مچھلی اور میتھی پالک کا ساگ
اشیاء: مچھلی سنگھاڑا یا راہو میٹھے پانی کی ایک سیر (سلائس کی طرح کاٹ کر نمک لگا کر رکھ لیں)، میتھی ایک پاؤ، پالک دو سیر، سویا ایک چھوٹی گڈی، پیاز آدھا پاؤ، لہسن آدھا پاؤ، نمک سرخ مرچ حسبِ ذائقہ، گھی ایک پاؤ۔
ترکیب: میتھی اور پالک کو علیحدہ علیحدہ باریک کاٹ لیں۔ میتھی کو ویسا ہی دھوکر رکھ لیں اور پالک کو اچھی طرح دھوکر ابال لیں اور پھر سل پر باریک پیس لیں۔ مچھلی کو دھوکر لہسن اور نمک سرخ مرچ پیس کر لگادیں اور دو سے چار گھنٹے تک رکھا رہنے دیں۔ پھر گھی میں تل لیں۔ مچھلی نکال لیں۔ گھی مسالے والا علیحدہ رکھ لیں۔ اب پیاز سرخ کریں اور نمک مرچ ڈال کر مسالہ بنائیں۔ اس پر میتھی ڈال دیں اور خوب بھونیں، یہاں تک کہ میتھی کا رنگ بدل جائے۔ اب اس میں مچھلی والا گھی مسالہ پالک سب کچھ ڈال دیں اور تھوڑا سا بھونیں اور پھر ذرا سا پانی ڈال کر دم پر لگادیں۔ جب پالک پک کر تیار ہوجائے تو اس میں مچھلی کے تلے ہوئے ٹکڑے رکھ دیں اور سویا ڈال کر دم پر لگادیں۔ پندرہ بیس منٹ کے بعد اتارلیں۔ بہت مزیدار ڈش تیار ہوگی۔ پلاؤ کے ساتھ یا خشکہ (سادہ چاول) کے ساتھ استعمال ہوسکتی ہے۔
مچھلی اور بند گوبھی
اشیاء: مچھلی سنگھاڑا یا راہو، ایک سیر (درمیان کا حصہ ڈبل روٹی کے سلائس کی طرح کٹوالیں)، بندگوبھی دوسیر، نمک، سرخ مرچ حسبِ پسند، پیاز آدھا پاؤ، لہسن آدھا پاؤ، سفید زیرہ، سوکھا دھنیا، ایک چائے کا چمچہ، سرسوں کا تیل یا گھی، ایک پاؤ یا حسبِ ضرورت۔
ترکیب: بندگوبھی باریک کاٹ لیں اور پانی میں دو ایک ابال دے لیں اور نچوڑ کر رکھ لیں۔ مچھلی کو نمک لگا کر ایک گھنٹے رکھنے کے بعد دھولیں اور لہسن نمک، سرخ مرچ، دھنیا، سفید زیرہ سب کو ملا کر پیس کر لگادیں اور کم از کم دو گھنٹہ پڑا رہنے دیں۔ پھر مچھلی کو نمک تیل یا گھی میں تل لیں اور نکال کر رکھ لیں۔ دوسری دیگچی میں تھوڑا سا گھی یا تیل ڈال کر پیاز بھون کر بادامی کرلیں اور اس پر نمک، سرخ مرچ ڈال کر بھون لیں۔ اب اس میں ابلی ہوئی بند گوبھی ڈال دیں اور دوچار سبز مرچ کاٹ کر ڈال دیں اور بندگوبھی کو بھی اچھی طرح بھون لیں۔ اب اس پر تلی ہوئی مچھلی کے ٹکڑے رکھ کر دم پر لگادیں۔ پندرہ منٹ کے بعد اتارلیں اور استعمال کریں۔ بہت ہی لذیذ ڈش ہے۔ ابلے ہوئے چاولوں کے ساتھ استعمال کی جاتی ہے۔
پیاز کا اچار
ایک کلو پیاز، ایک بوتل سرکہ ، سو گرام لہسن، ۵۰ گرام ادرک، ۱۰۰ گرام کلونجی، ۱۰ عدد لال مرچ، نمک حسبِ ذائقہ۔
ترکیب: پیاز کو چھیل لیں، لہسن کو بھی چھیل لیں ادرک کو چھیل کر لچھے کاٹ لیں۔ لال مرچوں کی ڈنڈیاں توڑ کر لال مرچوں کے دو دو ٹکڑے کرلیں۔ کلونجی کو چن کر صاف کرلیں۔ اب ایک مرتبان میں پیاز، لہسن، ادرک، کلونجی، لال مرچ اور نمک ڈال دیں۔ اس کے بعد سرکہ ڈال دیں اور دھوپ میں رکھ دیں۔ آٹھ دن دھوپ میں رکھنے کے بعد استعمال کریں۔
سندھی چاول
۲۵۰ گرام چاول، ۳ عدد پیاز درمیانہ سائز، آدھا انچ کا ٹکڑا ادرک، ۴ عدد ہری مرچیں، ۲ عدد ٹماٹر، ایک چائے کا چمچہ دھنیا، ۵ عدد کالی مرچیں، آدھا چائے کا چمچہ گرم مسالہ پاؤ چائے کا چمچہ زیرہ۔ پاؤ چائے کا چمچہ ہلدی، پاؤ پیالی گھی، نمک حسبِ ذائقہ۔
ترکیب: چاولوں کو دھوکر دوگھنٹے کے لیے بھگو دیں۔ پیاز کے لچھے کاٹ لیں۔ ادرک کی باریک باریک پھلیاں کاٹ لیں۔ ہری مرچوں کے آٹھ آٹھ ٹکڑے کرلیں۔ ٹماٹروں کے بھی آٹھ آٹھ ٹکڑے کرلیں اب ایک دیگچی میں گھی ڈال کر آنچ پررکھ دیں۔ گھی گرم ہوجائے تو اس میں ہری مرچوں کے ٹکڑے اور ادرک ڈال دیں۔ ایک منٹ کے بعد پیاز کے لچھے بھی اس میں ڈال دیں۔ پیاز بادامی ہوجائے تو اس میں ٹماٹر کے ٹکڑے، کالی مرچیں، دھنیا، گرم مسالہ، زیرہ، ہلدی، نمک اور چاول ڈال دیں۔ دس منٹ تک اس کو بھونیں پھر اس میں گلنے کے انداز کا پانی ڈال کر دیگچی کو ڈھانک دیں۔ جب چاول کا پانی کا خشک ہوجائے اور چاول گل جائیں تو آنچ سے اتارلیں اور بھاجی کے ساتھ کھائیں۔
سندھی دال
۲ گڈی پالک، ایک گڈی میتھی، ایک پیالی چنے کی دال، ۲ عدد گاجریں درمیانے سائز کی، ایک عدد آلو درمیانہ سائز، ایک عدد پیاز بڑی، آدھا انچ کا ٹکڑا ادرک، ۳ ہری مرچیں، آدھا چائے کا چمچہ ہلدی، پاؤ پیالی گھی، نمک حسبِ ذائقہ۔
ترکیب: دال کو صاف کرکے آدھے گھنٹے کے لیے بھگودیں۔ ساگ اور میتھی کو دھوکر کاٹ لیں۔ آلو اور گاجروں کو چھیل کر چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں۔ اب ایک دیگچی میں گھی ڈال کر آنچ پر رکھ دیں۔ اس میں ہری مرچوں کے ٹکڑے اور ادرک کا کچومر ڈال دیں۔ جب مرچیں بادامی ہوجائیں تو اس میں دال، ساگ، آلو اور گاجر کے ٹکڑے پیاز کا کچومر، ہلدی، نمک اور گلنے کے انداز کا پانی ڈال کر دیگچی کو ڈھانپ دیں۔ جب سب چیزیں گل جائیں تو آنچ سے اتار کر دال گھونٹنی سے گھونٹ لیں اور چاولوں پر ڈال کر کھائیں۔
——