لیموں کا استعمال صحت کو برقرار رکھتا ہے

ڈاکٹر ثمرین فردوس

قدرت نے ایسی بے شمار غذائیں پیدا کی ہیں، جن سے انسان کئی طرح کے فائدے اٹھاتا آیا ہے۔ لیموں کا شمار بھی ایسی ہی غذاؤں میں ہوتا ہے جو زمانہ قدیم سے اپنے غذائی اور شفائی اثرات کی بدولت انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔ اس میں کیلشیم، وٹامن سی، فاسفورس، حرارے اور دیگر ضروری اجزاء کثیر مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔ آئیے ہم آپ کو لیموں کے بے شمار فوائد اور اس کے استعمال کے بارے میں بتاتے ہیں۔

حسن و خوبصورتی کے لیے

ایڑیاں پھٹنا: ایک لیموں کاچھلکا پیس لیں، اس میں ایک چائے کا چمچ گلیسرین، ایک چمچ عرقِ گلاب اور ایک انچ لمبا و چوڑا کپڑے دھونے کے صابن کا ٹکڑا ملا کر کریم تیار کرلیں۔ رات کو سونے سے قبل پھٹی ہوئی ایڑیوں پر لگا کر صبح پیر دھولیں۔ چند دنوں میں پھٹی ایڑیاں درست ہوجائیں گی۔

بالوں کی چمک: روکھے بالوں میں چمک پیدا کرنے کے لیے سر دھونے کے بعد ایک مگ پانی میں ایک لیموں کا رس ملا کر سر میں ڈالنے سے بالوں میں چمک آجاتی ہے۔

ناک سے سیاہ کیلوں کا خاتمہ: ناک پر اچھی سی کولڈ کریم سے مساج کرنے کے بعد ململ کے کپڑے سے کریم اتارلیں۔ اب لیموں کے رسدار چھلکے کو ناک پر رگڑیں اور کیلوں کو ہاتھوں سے دبا کر نکال دیں۔

پیروں پر سیاہ نشانات: پیر دھونے کے بعد ایک لیموں کو دو ٹکڑوں میں تقسیم کرلیں اور جو کا آٹا لگا کر پیروں کا مساج کریں کہ لیموں کا رس پاؤں میں جذب ہوجائے۔ ۵؍منٹ بعد پاؤں دھو کر پٹرولیم جیلی لگادیں۔

چہرے کے نشانات: گرمی کے موسم میں دھوپ سے چہرے پر نشان پڑجاتے ہیں۔ اس کے لیے ایک لیموں کے رس میں ایک چائے کا چمچ شہد ملاکر ماسک تیار کرلیں اور دس منٹ لگا رہنے دینے کے بعد چہرہ دھولیں۔ نشانات آہستہ آہستہ ختم ہونے لگیں گے۔

چکنی جلد کی صفائی: چکنی جلد کے لیے ایک لیموں کے رس میں ایک کھانے کا چمچ بیسن اور ۲؍چائے کے چمچ عرقِ گلاب ملاکر ماسک تیار کرلیں اور دس منٹ بعد منہ دھولیں۔

گردن کی صفائی: ایک لیموں کا چھلکا تقریباً آدھا کپ پانی میں ابال کر ٹھنڈا کرلیں۔ اب اس پانی میں چا ر کھانے کے چمچ بیسن یا اتنی ہی مقدار میں جو کا آٹا اور ایک چٹکی ہلدی ملا کر پیسٹ بنالیں۔ اس سے گردن کا مساج کریں اور پانی سے دھونے کے بعد کسی کریم میں چند قطرے عرق گلاب ملاکر لگائیں۔ یہ مساج ہفتہ وار کریں۔ اس سے گردن کی سیاہی دور ہوتی ہے۔

ناخن کی چمک: لیموں کے رس دار چھلکے سے جس میں نمی موجود ہو ناخن کا مساج کریں۔ ناخن صاف اور چمکدار ہوجائیں گے۔

سیاہ ہونٹ: ایک کھانے کے چمچ دودھ کی بالائی میں لیموں کے چند قطرے اور عرق گلاب کے چند قطرے ملاکر ہونٹوں کا مساج کریں۔ خاص کر لپ اسٹک اتارنے کے بعد یہ مساج ضرور کریں۔ اس سے ہونٹ سیاہی مائل نہیں ہوتے۔

کہنی اور گھٹنا: کہنیوں اور گھٹنوں کی صفائی کے لیے ایک کھانے کا چمچ سوجی میں ایک عدد لیموں کا عرق اور ایک کھانے کا چمچ دودھ کی بالائی ملاکر کریم بنالیں اور اس سے کہنیوں اور گھٹنوں کا مساج کریں۔ ایسا کرنے سے ان میں موجود میل آسانی سے نکل جاتا ہے۔

ملائم جلد کے لیے: ایک چمچ روغن بادام اور آدھے لیموں کا رس ملا کر روزانہ ہاتھوں اور چہرے کا مساج کریں۔اس سے جلد نرم و ملائم اور صاف رہتی ہے۔

جلد کی صفائی: مکئی اور جو کا آٹا ہم وزن لے کر اس میں لیموں اور عرق گلاب شامل کرکے روزانہ ہاتھوں، پیروں اور گردن پر لگا کر مساج کرنے سے جلد صاف ہوجاتی ہے۔

آنکھوں کے سیاہ حلقے: لیموں کے چھلکوں کو پیس لیں اور اس میں روغن بادام یا پٹرولیم جیلی ملا کر آنکھوں کے گرد لگادیں اور چند منٹ مساج کرنے کے بعد ململ کے کپڑے کو عرق گلاب سے بھگو کر چہرہ صاف کرلیں۔

جھریاں دور کرنا: ایک عدد لیموں کے رس میں ایک کھانے کا چمچ ملتانی مٹی اور ایک چائے کا چمچ دودھ کی بالائی ملا کر ماسک تیار کریں اور چہرے پر ۵؍منٹ تک لگا رہنے دیں۔ بعد میں چہرہ دھولیں اور کوئی اچھی سی کریم لگالیں۔

چہرے سے چکناہٹ کا خاتمہ: میک اپ کرنے سے قبل چہرے کی چکناہٹ دور کرنے کے لیے تھوڑے سے بیسن میں ایک لیموں کا رس ملا کر ماسک تیار کرلیں اور میک اپ کرنے سے ۱۵؍منٹ پہلے ماسک کو ۵؍منٹ تک لگائیں پھر عرق گلاب لگا کر میک اپ کریں۔ اس طرح میک اپ دیر تک قائم رہے گا۔

لیموں کے طبی فوائد

بھوک کی کمی: سلاد پر لیموں کا رس ڈال کر کھانے سے بھوک کی کمی دور ہوجاتی ہے اور نظام ہضم درست رہتا ہے۔

گھبراہٹ: سبز چائے یا شربت میں چند قطرے لیموں ڈال کر پینے سے گھبراہٹ دور ہوتی ہے اور سکون ملتا ہے۔

سر درد: چھوٹے موٹے سر درد میں لیموں کے چند قطرے کنپٹیوں پر لگانے سے سر درد میں افاقہ ہوتا ہے۔

ڈپریشن: ڈپریشن اور بے چینی دور کرنے کے لیے لیموں کا شربت بہت مفید ہے۔ یہ دماغ کے کیمیائی عمل کو درست کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

دانتوں کی چمک: لیمو ںکا چھلکا جس میں ہلکا رس موجود ہو، ہلکا نمک لگا کر دانتوں پر ملا جائے تو اس سے دانت صاف ہوجاتے ہیں۔

کولیسٹرول میں کمی: صبح نہار منہ لیموں کا رس جسم کوسڈول رکھتا ہے اور کولیسٹرول کو بھی بڑھنے نہیں دیتا۔

موٹاپا: ایک کپ پانی میں آدھا کھانے کا چمچ اجوائن رات بھر بھگو کر صبح نہار منہ آدھا لیموں ملا کر پینے سے موٹاپے میں کمی آتی ہے۔

گرمی کے اثرات سے بچاؤ: گرمیوں میں لو لگنے، کمزوری اور بخار سے بچنے کے لیے دن میں کم از کم ۴؍گلاس لیموں کا شربت بہت مفید رہتا ہے۔

مرغن غذا ہضم کرنا: مرغن غذا کو ہاضم بنانے کے لیے سلاد پر لیموں کااستعمال یا کھانے کے ۱۵ منٹ بعد ایک گلاس پانی میں آدھے لیموں کارس غذا کو ہضم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

پیٹ کی تکالیف: پیٹ کی تکلیف کی صورت میں سونٹھ آدھا پاؤ، کالی مرچ دو تولہ، کالا نمک دوتولہ لے کر اچھی طرح پیس لیں۔ اب اس کو لیموں کے عرق میںگوندھ کر چنے کے برابر گولیاں بناکر بغیر دھوپ کے تازہ ہوا میں سکھا لیں اور تکالیف کی صورت میں دو گولیاں کھالیں۔ اس سے جلد آرام آجاتا ہے۔

نوٹ: لیموں میں سٹرک ایسڈ ہوتا ہے اگر معدے میں تیزابیت یا السر کی شکایت ہے یا کوئی سنجیدہ مرض ہے تو لیموں کا استعمال کرنے سے قبل اپنے ڈاکٹر سے ضرور مشورہ کرلیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں