ترکیب: ڈبل روٹی بڑی والی لے کر اس کے پتلے پتلے سب کنارے کاٹ لیں اس کے بعد اپنی پسند کی چیزیں سینڈوچ میں رکھیں۔ مثلاً مرکب تیار کرنے کے لیے انڈے اور مکھن، کباب اور مکھن ملا ہوا کھیرا جیم وغیرہ سلائس پر مرکب کا پیسٹ لگائیں اسے احتیاط سے لپیٹ کر رول بنالیں اور ایک صاف کاغذ میں لپیٹ کر کسی ٹھنڈی جگہ پر رکھ دیں۔ تاکہ ذرا سخت ہوجائے اور اس طرح سارے رول مختلف رنگوں کے تیار کرلیں اور پارٹی میں پیش کرنے سے پہلے رولز کی گول گول قاشیں کاٹ لیں اگر قاشیں ذرا سخت ہوجائیں تو انہیں مسالہ لگانے سے پہلے انہیں نچوڑے ہوئے گیلے کپڑے میں رکھ دیں۔
پنیر کی سینڈوچ
اجزاء: ایک چھوٹی ڈبل روٹی، مکھن چار اونس، نمکین چار انڈوں کی سفیدی، پنیر کے چند سلائس۔
ترکیب: پہلے ڈبل روٹی کے بالکل باریک ٹوسٹ کاٹ لیں۔ اور ان کے ارد گرد کا حصہ تیز چاقو سے تھوڑا تھوڑا کاٹ دیں۔ اب ان کو تکونا کاٹ لیں۔ پھر ایک حصے پر مکھن پر پگھلا کر لگالیں۔ اور دوسرے حصے کو پنیر سے ڈھانپ دیں اور دونوں حصوں کو ملادیں۔ اب اس سینڈوچ کو انڈے کی سفیدی میں بھگو کر اوون یعنی بھٹی میں پانچ منٹ تک رکھ دیں۔ جب سارے سینڈوچ بادامی ہوجائیں تو نکال لیں، بہت مزیدار سینڈوچ تیار ہوں گے۔ یہ شام کی چائے کی ساتھ پیش کیے جاسکتے ہیں۔
آلو اور ہرا دھنیا
اجزاء: آلو آدھ سیر، پیاز آدھ پاؤ، ٹماٹر آدھ پاؤ، ادرک آدھی چھٹانک، نمک، سرخ مرچ حسب ذائقہ، سبز مرچ چھ عدد۔ ہر ا دھنیا چار بڑی گٹھی، گھی آدھ پاؤ۔
ترکیب: آلو چھیل کر کاٹ لیں چھوٹے ٹکڑے، ٹماٹر دھوکر کاٹ لیں، پیاز لچھے دار کاٹ لیں اور دھنیا دھوکر صاف کریں اور باریک باریک کاٹ لیں۔ پیاز کو گھی میں بادامی رنگ ہوجانے تک تل لیں، اور اوپر آلو ڈال کر بھونیں، تھوڑا بھوننے کے بعد ادرک اور ٹماٹر ڈال دیں ساتھ ہی نمک اور سرخ مرچ ڈال دیں اور پانچ منٹ بھونیں اب دھنیا ڈال دیں اور تھوڑا سا پانی ڈال کر پکنے دیں۔ دس منٹ میں دھنیا اور آلو گل جائیں تو ہری مرچ ڈال کر اتار لیں۔ اس میں پانی کا شوربا نہیں رہنا چاہیے۔
ساگ آلو کے بھجیے
اجزاء: آلو آدھ سیر، پالک آدھ سیر، ساگ میتھی ایک پاؤ، نمک، سرخ مرچ حسبِ ذائقہ، گھی، آدھ پاؤ یا حسبِ پسند۔
ترکیب: پالک کو دھوکر باریک کاٹ لیں، میتھی کو علیحدہ چن کر صاف کرلیں۔ آلو چھیل کر چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں۔ اب گھی میں آلو ڈال کر بھونیں اور نکال لیں۔ اسی گھی میں نمک سرخ مرچ ڈال کر مسالہ بھون کر بنائیں۔ اور اس پر میتھی ڈال کر بھونیں۔ جب پتے پیلے پڑجائیں تو پالک ڈال کر پکنے دیں، جب پانی خشک ہوجائے تو آلو ڈال کر بھون لیں اور گھی چھوڑنے پر اتارلیں۔
آلو کے کباب
اجزاء: آلو آدھ سیر، انڈے تین عدد، ڈبل روٹی کا چورا حسبِ ضرورت، گرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ بھر (پسا ہوا) کھٹائی مسالہ سے نصف، ہرا مسالہ، پیاز ایک چھٹانک گھی یا ڈالڈا تلنے کے لیے۔
ترکیب: آلوؤں کو ابال کر چھیل لیں اور باریک پیس لیں۔ اب اس میں نمک، سرخ مرچ، کھٹائی، پیاز باریک کاٹ کر ملادیں۔ ہرا مسالہ باریک کاٹ لیں اور اس میں بھی تھوڑی سی پیاز کاٹ کر ملادیں۔ اب آلوؤں کے کباب بنائیں اور درمیان میں کٹا ہوا ہرا مسالہ ذرا ذرا رکھتے جائیں کباب گول گول ٹکیا کی شکل کے بنائیں یا تین کونے، آپ کی مرضی پر منحصر ہے۔ اب ان کو ڈبل روٹی کا چورا لگا کر اور پھینٹے ہوئے انڈوں میں ڈبو کر تلتے جائیں دونوں طرف سرخ ہونے پر نکالتے جائیں۔
آلو کے لذیذ کباب (دوسری ترکیب)
اجزاء: آلو آدھ کلو ، بیسن بھنا ہوا چار ٹیبل اسپون، کارن فلور ۴ ٹیبل اسپون، گرم مسالا پسا ہوا ایک ٹی اسپون، سرخ مرچ کٹی ہوئی اور نمک حسبِ منشاء، ہرا دھنیا، پودینہ، ہری مرچ ادرک باریک کتری ہوئی حسب پسند، انڈا ایک عدد، عرقِ لیموں ۲ ٹیبل اسپون۔
ترکیب: آلو ابال لیں اور اچھی طرح مسل لیں۔ پھر دھیمی آنچ پر بیسن بھون کر اور باقی تمام اجزا یکجان کرلیں، انڈا بھی ملالیں اور گول گول ٹکیاں بنا کر ڈیپ فرائی کرلیں اور انار دانے کی چٹنی کے ہمراہ گرم گرم نوش فرمائیں۔ بہت خوشنما اور خوش ذائقہ ہوں گے۔
آلو اور مٹر کے رول
اجزاء: آلو آدھ سیر، مٹر آدھ سیر، نمک، سرخ مرچ حسبِ ذائقہ، کالی مرچ پسی ہوئی ایک چمچہ، ڈبل روٹی کا چورا حسبِ ضرورت، انڈے تین عدد۔
ترکیب: آلو ابال کر چھیل لیں اور انہیں باریک پیس لیں، ان میں نمک، سرخ مرچ اور کالی مرچ ملالیں، مٹر کے دانے ایک علیحدہ دیگچی میں اتنا پانی ڈال کر گلالیں کہ پانی خشک ہوجائے اور مٹر گل جائیں، مٹر میں نمک اور کالی مرچ ملالیں اور ذرا ان کو بھی ہاتھوں سے مسل لیں اب آلوؤں کے دو انچ لمبے رول بنائیں اور ان کو چپٹا کرکے اس میں مٹر رکھیں اور پھر صفائی سے دونوں کنارے ملاکر رول کی شکل میں بناکر رکھتے جائیں۔ اب ان پر ڈبل روٹی کا چورا لگائیں اور انڈے پھینٹ کر ان میں ڈبو ڈبو کر تلتے جائیں۔ ہلکی آنچ پر تلیں اور سرخ ہونے سے پہلے نکال لیں۔ یہ رول چائے کے ساتھ بھی استعمال ہوسکتے ہیں اور کھانے کے ساتھ بھی۔
آلو انڈے
اجزاء: آلو آدھ سیر، پیاز آدھ پاؤ، سوکھا دھنیا، سفید زیرہ پسا ہوا، چائے کے دو دو چمچے برابر، گرم مسالہ چائے کی دو چمچے برابر، نمک، سرخ مرچ حسبِ ذائقہ، گھی آدھ پاؤ، انڈے چھ عدد۔
ترکیب: آلو چھیل لیں اور ٹکڑے کرلیں، پیاز لچھے دار کاٹ لیں۔ گھی میں پیاز کو بادامی رنگ تک بھون کر نکال لیں اور پیس لیں، اسی گھی میں نمک مرچ ڈالیں اور ذرا بھونیں، پھر پیاز ملادیں اور تھوڑا بھونیں، پھر آلو کٹے ہوئے ڈال دیں، اور بھونیں۔ جب آلو ادھ گلے ہوجائیں تو پانی ڈال کر پکنے دیں۔ انڈوں کو علیحدہ ابال لیں اور سخت کرلیں پھرچھیل کر ایک کے دو دو کرلیں۔ آلو گل جانے پر تھوڑے شوربے کے ساتھ اتارلیں اور اس میں انڈے اور گرم مسالہ پسا ہوا ڈال کر پیش کریں (اگر آپ پسند کریں تو مسالہ بھونتے وقت آدھا پاؤ ٹماٹر بھی ڈال دیں)۔
سبز چنے کا حلوا
سبز چنے کا حلوہ بنانے کی ترکیب یہ ہے کہ سبز چنے آدھا سیر لیجیے۔ (ویسے آپ اپنی گنجائش کے لحاظ سے اشیاء میں کمی و بیشی فرماسکتی ہیں) ایک سیر دودھ میں ڈال کر سبز چنوں کو ابال لیجیے۔ جب چنے گل جائیں اور دودھ بھی خشک ہوجائے تو اتار کر پیس لیجیے۔ پھر اس میں پون سیر شکر اور پاؤ کیلو گھی ڈال کر بھون لیجیے۔ جب خواب بھن جائے تو اتارلیں اور حسبِ استطاعت میوہ کتر کر حلوے پر چھڑکیں۔ پھر کسی برتن میں نکال کر (ورق لگا کر) قاش بنالیجیے اور مزے سے اپنے غریب پڑوسیوں دوستوں اور سہیلیوں کے ہمراہ نوش فرمائیے۔
کھیر شکر قند کی
آدھا لیٹر دودھ، پاؤ کلو شکر قند، پاؤ کلو شکر، اور ایک تولہ پستہ۔ سب سے پہلے شکر قند کو باریک باریک کاٹ کر،دودھ کے ہمراہ جوش دے لیجیے اور جب شکر قند خستہ (نرم) ہوجائیں تو قتلے نکال کر باریک پیس لیجیے اور دودھ میں باریک پستہ کاٹ کر اس کے ہمراہ ڈال دیجیے۔ تھوڑی دیر بعد شکر بھی ڈال دیجیے اور دس بارہ منٹ ہلکی آنچ پر اسے پکار کر اتار لیجیے اور اس لذیذ کھیر کو اپنے استعمال میں لائیے۔