تہذیب کیا ہے؟ مہذب کون ہے؟ تہذیبیں کیا سکھاتی ہیں؟ کون تہذیب یافتہ ہے؟ اور کون غیر تہذیب یافتہ؟ ان سوالوں کے جواب تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
تہذیب کے معنی ہیں شائستگی، خوش اخلاقی اور اخلاق کی درستگی۔ تربیت یافتہ، تعلیم یافتہ، شائستہ اور انسانیت رکھنے والے شخص کو تہذیب یافتہ اور ایسے معاشرہ کو جس کے افراد میںیہ خوبیاں پائی جاتی ہوں، مہذب معاشرہ کہتے ہیں۔ برے اخلاق، ناشائستگی اور بری عادات کو غیر مہذب اور وحشی پن کہا جاتا ہے۔
شائستگی اور ناشائستگی کے کونسے معیار پر ہم کسی کو مہذب اور غیر مہذب کہہ سکتے ہیں؟ براعظم یوروپ وامریکہ کے باشندوں کے بقول وہ لوگ مہذب ہیں اور براعظم ایشیا اور افریقہ غیر مہذب۔ اس دعوے کے حق میں وہ یہ دلیل پیش کرتے ہیں کہ ’’وہ زیادہ کپڑے پہنتے ہیں بمقابلہ ایشیا کے لوگوں کے‘‘ جبکہ کپڑوں کاانحصار کسی مقام کی آب و ہوا پر ہوتا ہے، اس لیے یہ ایک کمزور دلیل ہے۔ وہ مہذب ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں اس لیے کہ ان کے پاس جدید ترین آلاتِ حرب کثیر تعداد میں ہیں۔ لیکن کیا کوئی غیر مسلح شخص کسی مسلح شخص کو یہ بتانے کی جرأت کرسکتا ہے کہ وہ غیر مہذب ہیں؟
ہر جنگ میں فریقین کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ مخالفین کا قلع قمع کردے۔ جنگ عظیم دوم کے دوران انگریز جرمنوں کو ختم کرنے کی کوشش میں مصروف تھے تو جرمن انگریزوں کو ختم کرنے میں سرگرداں تھے۔ اس جنگ میں لاکھوں لوگوں کی بشمول شہریوں کے جانیں ضائع ہوئیں۔ زخمیوں اور اپاہجوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ تھی۔ قصبات، شہر، سڑکیں، باندھ، پل، ریلوے نظام اور کارخانے تباہ ہوگئے۔ نیوکلیائی ہتھیاروں کے استعمال نے زمین کے ایک بڑے حصہ کو بانجھ کردیا۔ اس جنگ نے مفتوح ممالک کو ترقی میں دسیوں سال پیچھے کردیا۔ معذوروں اور اپاہجوں کی کثیر تعداد ملک کی ترقی کی راہ میں عظیم رکاوٹ بن کر کھڑی ہوگئی۔ کیا یہ عمل مہذب اور ہوشمندانہ ہے؟ کیا ایک دوسرے کو بے دردی سے قتل کرنا تہذیب کی نشانی ہے؟
جب دو آدمی کسی چوراہے پر لڑتے ہیں تو سپاہی انہیں روکتے ہیں اور اطراف و اکناف کے تمام افراد لطف اندوز ہوتے ہیں اور کہتے ہیں کہ کتنے غیر مہذب اور وحشی ہیں یہ لوگ۔ تو کتنے غیر مہذب اور وحشی ہیں وہ ممالک جو ایک دوسرے پر وار کرتے ہیں اور لاکھوں کو قتل کرتے ہیں؟ جب جنگلی جانور جنگل میں لڑتے ہیں تو وہ جنگلی اور وحشی کہلاتے ہیں تووہ ممالک جو ایک دوسرے کے ساتھ غیر انسانی سلوک کرتے ہیں اور ان جانوروں سے بھی گئے گزرے ہیں۔ وحشی اور جنگلی جیسے الفاظ بھی ان کے کارناموں کے آگے ہیچ ہیں۔
اس طرح جنگِ عظیم میں حصہ لینے والے ممالک جیسے جرمنی، فرانس، اٹلی، امریکہ وغیرہ وغیرہ غیر مہذب ہیں لیکن ان ممالک میں بھی سعید روحیں پائی جاتی ہیں جن کے دل ایسے سانحوں پر خون کے آنسو روتے ہیں۔ اس لیے ہم چند افراد کے غلط رویے کی وجہ سے پوری قوم یا پورے ملک کو مورد الزام نہیں ٹھہراسکتے۔
تو یہ بات طے کرنا نہایت مشکل ہے کہ کون مہذب ہے؟ اور کون نہیں؟ بے شک خوبصورت عمارتیں، حسین مناظر، کتابیں، رہن سہن اور ہر چیز جو خوبصورت ہے تہذیب کی نشانی ہے۔ لیکن اس سے بہتر علامت ایک شائستہ اور خوش اخلاق انسان ہے جو سبھی کی بھلائی کے لیے مل جل کر کام کرتا ہے۔ تنہا کام کرنے سے مل کر کام کرنا بہتر ہے اور تمام کی بہتری کے لیے مل جل کر کام کرنا سب سے بہتر ین ہے۔ (ترجمہ: What is Civilzation)





