پیاری بہنو!
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
حجاب اسلامی کا گوشۂ نو بہار آپ کو کیسا لگ رہا ہے۔ ہماری خواہش اور کوشش یہ ہے کہ ہم اسے زیادہ سے زیادہ معلوماتی اور دلچسپ بنائیں۔
پیاری بہنو! ہمیں آپ سے شکایت ہے۔ آپ لوگ پسندیدہ اشعار اور گلدستے کے لیے چیزیں کم بھیجتے ہیں۔ جو بہن بھائی بھیجتے ہیں ان میں اچھے اشعار اور خوبصورت اور دل کو چھولینے والی باتیں کم ہوتی ہیں۔ بعض بہن بھائی تو حجاب ہی کے کسی پچھلے شمارہ سے چیز یں نوٹ کرکے بھیج دیتے ہیں۔ پھر بھی شکایت کرتے ہیں کہ ان کی چیزیں چھاپی نہیں جاتیں۔ آپ ہی بتائیں ہم کیا کریں؟
دوسری بات آج یہ کہنی ہے کہ حجاب کا گوشۂ نوبہار صرف اس لیے ہے کہ ہمارے ننھے منے بہن بھائی اس میں حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کو ترقی کے اونچے مقامات تک لے جائیں۔ مگر شاید ایسا نہیں ہوپارہا ہے۔ کیونکہ نہ آپ کی تحریریں ملتی ہیں نہ پینٹنگ اور اسکیچ ملتے ہیں۔ اگر ایسا ہو تو کیا فائدہ ؟
اب ہم ایک نہیں دو دو مقابلے شروع کرنے جارہے ہیں۔ جس میں آٹھویں کلاس تک کے سبھی بہن بھائی حصہ لے سکتے ہیں بشرطیکہ وہ آٹھویں کلاس سے اوپر کے طالب علم نہ ہوں اور اپنے اسکول کے نئے آئی کارڈ کی فوٹو کاپی ارسال کریں۔
اب مزہ آئے گا، گوشۂ نو بہار ہر مہینے اپنے پڑھنے بھائی بہنوں کو دیا گرے گا ڈھیر سارے انعامات اور تحفے۔ پھر ان کی چیزیں اور نام بھی تو حجاب میں آئیں گے۔ جب لوگ دیکھیں گے تو کہیں گے ’’اری سلمیٰ تم اتنا اچھا لکھ سکتی ہو ہمیں تو معلوم ہی نہ تھا۔‘‘ ادھر شکیل کی پھوپھی فون کرکے کہیں گی ’’شکیل تو بھائی آرٹسٹ ہوگیا ہے۔ دیکھئے کتنی اچھی پینٹنگ چھپی ہے گوشۂ نو بہار میں۔‘‘
تو پھر آپ کاغذ قلم لیجیے اور من چاہی باتیں لکھ بھیجئے۔ اور پینٹ برش لیجیے! نانا بھائی پینٹ برش نہیں صرف بلیک بال پین لیجیے اور اسکیچ بناکر بھیجئے۔ اور اگر آپ کو ضد ہے تو پینٹنگ بھی بھیج سکتے ہیں مگر وہ چھپے گی بلیک اینڈ وہائٹ ہی۔ اور ہاں! وہ حجاب کے صفحہ کے سائز میں آدھے صفحے کے برابر ہونی چاہیے اس سے زیادہ نہ ہو۔
تو کیا ہم انتظار کریں ! جی ہاں ڈھیر سارے انعامات اور تحفے بھی تو آپ کے انتظار میں ہیں۔
آپ کی بہن
مریم جمال