مصالحے دار چانپ
اجزا:چانپ ایک کلو، ثابت لال مرچ آٹھ عدد، ثابت کالی مرچ ایک چائے کا چمچہ، بغیر چھلا ہوا لہسن بارہ جوئے، ادرک ایک چھوٹا سا ٹکڑا، لیموں دو عدد، پیاز درمیانی ڈلی ایک عدد، ہری مرچ دو عدد باریک کٹی ہوئی، ہرا دھنیا حسبِ ضرورت باریک کٹا ہوا، نمک حسبِ ذائقہ، پکانے کے لیے ڈالڈا تیل۔
ترکیب: سب سے پہلے لال مرچ، کالی مرچ، لہسن اور ادرک ملا کر چٹنی پیس لیں۔ پھر ایک دیگچی میں تیل ڈال کر پیاز ڈال دیں۔ پیاز براؤن ہوجائے تو چانپ ڈال دیں۔ ساتھ میں نمک بھی ڈال دیں۔ ڈھانک کر ہلکی آنچ پر چھوڑ دیں۔ چانپ گل جائے تو چٹنی ڈال دیں اور ہلکا سا بھون کر اس میں لیموں کا رس ڈال دیں اور دم پر رکھ دیں اوپر سے ہری مرچ اورہرا دھنیا ڈال دیں۔
پسندے
اجزا: پسندے ایک کلو، دہی ایک پیالی، کچا پپیتا پسا ہوا دو کھانے کے چمچے چھلکے سمیت پیس لیں، سفید زیرہ آدھا چائے کا چمچہ، سیاہ زیرہ آدھا چائے کا چمچہ، خشخاش ایک کھانے کا چمچہ، کالی مرچ ثابت چھ عدد، لونگ تین عدد، چھوٹی الائچی چھ عدد، بھنے ہوئے چنے دو کھانے کے چمچے، لال مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، ہلدی آدھا چائے کا چمچہ ، ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، پیاز بڑی ڈلی ایک عدد باریک کٹی ہوئی، نمک حسبِ ذائقہ، ڈالڈا تیل ایک کھانا پکانے والا چمچہ، یہ سب مصالحے باریک پیس لیں، ہرا دھنیا ایک گٹھی باریک کٹا ہوا، پودینہ ایک گٹھی باریک کٹا ہوا، ہری مرچ چار عدد باریک کٹی ہوئی، لیموں دو عدد۔
ترکیب: بنے ہوئے پسندے اچھی طرح دھوکر دوبارہ سل کے اوپر کچل لیں پھر سارا مصالحہ پپیتے اور دہی سمیت لگا کر تھوڑی دیر کے لیے رکھ دیں۔
ایک دیگچی میں تیل ڈال کر پیاز براؤن کرلیں، جب پیاز براؤن ہوجائے تو نکال کر مصالحہ ملے ہوئے پسندے ڈال کر ڈھکن ڈھانک دیں، ہلکی آنچ میں پکنے دیں، پسندوں کا پانی خشک ہوجائے تو ذرا سا بھون کر لیموں کا رس چھڑک دیں اور ہلکی آنچ میں دم پر رکھ دیں۔
زعفرانی مرغ
اجزا: مرغی ایک عدد وزن ڈیڑھ کلو ثابت رکھیں اور کٹ لگوالیں، دہی ایک پیالی، لیموں چار عدد رس نکال کر رکھ لیں، دیگی لال مرچ لمبی باریک کٹی ہوئی، ہری مرچ لمبی باریک کٹی ہوئی، ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، کالی مرچ بارہ عدد گدری گدری پسی ہوئی، زعفران چٹکی بھر دو چمچے گرم پانی میں بھگو دیں، مارجرین ایک کھانے کا چمچہ، آلو چار عدد ابال کر بھرتہ بنالیں، مٹر ایک پیالی ہلکی سی بھاپ دے لیں، گاجر چار عدد آملیٹ کی پیاز کی طرح کاٹ لیں، نمک حسبِ ذائقہ، ڈالڈا تیل ایک کھانا پکانے والا چمچہ۔
سجانے کے لیے: سنگترے کے چھلکے ایک پیالی، شکر ایک چائے کا چمچہ، شہد ایک چائے کا چمچہ۔
ترکیب: سب سے پہلے مرغی کو اچھی طرح سے دھوکر لیموں کا رس اور لہسن ادرک لگا کر ایک گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ پھر ابلے ہوئے آلوؤں کا بھرتہ بناکر ساتھ میں گاجر، مٹر، کالی مرچ، نمک اور مارجرین لگا کر مرغی کے اندر بھردیں اور دھاگا باندھ دیں، سارے مصالحے مع زعفران کے لگا کر ایک دیگچی میں رکھ کر ذرا سی بھاپ دے لیں۔ جب پانی سوکھنے لگے تو تیل ڈال کر پندرہ منٹ کے لیے bakeکرلیں یا ہلکی آنچ میں فرائی کرلیں۔
سجانے کے لیے سنگترے کے چھلکوں کو ایک چمچہ چینی کے ساتھ پکا کر شہد ملادیں، جب گاڑھا ہوجائے تو مرغی کے اوپر گرم گرم ڈال دیں۔
چکن کڑھائی
اجزا: مرغی ایک عدد ورزن ڈیڑھ کلو، کڑھائی کے پیس بنوالیں، ٹماٹر چار عدد درمیانے سائز کے، ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، کالی مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، ادرک باریک کٹی ہوئی ایک کھانے کا چمچہ، ہرا دھنیا ایک گٹھی، باریک کٹی ہوئی، لیموں تین عدد، لال مرچ پسی ہوئی آدھا کھانے کا چمچہ، دھنیا پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، پکانے کے لیے ڈالڈا تیل ایک کھانا پکانے والا چمچہ۔
ترکیب: سب سے پہلے مرغی کے ٹکڑوں کو دھوکر ایک کڑھائی میں ڈال دیں۔ ساتھ میں ٹماٹر کاٹ کر ادرک لہسن اور نمک بھی ڈال دیں، ڈھکن ڈھانکیں اور ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ ٹماٹر اور مرغی کا پانی سوکھ جائے تو باقی مصالحہ ڈال دیں اور تھوڑا تھوڑا تیل ڈال کر بھونتے رہیں۔ جب سارا تیل ختم ہوجائے اور یہ بھن جائے تو اوپر سے تھوڑا ہرا مصالحہ اور لیموں کا رس ڈال دیں۔
آلو کے کباب
اجزا: آلو ایک کلو، انڈے دو عدد اچھی طرح ابلے ہوئے، ہری مرچ چار عدد باریک کٹی ہوئی، ہرا دھنیا ایک گٹھی باریک کٹا ہوا، پیاز درمیانے سائز کی ایک عدد، باریک آملیٹ کی طرح کٹی ہوئی، ڈبل روٹی کا چورا ایک پیکٹ چھان کر باریک پیس لیں، انڈا ایک عدد کباب میں لگانے کے لیے، کالی مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، سفید زیرہ بھنا ہوا ایک چائے کا چمچہ باریک پیس لیں، نمک حسبِ ذائقہ، ڈالڈا گھی دو پیالی۔
ترکیب: آلوؤں کو اچھی طرح سے دھوکر ابال لیں۔ ان کا چھلکا اتار کر کانٹے سے بھرتہ بنالیں ابلے ہوئے انڈے بھی اس میں ملا دیں اور سب مصالحے ملاکر اچھی طرح سے گوندھ کر تھوڑی دیر کے لیے رکھ دیں۔ تھوڑی دیر بعد تھوڑے تھوڑے آلو لے کر ہاتھ گیلا کرکے کباب بنالیں، ایک پیالے میں انڈا پھینٹ کر رکھ لیں۔ اخبار پر چورا پھیلا کر رکھ لیں۔جب تلنا ہو تو کباب میں پہلے انڈا لگالیں پھر چورا اور ہلکی آنچ میں ڈیپ فرائی کریں۔
کھٹا دالچہ
اجزا: ہری لوکی آدھا کلو، مسور کی دال ایک پیالی، لال مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، ہلدی آدھا چائے کا چمچہ، ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، املی ایک پیالی بھر کے تین پیالی پانی میں بھگودیں۔ کڑی پتہ چار عدد، ہری مرچ ثابت چار عدد، پیاز درمیانی ڈلی دو عدد باریک کٹی ہوئی، ٹماٹر دو عدد، دارچینی کا ٹکڑا ایک عدد درمیانے سائز کا توے پر بھون کر باریک پیس لیں، نمک حسبِ ذائقہ، ڈالڈا تیل ایک چمچہ کھانا پکانے والا۔
ترکیب: سب سے پہلے دارچینی دوپیالی پانی ڈال کر آگ پرچڑھا دیں، جب اچھی طرح گل جائے تو لکڑی کے چمچے سے گھمائیں یا پھر مشین میں پیس لیں۔ دیگچی میں پسی ہوئی دال ڈال کر ہلدی، مرچ، نمک، ادرک، لہسن، لوکی کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے اور کڑی پتہ ڈال کر چڑھا دیں۔ جب لوکی گل جائے تو املی کا پانی اور ہری مرچ ڈال دیں، تقریباً دس منٹ بعد دارچینی پیس کر اور ٹماٹر کے چار چار ٹکڑے کرکے ڈال دیں اور ہلکی آنچ میں دم پر رکھ دیں۔
سبزیوں کا اچار
اجزا: پھول گوبھی ایک عدد، پھول الگ کرلیں، سیم کی پھلی دس عدد تین تین ٹکڑے کرلیں، آلو تین عدد چھیل کر چھ ٹکڑے کرلیں، مٹر دس عدد چھلے ہوئے، ہری مرچ ثابت آٹھ عدد۔
اچار میں ڈالنے والے مصالحے:کٹی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ، ہلدی ایک چائے کا چمچہ، رائی آدھا چائے کا چمچہ باریک پیس لیں، نمک حسبِ ذائقہ، سرکہ ایک چھوٹی بوتل، ڈالڈا تیل۔
ترکیب: ایک دیگچی میں پانی گرم کریں، جب جوش آجائے تو سبزیاں ڈال دیں، تین منٹ بعد نکال کر چھلنی میں رکھ لیں تاکہ پانی خشک ہوجائے، پھر ابلی ہوئی سبزیوں میں سارا مصالحہ ملا دیں۔ ایک دیگچی میں تیل گرم کریں۔ اس میں ساری سبزیاں ڈال کر سرکہ ڈال دیں۔ دس منٹ تک پکا کر اتارلیں، ٹھنڈا ہوجائے تو کسی جار میں بند کرکے رکھ لیں۔