پیاری بہنو!
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
یہ لیجیے اب سالانہ امتحان بھی دیکھتے ہی دیکھتے ختم ہوگئے اور زندگی کا ایک اور سال کم ہوگیا۔ یہ رسالہ آپ کے ہاتھوں میں پہنچنے تک آپ کی چھٹیاں شروع ہوچکی ہوں گی۔ اس امتحان میں جن بھائی بہنوں نے محنت کی ہوگی وہ یقینا اپنا امتحان کا نتیجہ دیکھ کر خوش ہوں گے۔ ہم اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ آپ کو آپ کی محنت اور امید کے مطابق کامیابی دے۔
گرمیوں کی ان چھٹیوں میں آپ کا کیا پروگرام ہے۔ آپ انہیں کیسے گزاریں اس پر آپ کو ضرور سو چنا چاہیے۔ کیونکہ ’’وقت ایک تیز دھاردار تلوارکی طرح ہے جو اسے نہیں کاٹے گا یہ دھار اسی کو کاٹ ڈالے گی۔‘‘ بہت مشہور قول ہے۔ بزرگوں اور تجربہ کار لوگوں کا کہنا ہے جو لوگ وقت کو بے کاری میں گزارتے ہیں وہ زندگی میں بڑے بڑے کام انجام دینے کی صلاحیت کھودیتے ہیں۔ یہ بات آپ نے بار بار سنی ہوگی کہ وقت بہت قیمتی ہے اتنا قیمتی ہے کہ اسے سونے یا چاندی اور ہیرے جواہرات سے بھی نہیںخریدا جاسکتا۔ زندگی کا جو بھی لمحہ آپ کو ملا ہے اسے دوبارہ آپ یا کوئی انسان کسی بھی قیمت پر واپس نہیں لاسکتا۔ اگر وقت واقعی اتنا ہی قیمتی ہے تو پھر اس کے سلسلے میں لاپرواہی اورغفلت جائز نہیں۔ اس کا بہتر سے بہتر استعمال ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔ آپ دنیا میں بڑے بڑے لوگوں کے بارے میں پڑھیں گے تو سب سے ہم بات یہی سامنے آئے گی کہ وہ اسے برباد نہیں کرتے تھے۔ نیوٹن جو ایک بڑا سائنس داں تھا، کئی کئی دن تک اپنے لیب میں گھسا رہتا۔ تجربے کے دوران کئی بار وہ کھانا پینا بھی بھول جاتا اور اب آپ جانتے ہیں کہ پوری دنیا اس کا نام عزت سے لیتی ہے۔
آپ بازار سے ایک لیموں خرید کر لاتے ہیں ایک روپے کا لیموں۔ پھر اس کے دو ٹکڑے کرتے ہیں اور ایک ٹکڑا اپنے گلاس میں نچوڑتے ہیں۔ لیموں کے اس ٹکڑے کا پورا رس نچوڑ نے کے لیے آپ اپنے ہاتھ کی انگلیوں کی پوری قوت لگادیتے ہیںاور چاہتے ہیں کہ رس کا ایک بھی قطرہ لیموں کے چھلکے میں باقی نہ رہے۔ ایک روپے میں خریدے ہوئے اس لیموں سے رس نچوڑنے کے سلسلے میں ہر آدمی کی یہی خواہش اور کوشش ہوتی ہے کہ وہ زیادہ سے رس نچوڑلے۔ آپ نے کبھی سنا ہے کہ جس طرح فٹ بال، کرکٹ، لمبی دوڑ اور دیگر کھیلوں کے مقابلے ہوتے ہیں۔ اسی طرح ’لیموں نچوڑ‘ مقابلہ بھی ہوتا ہے۔ اس میں وہی آدمی کامیاب ہوتا ہے جو لیموں سے مکمل رس نچوڑلے۔
جی ہاں! لیموں کے بارے میں لوگ کتنے حساس ہوتے ہیں جو صرف ایک روپے کا ملتا ہے۔ اور ایک نہیں بازار سے ہر وقت ہزاروں لیموں خریدے جاسکتے ہیں، لیکن وقت جو کبھی لوٹ کر نہیں آتا اس کے سلسلے میں لوگ اتنے غافل کیوں ہوتے ہیں سمجھ میں نہیں آتا۔
آپ بھی کوشش کیجیے کہ اپنے وقت کو اسی طرح نچوڑ یں جس طرح لیموں نچوڑتے ہیں، اور اس کی شکل یہی ہے کہ ایک بھی لمحہ بے کار نہ گزاریں۔