حجاب اسلامی کے پانچ سال مکمل

ادارہ

قارئین حجاب اسلامی!
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
نومبر ۲۰۰۳ء میں جب ہم نے حجاب اسلامی کو تیسری مرتبہ دہلی سے جاری کیا تھا اس وقت ہم نے یہ تصور بھی نہیں کیا تھا کہ آپ کا یہ رسالہ اتنی جلد قبول عام حاصل کرلے گا اور خواتین و طالبات اور اہلِ ذوق قارئین کرام سے اس قدر پذیرائی حاصل کرلے گا کہ اس کی اشاعت پانچ اعداد کو چھولے گی۔ مگر اللہ کے فضل سے ایسا ہوا اور اسے بڑے پیمانے پر قبول عام حاصل ہوا۔ اس پر ہم اللہ تعالیٰ کا اور اپنے قارئین کا شکریہ اداکرتے ہیں اور ان معاونین کا بھی جنھوں نے اس کی اشاعت کو اپنا مشن اور اللہ کی خوشنودی کا ذریعے سمجھتے ہوئے اسے لوگوں تک پہنچانے کی جدوجہد کی۔ ہم اللہ تعالیٰ سے ان تمام لوگوں کے لیے اجرِ عظیم کے طلب گار ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی کوششوں کو قبول فرمائے اور حجاب اسلامی کو ترقی کی نئی منزلوں کا سفر نصیب ہو۔ آمین
مگر … قارئین! جیسے جیسے حجاب اسلامی کی اشاعت اور اس کا سرکولیشن بڑھ رہا ہے ویسے ویسے ڈاک کی شکایات میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اس وقت صورتِ حال یہ ہے کہ کئی درجن شمارے اور بہت سے وی پی پیکٹ ہر ماہ واپس آجاتے ہیں۔ اس سے قارئین کو رسالہ سے محرومی ہوتی ہے اور ادارہ کو مالی نقصان۔ وی پی پیکٹ کی واپسی میں جہاں ایجنٹ حضرات کی کوتاہی ہوتی ہے وہیں محکمہ ڈاک کا غیر ذمہ دارانہ رویہ بھی ذمہ دار ہے کہ وہ ایجنٹ کو اطلاع دیے بغیر ہی پیکٹ واپس کردیتا ہے۔ اس کیفیت میں ہم ایجنٹ حضرات سے درخواست کریں گے کہ وہ خود ہی آگاہ رہیں اور ذہن میں رکھیں کہ ہماری پوسٹنگ کی تاریخ ۲۰، ۲۱ ہے۔ رسالہ پابندی کے ساتھ اپنی تاریخ پر پوسٹ کردیا جاتا ہے، اس لیے ہوشیار رہیں کہ وی پی پیکٹ واپس نہ آنے پائے۔
گذشتہ مہینے کے شمارے(اکتوبر) کی شکایات کچھ زیادہ ہی موصول ہوئی ہیں۔ کرناٹک کے کئی اضلاع میں رسالہ ایک ماہ تک نہیں موصول ہوسکا تھا۔ داون گیرے کے ایک ایجنٹ کو رسالہ ٹھیک ایک ماہ بعد ۲۰؍اکتوبر کو موصول ہوا۔ یہ افسوسناک حالت ہے۔
انفرادی خریداروں کو رسالہ نہ ملنے کی شکایت عام ہے۔ بہت سے خریداروں کو رسالہ کئی کئی ماہ تک نہیں مل پاتا وہ ہم سے شکایت کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ شاید رسالہ بھیجا ہی نہیں گیا۔ حالانکہ یہ ناممکن ہے۔ ہر پتہ پر مدت خریداری لکھی ہوتی ہے اور ہم بارہ مہینے کے بجائے تیرہ مہینوں کا رسالہ اپنے خریدار کو بھیجتے ہیں اس دوران مدتِ خریداری ختم ہونے سے ایک ماہ قبل اور مدت خریداری ختم ہونے کے بعد کل دو ریمائنڈر بھیجے جاتے ہیں اور اس کے بعد بھی اگر تجدید نہ ہوپائے تو رسالہ بند کردیا جاتا ہے۔ جن علاقوں میں ہمارے افراد جاکر خریدار سازی کرتے ہیں، وہاں کے رسالے بند نہیں کیے جاتے جب تک خریدار ہمارے مارکٹنگ ایکزیکٹیو سے خود منع نہ کردے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ ایسے خریدار ہمارے ایکزیکٹیو سے خریداری کی تجدید کرالیں گے خواہ وہ خریداری ختم ہونے کے کئی ماہ بعد ہی کیوں نہ آئے۔ اس پوری مدت رسالہ جاری رہتا ہے۔
ہمارے لیے تشویش کی اور پریشانی کی بات یہ ہے کہ ہمارے قارئین ہمیں فون کرتے ہیں کہ کئی مہینوں سے ’حجاب نہیں مل رہا ہے‘ حالانکہ حجاب بھیجا جارہا ہوتا ہے۔ ایسے میں ہمارے سامنے اس کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں رہتا کہ ہم رسالہ دو بارہ ارسال کریں اور ادارہ ۷۵ پیسے کے بجائے پانچ روپئے کا ٹکٹ لگا کر رسالہ دوبارہ آپ کو ارسال کرتا ہے مگر اس بات کی اب بھی کوئی ضمانت نہیں ہوتی کہ رسالہ آپ کو مل ہی جائے گا۔
ایسے میں ہم اپنے آپ کو مجبور محسوس کرتے ہیں۔ بعض قارئین غصہ میں اور ناراضگی کے ساتھ کہتے ہیں کہ آپ نے پیسے لیے ہیں تو رسالہ پہنچانا آپ کی ذمہ داری ہے۔ اب ہم اپنے قارئین سے کہتے ہیں کہ بے شک یہ ہماری ذمہ داری ہے اور ہم تو عزم ہی یہ لے کر اٹھے ہیں کہ حجاب اسلامی لوگوں تک پہنچائیں لیکن محکمہ ڈاک کی غفلت اور ناکارہ پن کے سامنے ہم کتنے مجبور ہیں آپ خود تصور کرسکتے ہیں۔
ایسے حالات میں اگر آپ کو رسالہ سے محبت ہے اور آپ ہم پر اعتماد کرتے ہیں تو ہمارے ساتھ تعاون فرمائیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ معاملہ محض پیسے کا نہیں ہے بلکہ اعتماد اور اس پورے نظام کا ہے جس کی ہم قیمت ادا کرتے ہیں اور جو ہمارا حق ہے اور جسے حکومت نے ہماری خدمت کے لیے لگایا ہے۔
اس کا علاج یہ ہے کہ اگر آپ کا رسالہ نہیں ملتا ہے یا تاخیر سے اور مسلسل تاخیر سے ملتا ہے تو آپ اپنے ڈاک خانے میں تحریری شکایت درج کریں۔ اس کی ایک کاپی جس پر ڈاک خانہ کی مہر لگی ہو ہمیں ارسال کریں اس کی بنیاد پر ہم چیف پوسٹ ماسٹر جنرل کے یہاں شکایت درج کرائیں گے اور امید کریں گے کہ آپ کی شکایت کا ازالہ ہوجائے گا۔
قارئین حجاب اسلامی سے ہم دست بستہ درخواست کرتے ہیں کہ وہ ادارے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اپنی شکایات متعلقہ پوسٹ آفس میں لازماً تحریری شکل میں درج کروائیں اور اگرمقامی ڈاک خانہ کے لوگ شکایت قبول نہ کریں تو ضلع پوسٹ آفس کو لکھ کر بھیجیں اور وہاں شکایت درج کروائیں۔
انفرادی خریداروں کو ایک تجویز یہ بھی دی جاسکتی ہے کہ وہ اپنا پرچہ بنڈل کی شکل میں منگوائیں اور اس کی صورت یہ ہے کہ آپ مزید چار قارئین تلاش کرلیں۔ اور پانچ پرچے بنڈل کی شکل میں آپ کو ملتے رہیں۔ ایسا اس وجہ سے ہے کہ انفرادی شمارہ کے مقابلہ میں پانچ یا اس سے زیادہ رسالوں کا بنڈل گم ہونے یا غائب کردینے کے امکانات کم ہوتے ہیں۔ یہ ایک دشوار کام ہے مگر کیا جاسکتا ہے۔ یہ باتیں اس لیے عرض کی گئی ہیں کہ حجاب کی اشاعت جیسے جیسے اور بڑھے گی ان شکایات کے بھی بڑھنے کا پورا امکان ہے۔ لہٰذا آپ قارئین حجاب بہ حیثیت قاری حجاب (کنزیومر) آگاہ رہیں اور اس بات پر نظر رکھیں کہ رسالہ پابندی کے ساتھ آپ کو ملتا رہے یہ آپ کا حق بھی ہے اور ہماری ذمہ داری کی ادائیگی میں مطلوب اور ضروری تعاون بھی۔
——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146