کوئی ثانی نہیں مصطفیٰ آپ کا
رب نے اونچا کیا مرتبہ آپ کا
ہم زمانے میں رسوا و برباد ہیں
اے نبی! چھوڑ کر نقشِ پا آپ کا
جس کے نغمے ملائک پڑھیں رات دن
نامِ نامی ہے وہ مصطفیٰ آپ کا
ہوش مندوں میں آقا وہ شامل ہوا
چن لیا جس نے بھی راستہ آپ کا
رحمتِ رب برستی ہے پیہم وہاں
ہو جہاں ذکر، خیر الوریٰ آپ کا
آپ کا قول، قولِ خدا ہی تو ہے
کہہ رہا ہے چراغِ حرا آپ کا
کیوں نہ فرقانؔ مدحت کرے آپ کی
جب خدا خود ہے مدحت سرا آپ کا