چانپ روسٹ
ضروری اشیاء: بکرے کی چانپ کا گوشت ایک کلو، دہی ایک کلو، پودینہ (پسا ہوا ) دو گٹھیاں، خشک دھنیا (پسا ہوا) ۲ چائے کے چمچے، نمک حسبِ ذائقہ، سبز مرچ (پسی ہوئی) ایک چائے کا چمچہ، لال مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ، ٹماٹر (باریک کٹا ہوا) ۳ عدد، ادرک پیسٹ آدھا چائے کا چمچہ، سرکہ ۲ چائے کے چمچے، زیرہ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ، انار دانہ ۳ چائے کے چمچے (سل پر پیس لیں)، انڈے ۴ عدد، تیل تلنے کے لیے۔
ترکیب: دہی میں پودینہ، خشک دھنیا، نمک، سبز مرچ، لال مرچ پاؤڈر، ٹماٹر، ادرک پیسٹ، سرکہ، زیرہ اور انار دانہ شامل کردیں۔ اس میں چانپ ڈال کر اچھی طرح تمام مصالحہ چانپوں پر لگادیں اور آدھے گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ فریج سے نکالنے کے بعد ایک دیگچی میں ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں، یہاں تک کہ گوشت گل جائے اور پانی بالکل خشک ہوجائے، انڈوں کو پھینٹ کر چٹکی بھر نمک شامل کرلیں۔ تیل گرم کریں اور چانپوں کے ٹھنڈا ہونے کے بعد ایک ایک چانپ کو انڈا لگا کر تل لیں۔ براؤن ہونے پر ایک ڈش میں نکال لیں۔ سلاد اور پودینے کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔
ایرانی روغنِ جوش
ضروری اشیاء: گوشت مع چربی ڈیڑھ کلو، ہڈیاں چھوٹی، ٹکڑوں میں آدھا کلو، پیاز (درمیانی باریک کٹی ہوئی) آدھا کلو، دہی آدھا کلو، نمک حسبِ ذائقہ، لہسن کے جوئے ۱۰ عدد، سرخ مرچ ۳ چائے کے چمچے، گھی/تیل ایک کپ، لونگ ۸ عدد، کالی بڑی الائچی ۴ عدد، چھوٹی الائچی ۶ عدد، تیزپات ۳ عدد، جاوتری آدھا چائے کا چمچہ، دھنیا پاؤڈر ۲ چائے کے چمچے، سونف (پسی ہوئی) دوچائے کے چمچے، ادرک (باریک پسی ہوئی) ۲ چائے کے چمچے، ہلدی پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ۔
ترکیب: ایک برتن میں ۱۰ کپ پانی لے کر گوشت، ہڈیاں، لہسن کے جوے اور نمک ڈال کر ابالیں۔ جب گوشت قدرے گل جائے تو چولہے سے اتارلیں۔ اب برتن سے گوشت اور ہڈیاں نکال لیں اور یخنی چھان کر رکھ لیں۔ مرچ پاؤڈر میں تھوڑا پانی ڈال کر پیسٹ بنالیں، دہی کو بھی اچھی طرح پھینٹ کر رکھ لیں۔ ایک برتن میں گھی/ تیل ڈال کر پیاز کو ہلکا براؤن ہونے تک تلیں، اس میں لونگ، بڑی الائچی، چھوٹی الائچی، تیزپات اور جاوتری ڈال کر مزید فرائی کریں۔ اب اس میں دھنیا پاؤڈر، پسی ہوئی سونف، ادرک اور ہلدی پاؤڈر ڈال کر سرخ مرچوں کا پیسٹ اور ذرا سا پانی ڈال کر تیز تیز چمچہ ہلائیں۔ دومنٹ بعد بھی گوشت اور یخنی ڈال کر مزید اچھی طرح بھونیں۔ اب آنچ ہلکی کرکے دہی شامل کریں۔ مزید نمک کی ضرورت ہو تو ڈالیں اور ۴ کپ پانی مزید ڈال کر دھیمی آنچ میں پکنے دیں۔ جب تیل اوپر آجائے تو چولہے سے اتارلیں۔ یہ ڈش ایران میں سادہ چاولوں کے ہمراہ کھائی جاتی ہے۔ تاہم آپ حسبِ پسند اسے پلاؤ کے ہمراہ یا روٹی سے بھی کھا سکتے ہیں۔
اسٹفڈ پسندے رول
ضروری اشیاء: پسندے آدھا کلو، کالی مرچ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ، لال مرچ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، سرکہ ایک کھانے کا چمچہ، پانی ایک کپ۔
برائے فلنگ: پیاز (چوپ کی ہوئی) ایک عدد، ہرا دھنیا ۲ کھانے کے چمچے، ہری مرچ (باریک کاٹ لیں) ۲ عدد، چاٹ مصالحہ ایک کھانے کا چمچہ، بند گوبھی (باریک کٹی ہوئی) چار کھانے کے چمچے، شملہ مرچ (بڑی کاٹ لیں): ایک عدد، تیل (فرائی کے لیے) ایک کپ، انڈا ایک عدد۔
ترکیب: پسندوں کو سل پر چپٹا کرلیں۔ کالی مرچ، لال مرچ، نمک، سرکہ اور پانی ڈال کر پکالیں۔ پانی خشک ہونے پر ٹھنڈا کرلیں۔ پیاز، ہرا دھنیا، ہری مرچ، چاٹ مصالحہ، بند گوبھی اور شملہ مرچ مکس کرکے پسندوں میں بھرکر رول کرلیں، چاہیں تو دھاگہ لپیٹ دیں ورنہ ایسے ہی رہنے دیں۔ تیل گرم کریں، پسندوں کو انڈے میں ڈپ کرکے فرائی کرلیں اور گولڈن ہونے پر نکال لیں۔ کچپ /چٹنی کے ساتھ گرم گرم سرو کریں۔
سرسوں کا ساگ
سامان: آدھا کلو سرسوں کے پتے، ۲۰۰ گرام پالک، ۲۰۰ گرام بتھوا، تین لہسن کی کلی، ایک انچ ادرک، دو ہری مرچ، نمک حسبِ ذائقہ، ایک ٹیبل اسپون مکئی کا آٹا، دس گرام شکر، دو ٹیبل اسپون گھی، چٹکی بھر ہینگ، ایک پیاز باریک کٹی ہوئی، ایک ٹی اسپون کٹی ہوئی لال مرچ، چٹکی بھر پسی ہلدی۔
ترکیب: سرسوں، پالک اور بتھوے کو دھوکر صاف کرکے باریک کاٹ لیں۔ ادرک، لہسن اور ہری مرچ کو باریک کاٹ لیں۔ ان سب کو ملا کر پریشر کو کر میں پکالیں اور ٹھنڈا ہونے پر پیس لیں۔ ایک کڑھائی میں گھی گرم کریں،ہینگ اور پیازڈال کر سنہرا بھورا ہونے تک بھونیں۔ نمک اور ہلدی ڈالیں۔ ساگ کا پیسٹ ڈال کر درمیانی آنچ پرکچھ منٹ تک پکائیں۔ مکئی کا آٹا پسی لال مرچ و شکر ملائیں، مکئی کی روٹی کے ساتھ گرما گرم کھائیں۔
پیشاوری چنا
سامان: ایک کپ کابلی چنا، ایک ٹی اسپون پسا ہوا گرم مسالہ، آدھا کپ کٹی ہوئی پیا,ز، ایک تیز پات، تین چوتھائی کپ باریک کٹے ہوئے ٹماٹر، نمک حسبِ ذائقہ، ایک ٹی اسپون پسی لال مرچ، دو ٹیبل اسپون پسا دھنیہ، ایک ٹی اسپون پسی ہلدی، ایک ٹیبل اسپون چنا مسالہ ، دو ٹی اسپون چائے کی پتی، دو ہری مرچ بیچ میں سے چری ہوئی۔ ایک ٹیبل اسپون ادرک کاپیسٹ، ایک ٹیبل اسپون لہسن پیسٹ، دو ٹیبل اسپون تیل، ایک ٹی اسپون پسا ہوا زیرا۔
بنانے کاطریقہ: کابلی چنا رات بھر پانی میںڈال کر رکھیں۔ ایک چھوٹے سے کپڑے میں چائے کی پتی باندھ کر کابلی چنے میں ڈالیں۔ اب چنے کو گلنے تک ابالیں۔ ٹھنڈا ہونے پر پانی نچوڑ لیں۔ ایک کڑھائی میں تیل گرم کریں، تیز پات اور کٹی ہوئی پیاز ڈال کر بھونیں۔ ادرک، لہسن کا پیسٹ اور ہری مرچ ڈال کر بھون لیں۔ کٹے ہوئے ٹماٹر، پسی لال مرچ، پسا دھنیہ، پسی ہلدی، نمک، چنا مسالہ اور پسا زیرا ڈال کر بھونیں۔ ایک کپ پانی ڈال کر پکائیں۔ نان یا کلچے کے ساتھ گرم گرم کھائیں۔
پالک سوپ
سامان: ایک ٹی اسپون ادرک، آدھا ٹی اسپون لہسن، ۲، ۳ ہری مرچ، ایک گڈّی پالک، نمک اور سیاہ مرچ ذائقے کے مطابق۔
بنانے کاطریقہ: ادرک، ہری مرچ اور لہسن کو باریک باریک کاٹ لیں، پالک کو اچھی طرح دھوکر تھوڑے سے پانی میں ابال کر پیس لیں۔ ایک فرائی پان میں تھوڑا سا مکھن یا گھی ڈالیں اور کٹے ہوئے ادرک، بڑی مرچ اور لہسن کو فرائی کریں۔ اس میں پسا ہوا پالک ڈالیں، پھر تھوڑا سا پانی ڈال کر نمک اور سیاہ مرچ ڈالیں۔ ۲،۳ منٹ پکائیں اور پھر مکھن ڈال کر اتارلیں۔
مٹر مسالہ
سامان: دو کپ ہری مٹر، ۲-۲ متوسط شکل کی پیاز، باریک کٹی ہوئی ہری مرچ اور ٹماٹر ، آدھا ٹی اسپون زیرا۔ آدھا انچ کدوکش کیا ہوا ادرک، ایک چوتھائی ٹی اسپون پسی ہلدی، آدھا ٹی اسپون پسی لال مرچ، آدھا ٹی اسپون پسا گرم مسالہ، نمک حسبِ ذائقہ، ایک ایک ٹی اسپون تیل اور گھی۔
بنانے کا طریقہ: فرائنگ کڑھائی میں تیل اور گھی ملاکر گرم کریں، زیرا ڈال کر تڑکنے دیں پھر پیاز ڈال کر سنہرا بھورا ہونے تک بھونیں۔ ادرک اور ہری مرچ ڈال کر بھونیں۔ ٹماٹر ڈال کر اس وقت تک پکائیں جب تک کہ کڑھائی گھی نہ چھوڑ نے لگے۔ ایک کپ پانی ڈال کر ابالیں۔ مٹر ،نمک، ہلدی، لال مرچ اور گرم مسالہ ڈال کر چلائیں۔ ہلکی آنچ پر ڈھک کر مٹر گلنے تک پکائیں۔
ہریالی ٹکی
سامان، ۳، ۴ متوسط شکل کے آلو، ایک ٹیبل اسپون ہری مرچ باریک کٹی ہوئی، ۱۰۰ گرام پالک، ایک ٹی اسپون چاٹ مسالہ، ایک ٹیبل اسپون باریک کٹی ہوئی ادرک، تلنے کے لیے تیل، ۲ ٹیبل اسپون باریک کٹا ہوا ہرا دھنیا، دوٹیبل اسپون کارن فلور، نمک حسبِ ذائقہ، تین چوتھائی کپ ہری مٹر۔
ترکیب: آلو کو ہلکا ابال کر چھیل کر کدوکش کرلیں۔ مٹر کو ابال کر گودے دار بنالیں، پالک کو ابال کر پانی نچوڑ لیں اور باریک کاٹ لیں۔ آلو ، مٹر اور پالک کو ملا لیں۔ اس میں کٹی ہوئی ہری مرچ، ہرا دھنیا، ادرک، نمک، چاٹ مسالہ اور کارن فلور ڈال کر ملالیں۔ ٹکی بنالیں۔ کڑھائی میں تیل گرم کرکے ٹکی کو تلیں۔
——