زندگی عمل اور امنگوں کے ساتھ

ولفریڈ پیٹرسن ترجمہ: ذوالفقار احمد

جوان… اورہمیشہ جوان رہنے کے معنی کیا ہیں… یہ کہ
بباطن … آپ ذہنی، حسی، قلبی اور روحانی طور پر جوان ہوں… اور
بظاہر… سفید بالوں کی آمد اور بڑھتی ہوئی جھریوں کے مقابل صف آرا ہوں۔
یاد رکھئے! آپ کا گوشت پوست کا جسم بوڑھا ہوسکتا ہے۔ اسے ماہ و سال کی نسبت سے عمر رسیدہ بھی کہا جاسکتا ہے لیکن آپ کا وجود آپ کا جسم ہی تو نہیں، جسم کے علاوہ بھی آپ کچھ ہیں۔
ایک مغربی فلسفی کہتا ہے : ’’ہم کسی انسان کی عمر اس وقت گنتے ہیں جب اس کے ہاں گننے کے لیے اور کچھ نہ ہو، لہٰذا آپ عمر کے سال گن گن کر افسردہ کیوں ہوں جبکہ آپ گن سکتے ہیں کہ آج آپ :
٭ کتنے پرانے اور کتنے نئے واقف کاروں سے ملے۔
٭ آپ نے گھر کے ننھے بچوں کو کتنا وقت دیا۔
٭گھر سے باہر اور گھر کے اندر کتنے کام سرانجام دیے۔
٭ کتنی کتابیں پڑھیں اور ان میں کیا پڑھا۔
٭ کتنی معاشرتی تقریبات میں حصہ لیا۔
٭کتنے پودوں کو پانی دیا اور کتنا وقت ان کی دیکھ بھال میں صرف کیا۔
٭ آپ نے گھر میں کتنے جانور پال رکھے ہیں اور ان کے لیے کیا کچھ کیا ہے۔
٭ اپنی باتوں سے آپ نے اپنی نصف بہتر (اہلیہ) اور دوسری بڑی اولاد کو کتنی دفعہ ہنسایا ہے۔
سنئے صاحب… سنئے۔ سدا جوان رہئے!
بالیدگی کے ساتھ… بالیدگی کا عمل بڑھاپا نہیں، اس کا رکنا بڑھاپا ہے۔ ذہنی بالیدگی کی تو کوئی انتہا ہی نہیں۔
خوابوں کے ساتھ… ذہن زندہ ہے تو خواب زندہ ہیں۔ اس وقت ایک آدمی کو دفن کرنے کے سوا اور کوئی کام نہیں رہ جاتا جب اس کا آخری خواب ختم ہوجاتا ہے۔ آپ آخری خواب دیکھیں ہی کیوں؟
خوش دلی کے ساتھ… یہ محاورہ یاد رکھئے کہ خوش دلی ایک دوا ہے جبکہ شکستہ دلی ہڈیوں کو خشک کردیتی ہے۔ ذہنی تناؤ میں ہرگز نہ آئیے۔ حالات کچھ بھی ہوں، ذہنی اور جسمانی آسودگی محسوس کیجیے۔
فراموشی کے ساتھ… ایسی یادیں بھول جائیے جو آپ کو دکھ دیتی ہیں۔ تلخ ماضی اچھا سرمایہ نہیں۔ زندگی امروز کا نام ہے۔ پٹے ہوئے راستے پٹے ہوئے لوگوں کے لیے ہوتے ہیں۔
خدا کی رضا کے ساتھ… سب کچھ من جانب اللہ ہے۔ ہر بات میں بہتری ہے۔ بندگی سے وہ طاقت ملتی ہے کہ آپ شاہینوں کی طرح بلندیوں پر اڑیں گے مگر تھکیں گے نہیں۔
——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146