت ہے۔ ان کے مضمون کی کمی محسوس ہونے کا مطلب یقینا ان کی تحریروں کی مقبولیت اور افادیت ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے قائم رکھے۔]

مشورہ حاضر ہے!

ماہ نامہ حجاب اسلامی کا دسمبر کا شمارہ وقت پر مل گیا۔ ہمارے گھر میں سبھی لوگ اس کا انتظار کرتے ہیں۔ اس کی تحریریں پسند کی جاتی ہیں۔ ’مشورہ حاضر ہے‘ کا سلسلہ آپ نے دوبارہ شروع کر دیا ہے۔ بہت اچھا ہے۔ یہ کالم بہت مفید ہوتا ہے اور اس کے ذریعے قارئین بہت آسان طریقے سے اپنے مسائل کا حل کر پاتے ہیں۔ کونسلنگ کے تحت مضامین کا سلسلہ اچھا اور معلوماتی ہے جو عملی زندگی میں ہماری رہ نمائی کرتا ہے۔

سمیرا ناز بنت نیاز احمد

ہاسن (کرناٹک) بذریعے واٹسپ

ایک تاثراتی خط

ماہ نامہ حجاب اسلامی ہمارے یہاں کئی سالوں سے پڑھا جاتا ہے۔ پہلے جب یہ رام پور سے نکلتا تھا اس وقت بھی ہمارے یہاں آتا تھا۔ ہم لوگوں نے حجاب اسلامی سے بہت کچھ سیکھا ہے بلکہ اگر میں کہوں کہ زندگی کا سلیقہ اور دین کا شعور ہمارے گھر میں حجاب کی دین اور مائل خیر آبادی صاحب مرحوم کی کوششوں کا نتیجہ ہے، تو یہ بات درست ہوگی۔

کئی ماہ سے خط لکھنے کا سوچتی رہی مگر ممکن نہ ہوسکا۔ دراصل میں خط تو پچھلے سال سے لکھنا چاہ رہی تھی۔ جب حجاب اسلامی کا خوب صورت اور نہایت مفید اور معلوماتی خصوصی نمبر دیکھا تھا۔ اسلامی عائلی زندگی اور طلاق و پرسنل لا کے مسائل سے نام سے دسمبر میں شائع ہونے والا یہ شمارہ اپنے آپ میں بہت معلوماتی عملی اور دعوت غور و فکر دینے والا تھا۔ یہ پرانی بات میں نے اس لیے کہی کہ میں اسی وقت سے خط لکھنے کا سوچتی رہی مگر لکھ نہ سکی اور اب اب جب کہ نومبر کا شمارہ میرے ہاتھوں میں ہے اور اس خیال کو سال گزرنے والا ہے میں نے اپنے احساسات آپ کو پہنچا کر تسلی محسوس کی ہے۔

نومبر کے شمارے کے سبھی مضامین بہت اچھے لگے۔ عورت، حقوق اور دائرہ عمل بہت شاندار مضمون ہے اور اسلام کے موقف کو منطقی انداز میں پیش کرتا ہے۔ خواتین کی خود کشی اور ہندوستان، نوعمر لڑکیوں کے مسائل اور شادی بیاہ کی تقریبات سے متعلق مضامین بہت اچھے ہیں۔ مجھے امید ہے حجاب اسلامی پسند کیا جا رہا ہے۔ ایک بات اور کہوں کہ رسالہ نکالنا، اسے عوام میں مقبول کرانا بڑی مہم ہے لیکن اس کے اثرات بھی سماج پر گہرے پڑتے ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ کوئی اس کے فوائد اور نتائج کو اہمیت نہ دے اور اس کام کو معمولی گردانے یا محنت، سرمائے اور صلاحیت کی بربادی خیال کرے مگر میں آپ کو یقین دلاتی ہوں کہ یہ نہایت مفید اور عظیم کام ہے، جو لگن کے ساتھ کیا جانا چاہیے۔ اس کے اچھے اثرات اور نتائج کی میں خود گواہ ہوں اور میرا پورا گھرانا بھی۔ اللہ تعالیٰ آپ حضرات کو اجر دے گا۔

کوثر بی

کوروائی (مدھیہ پردیش)

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146