فیسر سائز یا چہرے کی ورزش اصل میں ایسی ورزش ہے جس میں یوگا کے قاعدوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ مانا جاتا ہے کہ فیشل ورزش سے چہرے کی جلد ٹونڈ ہوجاتی ہے اور شکنیں دور ہوجاتی ہیں۔ چہرے کی یہ ورزشیں چہرے پر موجود ۵۷ مسلز کو مدنظر رکھ کر ترتیب دی گئی ہیں جن کو کرنے سے خون کی گردش میں اضافہ ہوتا ہے اور ٹینشن دور ہوجاتی ہے۔ چہرے کی شگفتگی میں اضافہ ہوتا ہے اور چہرہ جوان نظر آتا ہے۔ اس سلسلے میں جو اہم ہے وہ یہ ہے کہ یہ بہت ہی سستا ہے اور کسی پلاسٹک سرجری یا انجکشن کے بغیر وہی شگفتگی اور تازگی چہرے کو عطا کرتا ہے جو سرجری یا انجکشن سے حاصل ہوتی ہے اگر آپ صبر و تحمل کے ساتھ اور باقاعدگی سے یہ فیشل ورزش کریں گی تو آپ دیکھیں گی کہ چند دنوں بعد آپ کا چہرہ کھلا کھلا ہوجائے گا، آپ جوان لگیں گی اور چہرے پر موجود باریک لائنیں غائب ہوچکی ہوں گی۔ اس ورزش کو کرنے کے لیے آپ کو روز صرف پندرہ منٹ درکارہوں گے۔ فیشل ورزش سے ڈھیلی پڑتی جلد بھی نارمل ہوجاتی ہے۔
آنکھ کی ورزش
(۱) اپنی تین انگلیاں آنکھ کے نیچے رکھیں اور کھال کو نیچے کی طرف ہولے سے کھینچیں اور اب آنکھ بند کرنے کی کوشش کریں۔ اس پوزیشن میں دس سیکنڈ رہیں اور پھر چھوڑ دیں۔ یہ ورزش پانچ بار کریں۔ اس سے آنکھوں کے نیچے جو سوجن ہوتی ہے، دور ہوجائے گی۔
(۲)اپنی ہتھیلیوں کو آپس میں تیزی سے رگڑیں اور انھیں بند آنکھوں پر رکھ لیں۔ گہرا سانس لیں اور پھر پانچ منٹ تک آرام کریں۔ آپ یہ ورزش کرسی، بستر اور آفس میں بھی کرسکتی ہیں۔ اس سے آنکھ اور اس کے آس پاس کے حصے نرم اور فری ہوجائیں گے اور بصری نسوں کو بھی آرام ملے گا۔ یہ سر درد کے لیے بھی بہترین ہے۔
(۳) آنکھوں کو گولائی میں پوری طرح گول گھمانا ہے… اس سے آنکھ کے مسلز کی ورزش ہوجاتی ہے اور جلد ڈھیلی ہونے سے محفوظ رہتی ہے۔
(۴) جس قدر ممکن ہو، اپنی زبان باہر نکال لیں… اور دونوں آنکھوں کو مکمل طور پر کھول لیں۔ اور ایک منٹ تک اسی حالت میں رہیں۔ اس سے آنکھوں میں موجود فاسد مادہ نکل جاتا ہے۔
ہونٹوں کی ورزش
ہنستے ہوئے ہونٹوں کو اندر کی طرف سکیڑ لیں۔ اس سے ہونٹوں کے ارد گرد موجود مسلز کی ورزش ہوگی۔ ہوائی بوسہ چھوڑیں… اس سے ہونٹ مضبوط اور شیپ میں رہیں گے۔
پورے چہرے کی ورزش
ناک کے ذریعے سانس لیں اور اپنی مٹھی اور پورے چہرے کو خوب زور سے بھینچ لیں۔ سارے مسلز کی ورزش ہوجائے گی۔ اب زبان کو ایک بار پھر باہر نکالیں۔ سانس باہر کو چھوڑیں۔ آنکھوں کو اوپر نیچے حرکت دیں اور مٹھیاں کھول لیں۔ یہ ورزش تین بار کریں۔
شکنوں کے لیے ورزش
منہ کے ذریعہ ہوا بھریں اور ہوا کے ذریعہ منہ کو اس طرح پھیلائیں جیسے آپ بگل بجارہی ہیں… ایک منٹ تک اس پوزیشن میں رہیں اور آہستہ آہستہ ناک کے ذریعے سانس خارج کریں۔ پانچ بار یہ عمل کریں… شکنیں دور کرنے اور گالوں کو ٹون کرنے کے لیے یہ ورزش زبردست ہے۔ (مرسلہ:زنیرہ فاطمہ)
——