موٹاپا اور اس سے نجات

؟؟

زیادہ موٹاپے کو عام طور پر پسند نہیں کیا جاتا۔ اس لیے خوراک وغیرہ کے سلسلے میں ایسی چیزوں سے احتیاط کرنا بہت ضروری ہے جن سے موٹاپا بڑھتا ہو۔

اس کا ایک طریقہ ڈائٹنگ بھی ہے لیکن اس کا مقصد ہرگز یہ نہیں کہ آپ فاقہ کشی کرنے لگیں اور بھوک سے بدحال ہوکر اپنے جسم کو مکمل طور پر تباہ کرلیں۔ ڈائٹنگ سے مراد اعتدال سے کھانا ہے اس کے لیے آپ کو اپنے لیے ایسا غذائی چارٹ مرتب کرنا ہوگا جس میں موٹاپے کو مزید بڑھانے یا چربی کو جسم میں جمع کرنے کی قوت کم ہوتی ہے۔ آپ اپنی روز مرہ کی خوراک میں کچھ تبدیلیاں پیدا کرکے جسم کو متوازن کرسکتی ہیں۔ آپ کو اس کے لیے ایسی تبدیلیاں کرنی چاہئیں جو ہمیشہ کے لیے آپ کو اس مرض سے محفوظ رکھ سکیں اور آپ اس غذائی پلان کو اپنا سکیں۔

آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہر انسان کو ہر روز کتنے حراروں کی توانائی درکار ہوتی ہے اور آپ ان میں سے کتنے حراروں کی توانائی کم کرکے اپنے آپ کو فاقہ کشی سے بچا کر متوازن خوراک کے ساتھ جسم کو خوبصورت بناسکتی ہیں۔

ایک عام خاتون کو جو گھر کا زیادہ کام کاج نہیں کرتی ہیں، ان کے لیے ایک ہزار حرارے کافی ہوتے ہیں جب کہ عام عورت جو گھر کے تمام کام انجام دیتی ہے، دو ہزار اور مرد کو دو ہزار پانچ سو حراروں کی روزانہ ضرورت ہوتی ہے۔ یہ تو تھی روزانہ کی ضرورت جو آپ کے بدن کو درکار ہے۔ اب اگر آپ کا جسم فربہ ہے اور چربی کی تہہ زیادہ جم گئی ہے تو آپ اپنی خوراک میں سے دو سو پچاس حراروں کو کم کردیجیے۔ دو ہزار والی خواتین پانچ سو حراروں کی اور دو ہزار پانچ سو والی سات سو حراروں کو کم کرسکتی ہیں۔ اس سے آپ کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ بالکل اسی طرح جیسے ایک گلاس پانی کی پیاس ہو تو آپ پونا گلاس پانی پی لیتی ہیں۔ اب آپ اپنے لیے حراروں کی حد مقرر کرکے اس پر عمل کیجیے اور خود کو اس پر سختی سے پابند کیجیے ورنہ آپ کا وزن کم نہیں ہوگا۔ ہمیشہ کے لیے اس مرض سے نجات پانے اور محفوظ رہنے کے لیے ایسی تبدیلیاں جو کہ آپ کو بآسانی دستیاب ہوں۔

چند احتیاطی تدابیر و خوراک

٭ دہی کا استعمال رکھیں۔ گھی کے بجائے کوکنگ آئل استعمال کریں۔

٭ مچھلی، مرغی زیادہ کھائیں، کیونکہ ان میں چربی کم اور پروٹین کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔

٭ دودھ پینا چاہیں تو بغیر بالائی کا بلکہ ہوسکے تو چھاچھ پئیں۔

٭ چینی اور نمک دونوں کم مقدار میں برائے نام استعمال کریں۔

٭ مٹھائی اور مشروبات نہ پئیں۔ البتہ سبزیاں وافر مقدار میں کھائیں۔ کھانے کے وقفے میں صرف زود ہضم پھل کھائیں مثلاً موسمی وغیرہ۔ لیکن یہ یاد رکھیں کہ آپ کے حراروں کی تعداد مقرر کردہ حراروں سے کسی طور تجاوز نہ کرے۔

ورزش

صحت و تندرستی کے لیے ورزش جسم کا فطری طریقہ ہے۔ اگر آپ اپنے جسم کو متوازن اور خوبصورت بنانا چاہتی ہیں تو ہلکی پھلکی ورزش ضرور کیجیے۔ یہ جسم کے اعضا کو تقویت اور عمر کی پرچھائیوں کو دور کردیتی ہے۔ ایسی ورزش جو آپ گھر میں بآسانی کرسکتی ہیں۔ یہ آپ کی صحت کو برقرار اور جسم کو دلکشی بخشنے والے اعضا میں خوب صورتی اور جاذبیت عطا کرے گی۔ آپ آدھے گھنٹے کی روزانہ مشق سے اپنے جسمانی خطوط کو توازن دے سکتی ہیں اور اپنی خوبصورتی اور دلکشی میں اضافہ کرسکتی ہیں۔ لیکن یہ بات ذہن نشین رہے کہ ورزش کے لیے آپ گھر کا ایک حصہ مخصوص کرلیں۔

موٹاپا کم کرنے کی ورزش

آپ سیدھی کھڑی ہوجائیں، اس طرح کھڑی ہوں کہ دونوں ایڑیاں آپس میں ملائیں۔ اب آپ اپنے دونوں ہاتھوں کو اوپر کولہوں پر اس طرح رکھیں جیسے دائیں بائیں سے کمر کو پکڑتے ہیں۔

اب آپ آہستہ آہستہ آگے کی جانب جھکیں یہاں تک کہ بالائی حصہ کمر پر وزن رکھے ہو۔

اب آپ بالکل سیدھی کھڑی ہونے کے بعد دائیں طرف جھکیں اور اس عمل کو پیچھے کی جانب گھماتے ہوئے بائیں طرف لائیں۔

اس عمل کو کرنے کے بعد اپنی پہلے والی پوزیشن میں آجائیے۔ اب آپ دھڑ کو پیچھے کی جانب جھکائیں لیکن ہاتھ بدستور کولہوں پر ہی رہنے چاہئیں اور ٹانگیں سیدھی ملا کر رکھیں ، ان میں بالکل خم نہیں ہونا چاہیے۔

یہ عمل آپ پانچ پانچ مرتبہ دہرائیں اور کوشش کیجیے کہ آپ کمر کو زیادہ حرکت دے سکیں۔ لیکن خیال رہے کہ اس مشق کا فائدہ اسی وقت ہے جب اسے قاعدے کے مطابق اور ترتیب وار کریں۔

اس مشق سے آپ کی کمر کی چربی کم، کولہوں کا بھاری پن ختم اور جسم سڈول ہوگا۔ لیکن اس ورزش کو آپ متواتر کریں، یہ آسان بھی ہے گھر پر ہی ہوسکتی ہے۔

——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146