مفید اور دلچسپ تحقیقات

ڈاکٹر شائستہ خان

لپ اسٹک میں زہریلی دھاتیں

یونیورسٹی آف کیلی فورنیا،برکلے کے ماہرین نے مختلف کمپنیوں کی لپ اسٹکوں اور لپ گلوسز (Glosses) میں زہریلی دھاتیں مثلاً سیسہ، کیڈمیم، کرومیم اور المونیم دریافت کی ہیں۔ اس سامان آرائش میں دھاتوں کی مقدار زیادہ نہیں ہوتی، مگر ان خواتین کے لیے یہ خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں جو زیادہ لپ اسٹک یا لپ گلوس لگاتی ہیں۔

دراصل ہونٹوں پر لگی لپ اسٹک کھانے پینے یا زبان پھیرنے سے منہ میں داخل ہوتی رہتی ہے۔ جو خواتین زیادہ لپ اسٹک لگائیں، ان کے بدن میں زہریلی دھاتوں کی زائد مقدار داخل ہو جاتی ہے۔ لہٰذا وہ ان کی صحت متاثر کرتی ہے۔

یاد رہے کہ سیسہ‘ کرومیم اور دیگر دھاتیں انسان میں پیٹ کی رسولیاں اور نظام اعصاب کی خرابیاں پیدا کرتی ہیں۔ یہ دھاتیں خصوصاً حاملہ خواتین اور بچیوں کے لیے نقصان دہ ہیں۔ لہٰذا لپ اسٹک کے استعمال میں احتیاط کیجیے اور کم سے کم لگائیے۔

اعضائے جسم کے راز

بالوں کے رنگ سے لے کر بازوئوں کی لمبائی اور ناخنوں تک ہمارے جسمانی اعضا کی شکل و صورت ہماری صحت کے کئی راز آشکار کرتی ہے۔ ان رازوں سے شناسائی مفید امر ہے کیونکہ اگر خطرے والی بات ہو، تو آپ بروقت اس کا سدباب کر سکتے ہیں۔

1۔ انگلیوں کی لمبائی

دوران حمل مختلف ہارمونز اور جینز (Genes) کے عمل سے بچے کی انگلیاں لمبی ہوتی ہیں۔ اگر کسی باعث اس عمل میں گڑبڑ ہو جائے، تو انگلیاں زیادہ لمبی یا چھوٹی ہو جاتی ہیں۔

امریکی بفلو یونیورسٹی کے ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ جس مرد یا عورت کی انگشت شہادت (Index finger)انگشت حلقہ (Ring finger)سے چھوٹی ہو، وہ عموماً غصیلے، تند مزاج اور جھگڑالو ہوتے ہیں۔ یہ انکشاف ایک ہزار رضاکاروں کی انگلیوں پر تحقیق سے سامنے آیا۔ لیکن اس کی وجہ کیا ہے،ماہرین سائنس یا نفسیات یہ بتانے سے قاصر ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اْدھر برطانیہ کی واروک یونیورسٹی کے محققوں نے ایک تجربے میں دریافت کیا کہ جن مردوں کی انگشت شہادت‘ انگشت حلقہ سے زیادہ لمبی ہو‘ وہ مثانے کے سرطان کا زیادہ بڑی تعداد میں نشانہ بنتے ہیں۔ لہٰذا ان مردوں کو چاہیے کہ مرض سے بچنے کے حفاظتی اقدامات اپنائیں‘ مثلاً کم چکنائی والی غذا کھائیں‘ پھل و سبزی کا استعمال زیادہ کریں‘ ورزش کریں اور شراب نوشی سے دور رہیں۔

2۔سرخ بال اور درد کی شکایت

جرمن سائنس دانوں نے تحقیق و تجربے سے جانا ہے کہ سیاہ اور سنہرے بال رکھنے والوں کی نسبت سرخ بالوں والے مرد و زن زخمی ہونے یا علاج کراتے وقت زیادہ تکلیف محسوس کرتے ہیں۔ اس ضمن میں ان کا خیال ہے کہ زائد تکلیف کا سبب وہی جین ہے جس میں تبدیلی کی وجہ سے بال سرخ ہوجاتے ہیں۔

3۔پست قامت طویل عمر پاتے ہیں

پچھلے ماہ طبی سائنس کے مشہور رسالے‘ ویسٹرن جرنل آف میڈیسن میں امریکی ماہرین کی ایک دلچسپ تحقیق طبع ہوئی۔ یہ تحقیق 25سال پر مبنی تھی اور اس دوران دنیا بھر کی تحقیقی رپورٹوں اور دستاویزات کا مطالعہ ہوا۔ مدعا یہ جاننا تھا کہ پست قامت مرد و زن لمبی عمر پاتے ہیں یا لمبا قد رکھنے والے؟

تحقیق سے انکشاف ہوا کہ چھوٹا بدن رکھنے والے انسان زیادہ لمبی عمر پاتے ہیں۔ نیز ان میں موذی بیماریاں بھی دیر سے جنم لیتی ہیں۔ واضح رہے‘ جاپانی‘ہانگ کانگ کے چینی اور یونانی طویل عرصہ زندہ رہتے ہیں…اور یہ سب مغربیوں اور دیگر ایشیائیوں کے مقابلے میں چھوٹے جسم رکھتے ہیں۔

طویل عمر پانے میں جسم کے سائز کے علاوہ جسمانی وزن‘ باقاعدگی سے ورزش اور مفید طبی عادات بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔ لہٰذاانہیں اختیار کرنے سے طویل القامت مرد و زن بھی لمبی عمر پا سکتے ہیں۔

4۔کان کی لو اور حملہ قلب

کان کی لو میں پڑتی لکیریں‘ کم ہوتے بال‘ گنجا پن اور آنکھوں کے گرد چربی کی تہیں نہ صرف بڑھاپے کی آمد کا پتا دیتی بلکہ یہ بھی بتاتی ہیں کہ آپ مختلف طبی مسائل میں گرفتار ہو چکے۔ خاص طور پر کان کی ایک یا دونوں لوئوں پر لکیر پڑنا اس امر کی نشانی ہے کہ آپ حملہ قلب (ہارٹ اٹیک) کا نشانہ بن سکتے ہیں۔

آنکھوں کے نیچے کولیسٹرول استحالہ (میٹابولزم) میں خرابی کی وجہ سے چربی کی تہیں چڑھتی ہیں۔ اسی خرابی کے باعث جسم میں زائد چربی جنم لیتی ہے یا صحیح طرح بدن سے خارج نہیں ہو پاتی۔ اس خرابی سے بچنے کے لیے جسم میں کولیسٹرول کی سطح مسلسل چیک کیجیے اور بلڈ پریشر قابو میں رکھیے۔

5۔بایاں ہاتھ اور گھبراہٹ

کچھ لوگ دائیں اور بعض بائیںہاتھ سے لکھتے ہیں۔ امریکی یونیورسٹی آف لوئس ویل کے محققوں نے بعداز تحقیق یہ دلچسپ انکشاف کیا ہے کہ بائیں ہاتھ سے لکھنے والے دوسروں کی نسبت زیادہ جلد گھبراہٹ اور بے چینی میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ اس کا سبب ان کے دماغ میں ہونے والی اچھوتی وائرنگ ہے۔

تحقیق سے یہ دلچسپ بات بھی سامنے آئی کہ جو مرد و زن لکھتے وقت یا دوران گفتگو دونوں ہاتھ استعمال کریں‘ وہ مثبت طرزفکر رکھتے اور بے چینی میں کم ہی مبتلا ہوتے ہیں۔ ماہرین کے نزدیک اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ دماغ کے دونوں (دائیں و بائیں) حصوں سے مدد لیتے ہیں۔ اس تال میل کے باعث وہ منفی باتوں کی سمت متوجہ نہیں ہوتے۔

6۔چھوٹے بازوئوں والی عورتیں

امریکی طبی ادارے‘ کلیولینڈ کلینک سینٹر فار برین ہیلتھ نے طویل تحقیق کے بعد دریافت کیا ہے کہ جن خواتین کے بازو چھوٹے ہوں‘ یعنی ان کی لمبائی 16انچ سے کم ہو، وہ دوسروں کی نسبت الزائمر مرض کا زیادہ نشانہ بنتی ہیں۔ لہٰذا انہیں چاہیے کہ وہ احتیاط کریں اور جب الزائمر مرض کی علامات ظاہر ہوں تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146