بیسن کی کھنڈویاں
اجزاء: بیسن چار کھانے کے چمچے، دہی ایک پاؤ یا ایک پیالی، گرم مصالحہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ، میتھی چھ دانے، ہلدی ایک چائے کا چمچہ، تیل ایک پیالی، ہری مرچ چار عدد، میٹھا سوڈا آدھا چمچہ، لیموں دو عدد، اجوائن آدھا چائے کا چمچہ، پیاز دو عدد (پیس لیں) ادرک، لہسن پسا ہوا، نمک حسب ذائقہ ہرا دھنیا ایک گٹھی۔
ترکیب: دہی میں بیسن، اجوائن، آدھا چمچہ گرم مصالحہ، میٹھا سوڈا، نمک، لیموں کا رس اچھی طرح ملالیں، پھر ایک کھانے کا چمچہ تیل ملا کر ہلکی آنچ میں تیز تیز چمچہ چلا کر اس کو حلوے کی طرح بھون لیں، ایک تھالی میں تھوڑی سی چکنائی لگا کر حلوے کی طرح پھیلا دیں، ٹھنڈا ہونے پر چوکور ٹکڑے کاٹ لیں۔ ایک دیگچی میں تیل گرم کریں، میتھی دانے ڈال د یں، خوشبو آنے لگے تو پسی ہوئی پیاز اور سارے مصالحے ڈال کر بھون لیں، اب اس میں دو سے ڈھائی گلاس پانی ڈال کر ہلکی آنچ میں رکھ دیں۔ اب جو کھنڈویاں بنا کر رکھی ہیں ان کو ایک فرائی پین میں تل لیں، جب سنہری ہوجائیں تو نکال کر شوربے میں ڈال دیں، اب دھنیا کاٹ کر اوپر سے ڈال دیں اور ہلکی آنچ پر دم لگائیں، تیل اوپر آجائے تو مزیدار سالن تیار ہے۔
چکن چاؤمن
اجزاء: مرغی کا گوشت آدھا کلو چھوٹے ٹکڑوں میں، سویا ساس تین کھانے کے چمچے، کارن فلور ایک چائے کا چمچہ، ہری پیاز کے پتے ایک پیالی، باریک کٹی ہوئی پیاز ایک عدد، کالی مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، بند گوبھی ایک پھول باریک کٹی ہوئی، شملہ مرچ تین عدد لمبائی میں کٹی ہوئی، تیل چار کھانے کے چمچے، سفید سرکہ تین کھانے کے چمچے، چکن کیوب دو عدد، نمک حسب ذائقہ، چینی ایک چائے کا چمچہ، سفید مرچ ایک چائے کا چمچہ، گاجر تین عدد، ادرک لہسن پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ، نوڈلز ایک پیکٹ۔
ترکیب: مرغی کے گوشت میں ایک چمچہ سرکہ، ایک چمچہ سویا ساس، نمک اور کارن فلور لگا کر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ ایک بڑی دیگچی میں پانی گرم کریں اور نوڈلز ڈال دیں، ساتھ ہی ایک چمچہ تیل ڈال دیں۔ نوڈلز گل جائیں تو چھلنی میں رکھ کر چھان لیں اور ٹھنڈے پانی کو اوپر سے ڈال کر دھوئیں۔ ایک کڑھائی میں تیل گرم کریں، پیاز ڈال کر ہلکی گلابی کریں۔ ادرک، لہسن ڈال کر ہلکا بھون لیں، پھر چکن ڈال دیں۔ جب پانی خشک ہوجائے تو سبزیاں اور کیوبز ڈال کر سویا ساس، سرکہ، نمک، کالی مرچ، سفید مرچ، چینی ڈال کر پانچ منٹ بھون لیں، پھر نوڈلز ڈال کر مکس کرلیں، گرم گرم کھانے کے لیے پیش کریں۔
چٹنی فش تکہ
اجزاء:مچھلی کے ٹکڑے (صاف/ چکور کٹے ہوئے) ایک کلو، گرم مصالحہ ایک کھانے کا چمچ، دہی چار کھانے کے چمچ، نمک حسب ذائقہ، کریم تین کھانے کے چمچ، لیموں کا رس دو کھانے کے چمچ، ادرک لہسن کا پیسٹ چار چائے کے چمچ، پودینے کی چٹنی تین تا چار کپ، اجوائن آدھا چائے کا چمچ، بیسن چاول کا آٹا چار چائے چمچ، سفید مرچ کا سفوف آدھا چائے کا چمچ، زیرہ کا سفوف دو چائے کے چمچ، مکھن/ تیل تلنے کے لیے۔
ترکیب: دہی، کریم، ادرک لہسن کا پیسٹ، اجوائن، سفید مرچ، زیرے کا سفوف، گرم مصالحہ، نمک، لیموں کا رس، پودینے کی چٹنی کو یکجا کرلیں۔ پھر مچھلی کے ٹکڑں کو اس آمیزے میں ڈال کر دو سے تین گھنٹے پڑا رہنے دیں پھر ٹکڑوں کو سیخ پر لگا کر اوون میں آٹھ سے دس منٹ تک بھونیں اس دوران ایک بار چکنا کریں، کٹے ہوئے پیاز سے سجا کر پیش کریں۔
گاجر کا زردہ
اجزاء: چاول (اُبلے ہوئے) آدھا کلو، گاجر کدوکش کی ہوئی تین عدد درمیانہ، چینی آدھاکلو، دودھ آدھی پیالی، کھویا آدھی پیالی، پستے آدھی پیالی، ناریل (کدوکش کیا ہوا) حسب پسند کوکنگ آئل آدھی پیالی۔
ترکیب: گاجر کو فرائنگ پین میں پھیلا کر رکھیں اور درمیانی آنچ پر پکاتے ہوئے اس کا پانی خشک کرلیں۔ پھر چاول، گاجر اور چینی کو دو حصوں میں تقسیم کریں۔ پین میں دو سے تین کھانے کے چمچ کوکنگ آئل ڈالیں اور اس میں ایک تہہ چاول کی، ایک گاجر کی اور ایک تہہ چینی کی، اوپر سے دو کھانے کے چمچ دودہ ڈالیں پھر اسی عمل کو دوبارہ دہرائیں۔ توے پر رکھ کر شروع میں تین سے چار منٹ آنچ درمیانی رکھیں پھر ہلکی آنچ پر دس سے بارہ منٹ دم پر رکھ دیں۔ چولھے سے اتار کر اس میں کوکنگ آئل ڈال کر پانچ منٹ ڈھک کر رکھیں۔ گاجر کا زردہ تیار ہے۔
سجاوٹ: اچھی طرح ملا کر ڈش میں نکالیں اور ناریل، پستہ اور کھویا چھڑک دیں۔ گرم گرم گاجر کے زردے کا سردیوں میں لطف اٹھائیں۔
ہری مرچ قیمہ
اجزاء: بکرے/ بڑے کا قیمہ آدھا کلو، پسی ہوئی کالی مرچ حسب ذائقہ، پسا ہوا لہسن ادرک ایک کھانے کا چمچ، نمک حسب ذائقہ، بھنا ہوا سفید زیرہ آدھا چائے کا چمچ، بھنا ہوا دھنیا آدھا چائے کا چمچ، پسی ہوئی ہلدی آدھا چائے کا چمچ، پیاز (چوپ کی ہوئی) ایک عدد، ہری مرچ (باریک کٹی ہوئی) پانچ عدد، ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا) سجانے کے لیے، تیل تین کھانے کے چمچ۔
ترکیب: دیگچی میں تیل گرم کر کے اس میں لہسن ادرک ڈال کر چند منٹ پکائیں اس میں ہلدی، دھنیا، سفید زیرہ، نمک اور کالی مرچ ڈال کر قیمہ گلنے اور خشک ہونے تک پکائیں پھر اس میں ہری مرچ شامل کریں اور کچھ مزید پکانے کے بعد ڈش میں نکال لیں، مزے دار قیمے کو ادرک اور ہرا دھنیے سے سجا کر پیش کریں۔
انڈوں کا حلوہ
اشیاء: انڈے دس عدد، چینی آدھا کلو، کیوڑہ ذرا سا، کالی مرچ چند عدد، گھی حسب ضرورت۔
ترکیب: انڈوں کو ایک برتن میں توڑ کر اچھی طرح پھینٹ لیں اور اس میں گھی بھی ڈال دیں اب دونوں کو اچھی طرح مکس کرلیں۔ پھر ان کو کسی دیگچی میں ڈال کر پکائیں چمچ برابر چلاتے رہیں تقریباً بیس سے تیس منٹ پکا کر چینی ڈال دیں اور چمچ ہلاتے رہیں تاکہ مرکب دیگچی میں نہ لگے۔ دانے دار حلوہ جب بن جائے تو چولھے پر سے اتار لیں پھر پستہ بادام کتر کر چھڑک دیں۔
قیمہ بھرے ٹماٹر
اجزاء: قیمہ آدھا کلو، ٹماٹر آدھا کلو، انڈہ ایک عدد، گھی حسب ضرورت، ڈبل روٹی کا چورا تھوڑا سا، پیاز دو عدد باریک کٹا ہوا، لہسن ادرک پیسٹ چار چائے کے چمچ، گرم مصالحہ حسب ضرورت پسا ہوا، ہری مرچ حسب ذائقہ لال مرچ حسب ذائقہ، نمک حسب ذائقہ، آٹا حسب ضرورت۔
ترکیب: ٹماٹروں کے اندر کا گودا اور بیج نکال دیں۔ آدھی مقدار گھی ڈال کر پیاز لال کر کے نکال لیں پھر اس میں قیمہ بھونیں چند منٹ بعد لال مرچ، نمک، گرم مصالحہ، لہسن ادرک پیسٹ بھی ڈال دیں اور دم پر رکھیں۔ دس منٹ بعد پتیلی کو چولھے سے اتار کر اس میں ہری مرچ اور تلی ہوئی پیاز ملا کر ٹماٹروں میں بھردیں۔ اب ان کے منہ آٹے کی سخت تہہ سے سے بند کرنے کے بعد ان پر دھاگہ لپیٹ دیں۔ باقی گھی فرائی پین میں ڈال کر اور ٹماٹروں کے منہ پر انڈے میں ڈپ کیا ہوا ڈبل روٹی کا چورا لگا کر انہیں ہلکا سا تل لیں۔ جب یہ حصہ سرخ ہوجائے تو ٹماٹروں کے اندر کا گودا اور بیج نکال دیں۔ آدھی مقدار گھی ڈال کر پیاز لال کر کے نکال لیں۔ پھر اس میں قیمہ بھونیں، چند منٹ بعد لال مرچ، نمک، گرم مصالحہ، لہسن ادرک پیسٹ بھی ڈال دیں اور دم پر رکھیں۔ دس منٹ بعد پتیلی کے چولھے سے اتار کر اس میں ہری مرچ اور تلی ہوئی پیاز ملا کر ٹماٹروں میں بھر دیں۔ مزیدار قیمہ بھرے ٹماٹر تیار ہیں۔lll